لاہور: سی ٹی ڈی نے پنجاب بھر میں کارروائیاں کرتےہوئے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس آپریشنز کیے گئے، اس دوران 18 آپریشنز میں متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ انٹیلی جنس آپریشنز میں 4 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے دھماکاخیز مواد، آئی ای ڈی، فیوز اور ڈیٹونیٹر برآمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 7 روز میں سرچ آپریشن کےدوران 59 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر 48 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ملک میں الیکشن کا فیصلہ نواز شریف کریں گے، مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں ڈرتی، عمران خان اپنی ویڈیو دکھائیں، انہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دیں گے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا رونا پیٹنا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کا نمبر بلاک کردیا ہے، نمبر بدل گیا ہے، اس نمبر پر فون کرتے ہیں تو آواز آتی ہے کہ مطلوبہ سہولت میسر نہیں۔
گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان تمہارا گیم ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کشمیر فروشی پر صرف 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور اپنی حکومت جانے پر دن رات کا ماتم جاری ہے، میں اس گھٹیا شخص کا نام اپنی زبان سے نہیں لینا چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جیسے جھوٹے، داغاباز، نوسر باز، بہتان باز، ڈرامے باز شخص کا نام اپنی زبان سے لیتے ہوئے مجھے تکلیف ہوتی ہے، مگر میرا فرض ہے کہ میں اپنی قوم کو اس فتنے سے بچاؤں،اس لیے مجھے اس جھوٹے اور مکار شخص کا نام لینا پڑھتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی چیخ و پکار اور رونا دھونا سن کر بچپن کے وہ دن یاد آجاتے ہیں کہ جس بچے نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہوتی، امتحان کے وقت اس کے پیٹ میں تکلیف ہوجاتی تھی، بخار ہوجاتا ہے، اسی طرح عمران خان بھی بہانے کر رہا ہے۔
اللہ کرے عمران خان زندہ رہ کر نواز شریف کی کامیابیاں دیکھیں، مریم نواز
ان کا کہنا تھا کہ قوم کے 4 سال ضائع کرنے کے بعد جعلی خط کا ڈرامہ کیا، اس کے بعد بیرونی سازش کا بیانیہ لے آیا اور اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کےلیے کہتا ہے کہ میری جان کوخطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب تک حکومت میں رہے اس وقت نہ کوئی خط تھا، نہ بیرونی سازش تھی اور نہ ان کی جان کو خطرہ تھا، آج جب عوام سے تمہاری کارکردگی پوچھ رہی ہے تو تمہارا دامن خالی ہے، کتنے جلسے کیے، اتنی تقریریں کیں کہ قوم کے سر میں درد ہوگیا مگر کسی جلسے میں اپنی کارکردگی نہیں بتائی کیونکہ کارکردگی زیرو ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں انہوں نے وڈیو ریکارڈ کرا کر رکھ دی ہے جس میں ان کے خلاف قتل کی سازش کرنے والوں کے نام ہیں، میں رانا ثنااللہ سے کہتی ہوں کہ وہ عمران خان نے کہیں کہ وڈیو ہے تو سامنے لائیں، کسی حادثے کا انتظار نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کے دیگر جھوٹوں کی طرح ایک جھوٹ ہے لیکن اگر واقعی میں کوئی وڈیو ہے تو اس کو سامنے لاؤ، حادثے سے پہلے وڈیو سامنے لائی جاتی ہے حادثے کے بعد نہیں، وڈیو سامنے لاؤ، پھر تم نواز شریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی فراہم کرے گا، وہ نواز شریف جس کا تم جیل سے اے سی نکلواتے تھے وہ تمہیں تحفظ فراہم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے مخالفین کے خلاف بھی موت کی بد دعا نہیں کرتے، اللہ کرے کہ عمران خان زندہ رہیں اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھیں اور لوٹ پوٹ ہوتے رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ابھی وہ حساب لینا باقی ہے جس کے باعث ایک روز کے اندر ہی نواز شریف کے پلیٹ لیٹس اتنے زیادہ گرگئے تھے کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا، نواز شریف کا کھانا گھر سے نہیں، عمران خان کی حکومت کی طرف سے آتا تھا۔
