وزیراعظم کا اتحادیوں کا اجلاس 48 گھنٹے میں طلب کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کا اجلاس آئندہ 48 گھنٹے میں طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی ابتر معاشی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے اتحادی جاعتوں کے ساتھ بیٹھک کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال پرسخت فیصلے کیے جائیں گے۔
اجلاس میں معاشی استحکام کے لیے خصوصاً فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا جائے گا، آئی ایم ایف معاہدہ پر نظر ثانی پر اتحادیوں سے گفتگو کی جائے گی۔

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

وفاقی حکومت نے ایک بار پھر عوام کو سبسڈی دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا اس وقت حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے عوام پر بوجھ ڈالنے سے انکار کر دیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے وعدہ کیا تھا کہ ہم پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کریں گے، ہم آئی ایم سے مذاکرات کریں گے اور معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔

امریکا: نیویارک میں نسل پرست سفید فام نوجوان کی فائرنگ، 10 افراد ہلاک

امریکی ریاست نیویارک کے شہر بَفیلو کی ایک سپر مارکیٹ میں 18 سالہ سفید فام حملہ آور نے ’نسلی تعصب‘ کی بنیاد پر فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کردیا جسے اس نے لائیو ویڈیو کے ذریعے لائیو اسٹریم بھی کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں ’رائٹرز‘ اور ’اے ایف پی‘ کے مطابق بفیلو پولیس کمشنر جوزف گراماگلیا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ سفید فام حملہ آوار نے بکتربنڈ شیلڈ اور ہیلمیٹ پہن کر سپر مارکیٹ میں اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے، تاہم حملہ آور کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں 3 افراد زخمی بھی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک و زخمی ہونے والے 13 افراد میں سے 11 سیاہ فام تھے تاہم حملے میں ہلاک والوں کی نسلی تقسیم واضح نہیں کی گئی۔

پولیس کمشنر کا کہنا تھا کہ مسلح حملہ آور نے پہلے ٹاپس سپر مارکیٹ کی پارکنگ میں 4 افراد پر گولیاں چلائیں جن میں سے 3 ہلاک ہو گئے، پھر اندر جاکر فائرنگ کرتا رہا۔

اسٹور کے اندر قتل ہو نے والوں میں ایک ریٹائرڈ پولیس افسر بھی شامل ہیں جو اسٹور میں بطور مسلح سیکیورٹی گارڈ کام کر رہے تھے۔

جوزف گراماگلیا نے کہا کہ اسٹور کے سیکیورٹی اہلکار نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش کرنے کے لیے متعدد بار گولیاں چلائیں مگر حملہ آور نے خود کو بکتر بند شیلڈ سے محفوظ کیا ہوا تھا، جس نے جوابی فائرنگ میں سیکیورٹی اہلکار کو قتل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جب پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو حملہ آور نے بندوق گردن پر رکھ لی جس کے بعد اس سے بات کی گئی اور بالآخر اس نے ہتھیار ڈال دیے۔

ایف بی آئی کے بفیلو فیلڈ آفس کے اسپیشل ایجنٹ انچارج اسٹیفن بیلونگیا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ کی تحقیقات ’نفرت انگیز جرم‘ کے طور پر کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کی تحقیقات نفرت انگیز جرم اور نسلی طور پر پرتشدد انتہاپسندی کے تناظر میں کر رہے ہیں۔

ایری کاؤنٹی کے شیرف جان گارسیا نے اس حملے کو ’خالص برائی‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اس شخص کی طرف سے سیدھا نسلی طور پر نفرت انگیز جرم تھا جس کا تعلق ہماری برادری سے نہیں تھا۔

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد: (ؤیب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے، پٹرول کی قیمتیں آج نہیں بڑھا رہے تاہم کسی بھی وقت دوبارہ تعین کر سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان ہمارے لئے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں، عمران خان کی پالیسی اور نااہلی کی وجہ سےملکی معیشت شدیدخسارےمیں ہے۔ کاٹن اور دوسری زرعی اجناس درآمد کریں گے، چینی سستی دے رہے ہیں، مزید سستی کرنے کا کہہ دیا۔ 4 بلین ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کریں گے۔ چینی درآمد کرنے کی ضرورت نہیں، اس سال 45 بلین ڈالر کا تجارتی خسارہ برداشت کرنا پڑے گا۔زراعت کو ٹھیک نہ کر سکے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں گندم اور کھاد افغانستان میں سمگل ہوئی۔ کورونا کے دوران امداد اور قرض ادائیگی کے التوا سے گزشتہ حکومت کو فوائد ملے مگر عوام تک منتقل نہیں کئے گئے۔

31 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہو جائے گا، شیخ رشید کا دعویٰ

راولپنڈی: (ؤیب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ 31 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہو جائے گا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی ہے اور 31 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہو جائے گا۔ مہنگائی بڑھ جائے گی اور ہمارا ملبہ بھی ان پر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے گھیر کر آپ کو فیصل آباد کے گھنٹہ گھر میں مارا ہے اور آصف زرداری نے آپ کے ساتھ وہ کیا ہے کہ نہ آپ ادھر کے رہے نہ ادھر کے۔ پاسپورٹ مل گیا ہے اب نواز شریف کو واپس بلائیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ 2 وزیر خزانہ ہیں مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار۔ اس جہاز سے ہی لوگ اتر جائیں گے کہ ان کے ساتھ سفر نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ جس نے یہ ماسٹر پلان بنایا اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے اور عمران خان ہیرو بن گیا ہے اور یہ لوگ زیرو ہو گئے ہیں۔ ان تمام جماعتوں کا ستیاناس ہو گیا ہے جبکہ اگر انتخابات میں تاخیر ہوئی تو یہ عمران خان کی خدمت ہو گی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ سارے ادارے ہمارے ادارے ہیں اور ہمیں ان اداروں پر فخر ہے۔ مجھے عظیم افواج پر ناز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی حکومت نام کی چیز نہیں ہے۔ اب شہباز شریف قوم سے خطاب کر کے بتائیں اگر ملک ڈیفالٹ ہو گیا تو کیا کریں گے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں نگران وزیر اعظم پر اتفاق کریں، نگران حکومت لائیں اور گھر چلے جائیں۔

