عوام کو ہر صورت میں ریلیف دینا ہوگا: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو ہر صورت میں ریلیف دینا ہوگا۔
وزیر خارجہ کی زیرصدارت پی پی پی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزرا کا اجلاس ہوا جس میں وزرا نے اپنی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
بلاول کو پی پی پی سے تعلق رکھنے والے وزرا نے فلاحی منصوبوں سے آگاہ کیا
اس موقع پر انہوں نے وزرا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو خود تک اور اپنے دفتر تک رسائی میں تسلسل رکھیں۔ عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہی سے دوچار کیا ہے ہمیں عوام کو ہر صورت ریلیف دینا ہوگا، مسائل کا فوری حل تب ممکن ہے جب عوام سے رابطہ مضبوط ہو۔

خواتین کیخلاف جرائم ختم کرنے کیلئے انکی عزت کرنا بھی لازم ہے، جسٹس فائزعیسیٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیڈرل جوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم ختم کرنے کیلئے خواتین کی عزت کرنا بھی لازم ہے۔
اسلام آباد میں صنفی بنیاد پر جنسی تشدد کے واقعات اور عدلیہ کا ردعمل کے موضوع پر فیڈرل جوڈیشل کانفرنس ہوئی۔
کانفرنس سے خطاب میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھاکہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ مجھے آج کے موضوع پر مہارت نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 1979 میں جابر نے حدود آرڈیننس کے ذریعے مسلمانوں کو بہتر مسلمان بنانے کی کوشش کی، 1979وہی سال تھا جب روس نے افغانستان پر چڑھائی کی۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھاکہ ہمارے تمام قوانین انگریزی میں ہوتے ہیں، قوانین دو زبانوں میں کیوں نہیں ہوسکتے آج تک سمجھ نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ ریپ کو زنا بالجبر کی حدود میں لایا گیا اس غلطی کو درست کرنے میں 27 سال لگے، کتنی خواتین نے اس دوران تشدد برداشت کیا ان کا جواب اللہ کو کون دے گا؟
انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم ختم کرنے کیلئے خواتین کی عزت کرنا بھی لازم ہے، یہاں جابروں سے ملنا اور تعلق رکھنا ایک فخر سمجھا جاتا ہے۔کانفرنس سے خطاب میں جسٹس ریٹائرڈ قاضی امین کا کہنا تھاکہ جنسی زیادتی کے 75فیصد واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے، جنسی زیادتی کے جرائم کا ٹرائل تیز رفتاری سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آفیسر کو تفتیش کیلئے 500 روپے ملتے ہیں، جنسی زیادتی کے کیس میں صرف ڈی این اے ٹیسٹ 14 ہزار کا ہوتا ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ قاضی امین کا کہنا تھاکہ انصاف کی فراہمی میں سارا نظام اور اسٹیک ہولڈر ناکام ہیں، جنسی زیادتی جرائم میں صرف 7 فیصد ملزمان کو سزائیں خطرناک صورتحال ہے، ضمانت قبل از گرفتاری کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، ریپ سمیت بڑے سے بڑے جرم کا ذمے دار ضمانت قبل از گرفتاری کرا لیتا ہے۔
کانفرنس سے خطاب میں جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید کا کہنا تھاکہ خواتین اور بچے زیادہ تر جنسی تشدد کا نشانہ جاننے والوں کے ذریعے بنتے ہیں، میرا ملازم منشیات لینے لگا تو اپنی ہی بیٹی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھاکہ ماں بیٹی کو لے کرتھانے پہنچی تو محرر نے کہا گھر کا معاملہ ہے، جنسی زیادتی اور تشدد کے واقعات کا فیصلہ دو ماہ میں ہونا چاہیے۔

رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 16 مئی کو ہوگا

لاہور: (ویب ڈیسک) رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن 16 مئی کو ہوگا جس کا امریکا، یورپ اور دیگر حصوں میں مشاہدہ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف ممالک میں چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 32 منٹ پرہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ مختلف ممالک میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 13منٹ پرچاند کو گرہن عروج پرہوگا اور چاند گرہن کا اختتام پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر11بجکر51منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا مشاہدہ پاکستان میں نہیں کیا جائے گا جبکہ امریکا، یورپ، افریقا اور ایشیا کے کچھ حصوں میں چاند گرہن دیکھا جاسکے گا۔