کراچی میں ہیٹ ویو کے باعث دوسرے روز بھی ایک کھلاڑی جان کی بازی ہار گیا، ناظم آباد میں واقع انو بھائی پارک گراؤنڈ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران بولر عمر خان میچ کے دوران انتقال کرگیا۔
اس حوالے سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق انو بھائی پارک گراؤنڈ میں گزشتہ شب ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل جاری تھا، مقامی بولر عمر خان نے میچ میں اوور کی آخری گیند پھینکی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوائی تاہم وہ اچانک پچ پر گر گئے۔
عمر خان کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے، ملیر کے رہائشی عمر کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ نجی بنک میں ملازم 38 سالہ عمر خان کے سوگواران میں بیوہ اور دو بچے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں لیاری کے علاقہ میں مقامی فٹبالر ہیٹ ویو کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید جھوٹ بول کر ملک اور قوم کو پھر ماموں بنانا چاہتے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید جھوٹ بول کر ملک اور قوم کو پھر ماموں بنانا چاہتے ہیں، بنی گالہ اور پنڈی کے شیطان شیطانی سے باز آجائیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سیاست کا ڈبل شاہ ہے جس نے لوٹ مار سے اپنی دولت ڈبل کی، چپڑاسی نے باس کو مال ڈبل کرتے دیکھا ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادھر کے رہے نہ اُدھر کے، بلائیں اب نواز شریف کو، 11 پارٹیوں کی سیاست دم توڑ گئی، سیاسی جنازے آئیں گے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 25 کروڑ کا ووٹ ملا ہے، فیصل آباد کے لوٹے سب سے مہنگے فروخت ہوئے ہیں،سیالکوٹ میں جو کچھ ہوا بہت برا ہوا، یہ منصوبہ کے تحت کیا گیا تھا، اپنے حلقوں میں جانے سے ڈرتے تھے، شہباز شریف اب قوم سے خطاب کریں، گھر جائیں، رانا ثنا اللہ عمران خان کی خدمت کرے گا، یہ سیاسی چمگادڑ ہے، جس کے پاس عمران کی سکیورٹی ہے اس پر قتل کی ایف آئی آر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دو ووٹوں کی حکومت ہے، جب بھی آنکھ کا اشارہ ہوا وہ ووٹ بھی ختم ہو جائیں گے، عمران خان گرفتار ہوا تو متبادل قیادت تیار ہے، عمران خان کو گرفتار کیا تو یہ ملک سری لنکا بن جائے گا، رانا ثنا اللہ کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ اس کو میٹنگ میں بلاؤں، حالات ابتر، خراب ہوتے جا رہے ہیں، 31 مئی سے پہلے نگران سیٹ اپ قائم کیا جائے، آپ ٹھس ہو گئے ہیں، چھ بلین ڈالر اپ کے ریزرو میں کمی ہوگئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پلاننگ کر کے گھنٹہ گھر میں ان کو مارا ہے، نواز شریف کو پاسپورٹ مل گیا ہے، بلائیں اس کو، یہاں پر ایک ایک وزارت کے دو دو وزیر ہیں، شیر علی نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے 20 لوگوں کو قتل کیا، رانا ثنا اللہ کے خلاف ثبوت آرمی چیف کو بھیج دیے، جس نے بھی یہ پلان کیا اس نے بلنڈر کیا، ان کے سیاسی جنازے نکلیں گے، انہوں نے یہ پلان بنا کر عمران خان کی خدمت کی، کل ہی فیصلہ کرنا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا یا نہیں، 31 مئی تک ڈالر 200 تک چلا جائے گا۔، ہمارا ملبہ بھی ان پر پڑ گیا ہے، تمام ادارے ہمارے ہیں، اداروں پر فخر ہے، ملک کو تباہ ہوتے ہوئے نہیں دیکھ سکتے، یہ فیل ہو چکے ہیں۔
دو ارب سے زائد افراد کے زیرِ استعمال دنیا کی مشہور ترین رابطے کی ایپ، ’واٹس ایپ‘ نے چیٹ فلٹرز روشناس کراتے ہوئے اس کی آزمائش شروع کردی ہے۔ تاہم صرف بزنس اکاؤنٹس کے افراد ہی یہ فلٹر ٹٰیسٹ کررہے ہیں۔
واٹس ایپ کی خبر دینے والی ویب سائٹ، ڈبلیو اے بی ٹا انفو کے مطابق یہ فیچر مستقبل کے آئی او ایس، اینڈروئڈ اور ڈیسک ٹاپ کے تمام صارفین کو عام دستیاب ہوگی۔ لیکن اس کی آزمائش اس وقت امریکا اور کینیڈا کے بعض بزنس اکاؤنٹس پر جاری ہے۔