نون لیگ آج گجرات، پی ٹی آئی فیصل آباد اور پی ایس پی کراچی میں پاور شو کرے گی

لاہور: (ؤیب ڈیسک) سیاسی جماعتیں الیکشن سے پہلے متحرک ہونے لگیں، نون لیگ آج گجرات، پی ٹی آئی فیصل آباد اور پی ایس پی کراچی میں پاور شو کرے گی۔
گرم موسم میں سیاسی پارہ بھی ہائی، مسلم لیگ ن آج گجرات کوٹلہ میں میدان سجائے گی، فٹ بال گراؤنڈ میں تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ مریم نواز اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کارکنوں سے خطاب کریں گے۔
فیصل آباد کے دھوبی گھاٹ گروانڈ میں تحریک انصاف سیاسی پاور شو کرنے جا رہی ہے جہاں رہنماوں کے خطاب کیلئے سٹیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی میں بھی آج رونق لگے گی، باغ جناح گراوُنڈ میں آج پی ایس پی خواتین کا جلسہ کرنے جا رہی ہے،خواتین کے جلسے سے چیئرمین پی ایس پی مصطفی کمال خطاب کریں گے۔

عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا گیا

اسلام آباد: (ؤیب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا گیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا۔ شہباز گل نے کہا کہ حیران ہوں کہ متعلقہ سیکشن افسر سیکیورٹی انتظامات کے لیے پوچھ رہا ہے۔
خط کے متن میں لکھا کہ ایک ضمانت پر مجرم خاتون کو ملٹی لئیر سیکیورٹی حصار فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ تحقیقاتی ادارے نے اس خاتون کی ضمانت منسوخی کی درخواست بھی دی ہوئی ہے۔
یہ خاتون نہ تو بلیو بک کا حصہ ہے نہ ہی حکومتی رولز آف بزنس کے تحت سیکیورٹی کی حق دار ہے۔ وزارت کا سیکیورٹی دینے کے بجائے حفاظتی حصار کے انتظام کی ہدایت دینا حیران کن ہے۔
متن کے مطابق اس وقت پی ٹی آئی اپنے وسائل سے عمران خان کو سیکیورٹی دے رہی ہے اور حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی محدود اقدامات کیے گئے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ وزارت کا افسر باتیں کرنے کے بجائے فول پروف سیکیورٹی کا پلان شیئر کرے۔

رواں برس پاکستان میں پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ

لاہور: (ؤیب ڈیسک) رواں برس پاکستان میں پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہو گیا۔ ترجمان وزارت صحت عبدالقادر پٹیل نے تصدیق کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت عبد القادر پٹیل کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان سے ایک سالہ بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی۔رواں برس پاکستان سے پولیو کا تیسرا کیس رپورٹ ہوا۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے کوششوں کو مزید تیز کیا جارہا ہے۔بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ نہ ہونا ایک بہت بڑا المیہ ہے۔ایک بھی کیس ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بچوں کو معذوری سے بچانے کیلئے لازمی ہے کہ ضرورقطرے پلوائے جائیں۔وائرس کے تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کاسلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں بذات خود پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی نگرانی کر رہا ہوں۔ میں نے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کا دورہ کیا ہے۔

یوکرین امن مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، روس

ماسکو: (ؤیب ڈیسک) روس کا کہنا ہے کہ یوکرین امن مذاکرات میں سنجیدہ نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین میں روس کے خصوصی آپریشن کے آغاز کے بعد ماسکو اور کیف استنبول میں یوکرین جنگ کے حل کے لیے مذاکرات کے کئی دور کرچکے ہیں جو کہ اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے۔
ماسکو کیف مذاکرات سرد مہری کا شکار ہیں۔ جبکہ پوٹن نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے کہا کہ یوکرین نے مذاکرات معطل کیے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین تعمیری مذاکرات میں دلچسپی نہیں رکھتا اور غیر سنجیدہ ہے۔
واضح رہے کہ ڈونباس میں 8 سال سے جاری جنگ کو روکنے کے لیے ماسکو نے فروری میں آپریشن شروع کیا تھا۔ صدر پیوٹن نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں یوکرینی فوج کی کارروائیاں نسل کشی کے مترادف ہیں اور کہا کہ روس کا ہدف یوکرین کے ’نازی ازم‘ کو روکنا ہے۔

آٹا، گھی اور چینی سستی کر کے عام آدمی کو ریلیف دیں گے: حمزہ شہباز

لاہور: (ؤیب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ آٹا، گھی اور چینی سستی کر کے عام آدمی کو ریلیف دیں گے، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکج کے خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے چیف منسٹر ریلیف پیکج کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا جس دن سے عہدہ سنبھالا ہے، عام آدمی کی آسانی کیلئے مہنگائی کا مسئلہ حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ افسران کو گرانفروشی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