ملک پر بڑے ڈاکومسلط کیے گئے ، یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑینگے: فوادچودھری

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری نےکہا ہے کہ جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہے، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، انہوں نے سیالکوٹ کا جلسہ روکا آج ہر شہر میں جلسے ہوں گے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکتا۔ عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکا کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔
سیالکوٹ میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے حالات اورلندن کی تصویروں کو دیکھیں، جب روم جل رہا تھا تونیروبانسری بجارہا تھا، لندن کی تصاویروں سے لگتا ہے پاکستان میں کوئی پرابلم نہیں، اس وقت پاکستان میں 2 وزرائے اعظم، 2 وزرائے خزانہ ہیں، سٹیٹ بینک کا گورنر ہی نہیں، پنجاب میں کابینہ نہیں اور جعلی وزیراعلیٰ موجود ہیں، پچھلے 9 دنوں میں ڈالر15روپے بڑھ چکا ہے،اسٹاک مارکیٹ3500پوائنٹس گرچکی ہے
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی خوش آمد کرنے والی حکومت کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے کچھ نہیں ملا، پاکستان کی عوام جعلی امپورٹڈ حکومت کے خلاف بغاوت کرچکے ہیں، ایل این جی کے مہنگے ترین سودے کیے گئے، پاکستان کا سب سے بڑا کرائسز فارن رزرو نہیں اور ڈالرکی قیمت بڑھ رہی ہے، ملک میں انرجی منسٹرہی کوئی نہیں، پنجاب کی 66 فیصد آبادی میں کوئی حکومت ہی نہیں، بہت بڑا ایگری کلچرکا بحران ہے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان میں حالات بہتر ہو رہے تھے، عمران خان کی حکومت میں پاکستان استحکام کی طرف جارہا تھا، امریکا کے حکم پرسازش کے ذریعے رجیم چینج کر دی گئی، بڑے ڈاکومسلط کیے گئے یہ پاکستان کو سری لنکا بنا کر چھوڑیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ سابق قائد ایم کیو ایم پہلے رابطہ کمیٹی کو لندن بلایا کرتا تھا، یہ نیا الطاف حسین ہے جس نے پوری کابینہ کو ہی لندن بلا لیا، عام انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے، انہوں نے سیالکوٹ کا جلسہ روکا آج ہر شہر میں جلسے ہوں گے، جلسوں کو نہیں روکا جاسکتا، کل انہوں نے ایک صحافی کو وزیر بنا دیا۔ یہ سمجھتے ہیں 8 سے 10 صحافیوں کوساتھ ملا کر رائے عامہ بدل دیں گے، پاکستان کی عوام عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے، جلسے روکنا، گرفتاریاں کرنا بھونڈی باتیں ہے، رانا ثنا اللہ نے چرچوں کی زمینوں پر قبضے کیے، آشیانہ ہاؤسنگ چرچ کی زمینوں پربنی ہے، وزیر داخلہ کے دورمیں کرسچین کمیونٹی کے لوگوں کو زندہ جلایا گیا، نام نہاد وزیر دفاع، وینٹی لیٹر وزیر دو دفعہ گراؤنڈ میں جلسہ کر چکا ہے، مریم اورنگزیب مِس انفارمیشن کبھی کونسلر نہیں بن سکتیں، انہوں نے عمران خان اورباقی لیڈرشپ کے توہین مذہب کے مقدمات درج کروائے، آج پھرانہوں نے مذہبی کارڈ کھیلا، مسلم لیگ کی سیاست تھرڈ کلاس سیاست ہے۔
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پورا پاکستان تحریک کے لیے تیارہوچکا ہے، چند لوگوں کوگرفتاریوں سے تحریک نہیں رکے گی، واحد حل ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، چیف الیکشن کمشنرسے جان چھڑائی جائے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک ایڈونچرکیا گیا، ایڈونچر کرنے والے اب خود پچھتا رہے ہیں، مسلم لیگ والے خود فرماتے ہیں ان کے ساتھ دھوکہ ہو گیا ہے، چوروں کے حوالے حکومت کردی گئی، حکومت کا ایک، ایک وزیر مال سمیٹنا چاہتا ہے، آج پی ٹی آئی نہیں پاکستان کی عوام کا جلسہ ہے، سیالکوٹ میں چھچوری حرکت کی گئی، آئندہ اگرہمارے کسی کارکن کوہاتھ لگایا توپھرحالات نہیں سنبھلیں گے، پی ٹی آئی چیئر مین بردباری کا مظاہرہ کر رہے ہیں، یہ جتنے مرضی کیسز معاف کرا لیں جیلوں میں ہی جائیں گے، باپ، بیٹا دونوں جیلوں میں جائیں گے، جن لوگوں نے ان کا ساتھ دیا وہ پچھتارہے ہیں، مسلم لیگ میں اس وقت پھوٹ ہے، چاچا اوربھتیجی جھک، جھک کرملتے ہیں لیکن اندرسے ایک دوسرے کے دشمن ہے۔