اس سہولت سے مختلف چیٹ اور ان کے سلسلے کی تلاش آسانی ہوسکتی کیونکہ اس کا الگورتھم بہت طاقتور بنایا گیا ہے۔ اگرچہ واٹس ایپ میں سرچ کی سہولت موجود ہے لیکن فلٹر سے اس عمل کو مزید آسان بنایا جاسکے گا۔
ڈبلیو اے بی ٹا انفو کے مطابق کچھ بزنس اکاؤنٹس میں سرچ بار کے ساتھ ہی فلٹر دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے آپ روابط، غیرروابط، چیٹ، تھرید اور گروپ میں فلٹراستعمال کرکے سرچ کو تیز اور آسان بناسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب گھبرا کیوں رہے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کو جس سے خطرہ ہے اس کا نام لیں، وصیت بھی پبلک کر دیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں میں اگر عمران خان کو خطرہ ہے تو وزیر اعظم شہباز شریف کارروائی کریں گے، اگر خطرہ غلط نکلا تو عمران خان کے خلاف غلط بیانی پر کارروائی ہوگی، ہم قانون کی پاسداری کریں گے، ملک اس وقت شدید معاشی بحران میں ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے ہر سپورٹ کو قبول کریں گے، ہم ساتھ بیٹھ کر مشورے سے کریں گے جو کریں گے، ایم کیو ایم کے ساتھ ہم نے معاہدہ کیا تھا، معاہدے میں تفصیلات موجود ہیں، بطور جمہوری جماعت ہر سیاسی جماعت کی قدر کرتے ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ مل بیٹھ کر بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا ہے، بلدیاتی حکومت سے متعلق کل اجلاس ہے، ایم کیو ایم پاکستان 6 ماہ پہلے تک پی ٹی آئی کی اتحادی تھی اور عمران خان نے گزشتہ دنوں ان کے خلاف بیان دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ساڑھے تین سالوں میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان کوئی رابطہ نہیں تھا، گزشتہ تین سال میں کامرس منسٹر مجھ سے ایک بار ملے، پھر انہوں نے ملنا چھوڑ دیا، چاہے رابطہ نہ ہونے کی میری ہی غلطی سمجھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی پاسداری کریں گے، حلیم عادل شیخ جب بیمار تھے تب ہم نے ہسپتال کی سہولت دی، وہ جب جیل میں تھے تب انہیں شدید پیٹ میں درد کی شکایت تھی تب میں نے بغیر منظوری کے انہیں ہسپتال شفٹ کرنے کا حکم دیا، ہسپتال شفٹ ہوتے ہی حلیم عادل شیخ نے سالگرہ منائی، پتہ نہیں کونسا پیٹ میں درد تھا انہیں، آصف علی زرداری نے ساڑھے تین سال پہلے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ ہمیں میثاقِ معیشت کرنا چاہیے، ہمیں الزام تراشیوں سے آگے نکلنا ہوگا۔
پنجاب پولیس نے ٹریفک قوانین کی پاسداری نہ کرنے پر قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز آصف علی کا چالان کردیا۔
جارحانہ بلے بازی کرنے والے پاکستان کے مشہور بلے باز آصف علی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مشکل میں پھنس گئے۔
آصف علی کی گاڑی کے شیشے کالے ہونے پر لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کیا گیا اور گاڑی کے شیشوں سے کالے پیپر بھی اتارے گئے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں کالے شیشوں کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔
سخت گرم موسم میں کرکٹرز کے پسینے چھڑانے کا پلان بن گیا، کنڈیشننگ کیمپ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہورمیں لگے گا۔
لاہور کی سخت گرمی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کیلیے 60 کرکٹرز کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر طلب کرلیا، پہلے مرحلہ اتوار سے 25 مئی تک جاری رہے گا جس میں 27 کھلاڑی شرکت کریں گے، اسی طرح 26 مئی سے 10 جون تک دوسرے مرحلے میں 33 پلیئرز کو طلب کیا گیا ہے۔
اسٹار کرکٹرز بابر اعظم ،شاداب خان ، فخر زمان ،امام الحق، آصف علی، خوشدل شاہ، فواد عالم اور عماد وسیم بھی ایکشن میں ہوں گے، حیدر علی، محمد وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی سمیت نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتیں نکھارنے کا موقع دیا جائے گا،دل کی سرجری کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے خواہاں عابد علی کو ٹریننگ کے لیے بلایا گیا ہے۔
بولنگ ایکشن کی اصلاح کے لیے کوشاں محمد حسنین بھی شامل ہوں گے،یاسر شاہ صلاحیتوں پر لگی گرد جھاڑنے کی کوشش کریں گے،سرفراز احمد کو بھی طلب کر لیا گیا، انگلش کاؤنٹی کرکٹ چیمپئن شپ میں مصروف کھلاڑیوں کو کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت سے استثنیٰ دیا گیا ہے،اس حوالے سے پالیسی کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا کہ صرف ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز کیلیے منتخب پلیئرز کو ہی پاکستان واپس بلایا جائے گا۔
3ایک روزہ میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان 23 مئی کوہو گا، دونوں ٹیموں کے مابین یہ مقابل8،10اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے ، تربیتی کیمپ یکم جون سے راولپنڈی میں لگے گا، اگر سیاسی حالات خراب ہونے پر وینیو کی تبدیلی کا فیصلہ ہوا تو آئی سی سی ورلڈلیگ میں شامل یہ میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پہلے روز اتوار کو کھلاڑی رپورٹ کریں گے، پیر کو فٹنس ٹیسٹ ہوں گے، منگل سے پریکٹس سیشنز شروع کیے جائیں گے، کنڈیشننگ کیمپ میں کرکٹرز کی فارم اور فٹنس بہتر بنانے کی کوشش ہو گی،وہ جم اور پول ٹریننگ کرتے ہوئے جسمانی استعداد بہتر بنائیں گے،نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کوچز بیٹرز اور بولرز کی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بہتری لانے کیلیے کام کریں گے، اس دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا ڈیٹا بھی تیار کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے کیلیے طلب شدہ کرکٹرز میں بابر اعظم (سینٹرل پنجاب)،شاداب خان (ناردرن)، فخر زمان (خیبرپختونخوا)،امام الحق (بلوچستان)، آصف علی (ناردرن)،عبداللہ شفیق (سینٹرل پنجاب)،افتخار احمد (خیبر پختونخوا)، خوشدل شاہ (سدرن پنجاب) ، محمد حسنین (سندھ)، محمد نواز (ناردرن)، حیدر علی (ناردرن)، محمد وسیم جونیئر (خیبر پختونخوا)، شاہنواز دھانی (سندھ)، عثمان قادر (سینٹرل پنجاب)، عاکف جاوید (بلوچستان)، ارشد اقبال (خیبر پختونخوا)، ارشد اللہ (خیبر پختونخوا)، آصف آفریدی (خیبر پختونخوا)، فیصل اکرم (سدرن پنجاب)، کامران غلام (خیبر پختونخوا)، خرم شہزاد (بلوچستان)، میر حمزہ (سندھ)، محمد حارث (خیبر پختونخوا)، سلمان علی آغا (سدرن پنجاب)، سعود شکیل (سندھ)، یاسر شاہ (بلوچستان)، زاہد محمود (سندھ) شامل ہیں۔
دوسرے گروپ میں عابد علی (سینٹرل پنجاب)،فواد عالم (سندھ)،سرفراز احمد (سندھ)، فہیم اشرف (سینٹرل پنجاب)،عماد وسیم (ناردرن)، ساجد خان (خیبر پختونخوا)، نعمان علی (ناردرن)،زمان خان (ناردرن)، ابرار احمد (سندھ)، عالیان محمود (سندھ)، عبدالواحد بنگلزئی (بلوچستان)، علی اسفند (سینٹرل پنجاب)، علی عثمان (سدرن پنجاب)، آرش علی خان (سندھ)، اعظم خان (سدرن پنجاب)، حسیب اللہ (بلوچستان)، عرفان اللہ شاہ (خیبر پختونخوا)، معاذ خان (خیبر پختونخوا)، مہران ممتاز (ناردرن)، محمد عباس آفریدی (خیبرپختونخوا)، محمد علی (سینٹرل پنجاب)، محمد حریرہ (ناردرن)، محمد عمران (خیبر پختونخوا)، محمد عمران رندھاوا (سدرن پنجاب)، محمد طحہٰ (سندھ)، محمد ذیشان (سینٹرل پنجاب)، عمیر بن یوسف (سندھ)، قاسم اکرم (سینٹرل پنجاب)، ریحان آفریدی (خیبر پختونخوا)، سلمان ارشاد (ناردرن)، ثمین گل (خیبر پختونخوا)، سید ذیشان ضمیر (سندھ)، عثمان صلاح الدین (سینٹرل پنجاب) کو جگہ ملی ہے۔
پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب ہیڈ بلوکی روڈ وزیر پور چوکی کے قریب دریائے راوی میں کشتی میں سوار 8 افراد ڈوب گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی غوطہ خوروں نے 4 افراد کو زندہ نکال لیا، تاہم 4 بچوں کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی میں ایک گھر کے افراد سوار تھے، اور جن بچوں کی تلاش جاری ہے ان میں تین بھائی اور ایک بہن شامل ہے، ڈوبنے والے بچوں میں 12 سالہ نور فاطمہ، 9 سالہ جواد، 6 سالہ آیان اور 5 سالہ ارسلان شامل ہیں۔