ملک میں سونا مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی سونا 600 روپے مہنگا ہوا ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں ایک تولہ سونا ایک لاکھ 35 ہزار 900 روپے کا ہوگیا ہے۔
10 گرام سونا 514 روپے اضافے سے 116512 روپے کا ہے جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 5 ڈالر کم ہوکر 1813 ڈالر فی اونس ہے۔

ریاست اقلیتوں کے مذہبی مقامات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگی: رانا ثناء

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ریاست ہر صورت اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرے گی اور انکے مذہبی مقامات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں انہوں نے لکھا کہ خونی مارچ والوں نے آج سیالکوٹ میں گرجا گھر پر حملہ کیا۔ عمران نیازی پہلے توہین مسجد نبوی کا مرتکب ہوا اور آج اس نے گرجا گھر کو جلسہ گاہ بنانے کی کوشش کر کے مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کو اکسایا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے لکھا کہ ریاست مدینہ کا نام لیکر اپنی سیاسی دکان چمکانے والا عمران نیازی ملک میں مذہبی انتشار پھیلا رہا ہے۔ پی ٹی آئی چیئر مین ریاست پاکستان کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔ اس کے شر سے نہ کوئی ادارہ محفوظ ہے اور نہ کوئی مسجد اورکوئی گرجا گھر۔
انہوں نے کہا کہ گرجا گھر کی جگہ جلسہ کر کے فسطائی ذہنیت کا بنی گالا میں بیٹھا ہوا ایک شخص مسیحی برادری پر اپنی حاکمیت جتانا چاہتا ہے۔ عمران نیازی اپنی مذموم حرکت سے مذہبی اقلیتوں کا کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔ ریاست ہر صورت اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرے گی اور انکے مذہبی مقامات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگی۔ چرچ کی جگہ کو سیاسی جماعت کے جلسہ گاہ کی اجازت نہ دینے کے مسیحی برادری کے فیصلے کو ریاستی تحفظ دینا قانونی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
رانا ثناء اللہ نے لکھا کہ ریاست پاکستان کسی بھی جماعت کو دھونس اور زبردستی سے ملک میں ملوکیت نافذ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے سکتی۔ میں عمران نیازی کو خبردار کرتا ہوں کہ ملک کے کسی بھی حصے میں نقض امن پیدا کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

11 سالہ بچی کے ساتھ گینگ ریپ کے 3 ملزمان کو عمر قیدکی سزا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 11سال کی بچی کے ساتھ گینگ ریپ کیس کا فیصلہ سنادیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر تین ملزمان کو عمر قیدکی سزا سنادی۔
عدالت نے تینوں ملزمان پر 2،2 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا ہے۔
فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ ملزمان کےگھناؤنے عمل سے معاشرے میں خوف و ہراس پیدا ہوا۔
سرکاری وکیل کے مطابق ملزمان نے دسمبر 2020 میں بچی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

سلمان خان نے اپنی نئی فلم ‘کبھی عید کبھی دیوالی’ میں نئے روپ کی تصویر شیئر کردی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ دنگ خان نے ہدایتکار فرہاد سمجی کی فلم ‘کبھی عید کبھی دیوالی’ کی شوٹنگ کا آغاز ممبئی میں کردیا ہے جبکہ اداکار نے اپنے کروڑوں مداحوں کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فلم میں اپنے نئے روپ کی تصویربھی شیئر کی جسے ان کے پرستار بہت پسند کررہے ہیں
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم کی شوٹنگ آغاز رواں ہفتے کیا جاچکا ہے جبکہ سلمان خان نے شوٹنگ سیٹ سے ایک شاندار تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں لمبے اور بکھرے بالوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔
تصویر میں سلمان خان نے سیاہ چشمہ اور جیکٹ زیب تن کی ہوئی ہے تاہم دبنگ خان کا روائتی بریسلیٹ بھی واضح طور پر نظر آرہا ہے۔
ایسا لگتا ہے کہ تصویرایکشن سیکونس کے دوران لی گئی ہے جبکہ سلمان خان نے تصیور کے کیپشن میں فلم کا نام ظاہرنہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ‘میں نے اپنی نئی فلم کی شوٹنگ شروع کردی ہے’۔
پوسٹ شیئر کرنے کے بعد بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات سمیت مداحوں کی بڑی تعداد نے سلمان خان کو نئی فلم کی شوٹنگ کے آغٓاز پر مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ سلمان خان کی فلم کبھی عید کبھی دیوالی رواں سال دسمبر کے آخر میں ریلیز کی جائے گی جبکہ فلم میں سلمان خان کے ہمراہ اداکارہ پوجا ہیگڑے مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن بھی کورونا میں مبتلا

ویلنگٹن: (ویب ڈیسک) چند علامتیں ظاہر ہونے پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو کہ مثبت آگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انھوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا اور تمام سرکاری مصروفیات معطل کردیں۔
گزشتہ ہفتے ان کے ساتھ رہائش پذیر ان کے دوست کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ دونوں کی بیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد وزیراعظم جسینڈا نے خود کو آئیسولیٹ کرلیا تھا۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر گھر والوں سے علیحدہ رہنے کے باوجود وزیراعظم جسینڈا آرڈرن میں بھی علامتیں ظاہر ہوئیں جس پر ایک روز قبل کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے جب کہ پیر کے روز پارلیمنٹ کے اہم اجلاس اور جمعرات کو بجٹ پیش کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی۔
وزیراعظم جسینڈا آرڈرن کی جگہ نائب وزیر اعظم پارلیمنٹ میں اہم اجلاس میں شرکت کریں گے اور جمعرات کو ملک کا بجٹ بھی پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں کورونا سے 10 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے تاہم بہتر صحت کے نظام کے باعث ہلاکتیں 900 کے قریب ہوئیں اور وبا پر کافی حد تک قابو پالیا گیا تھا لیکن گزشتہ 24 گھنٹوں میں ساڑھے سات ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

سری نگر: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کے سپاہی نے مقبوضہ کشمیر میں سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع رمبان کے آرمی کیمپ میں فائرنگ کی آواز سے افسران کی دوڑیں لگ گئیں اور افراتفری مچ گئی۔
افسران جائے وقوعہ پر پہنچے تو ایک سپاہی کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی۔ لاش کو اسپتال منتقل کردیا اور ضروری کارروائی کے بعد میت لواحقین کے حوالے کردی گئی۔
سپاہی کی شناخت روی کمار کے نام سے ہوئی ہے جسے حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے آرمی کیمپ میں تعینات کیا گیا تھا۔ خودکشی کی وجہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جنوری 2007 سے تاحال پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث مقبوضہ کشمیر میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 542 ہوگئی ہے۔