آصف زرداری کےخلاف نیب اپیلیں ایک بار پھر سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کےخلاف پچیس سال پرانےکیسز کے خلاف نیب اپیلیں ایک بار پھر سماعت کے لیے مقرر کردیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ پیر کے روز سماعت کرے گا۔ عدالت نے نیب کو مزید عدالتی وقت ضائع نہ کرنے اور کیس کی تیاری کی ہدایت دے رکھی ہے۔
نیب نے آصف زرداری کی اُرسس ٹریکٹر، اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں بریت کو چیلنج کیا ہے۔ ایس جی ایس اورکوٹیکنا ریفرنسز میں بھی آصف زرداری کی بریت کے خلاف نیب اپیل زیر سماعت ہے۔
نیب نے سات سال قبل آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیل دائرکی تھی۔

کامن ویلتھ گیمز کے لئے 4 رکنی سوئمنگ ٹیم منتخب

لاہور: (ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے 4 رکنی ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا۔
کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے پاکستان کی سوئمنگ ٹیم منتخب کرلی گئی۔دو خواتین اور دو مرد تیراک قومی دستے کا حصہ ہوں گے۔
برطانیہ کے شہربرمنگھم میں 28 جولائی سے شروع ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں تیراک جہاں آرا، بسمہ خان، حسیب طارق اورذیشان اکبر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔احمد علی خان اورفرزانہ صابرٹیم آفیشلز ہوں گے۔ پاکستان کا 101 ارکان پر مشتمل دستہ کامن ویلتھ گیمز میں مجموعی طورپر14 کھیلوں میں شرکت کرے گا۔

عمران خان کس حیثیت میں سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کس حیثیت میں سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں ؟
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان صرف ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد صرف تماشا لگانا ہے۔ 4 سال لوٹ مار کرنے والی گزشتہ حکومت 4 ہفتے پہلے آنے والی حکومت سے سوال کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر جلسوں میں استعمال کیا جا رہا ہے اور عمران خان کس حیثیت سے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔ عمران خان نے آئین اور پارلیمان پر حملہ کیا اور 4 سال پارلیمنٹ کو آرڈینینس کے ذریعے چلایا گیا جبکہ گزشتہ روز اعتراف کیا گیا کہ نیب کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال نالائق اور نااہل لوگ اقتدار سے چمٹے رہے جبکہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کو 9 سال ہو گئے۔ پی ٹی آئی نے میڈیا کا استحصال کیا۔
سیالکوٹ جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جلسہ گاہ کے حوالے سے خط لکھا گیا اور خط میں تمام تفصیلات لکھی گئی تھیں جبکہ مسیحی برادری نے اپنی جگہ کے استعمال پر احتجاج بھی کیا تھا۔ یہ حکومت اور پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ مسیحی برادری اور پی ٹی آئی کا معاملہ ہے جبکہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے سے کسی نے نہیں روکا۔
انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی سے لوگوں کو مائنڈ سیٹ کا پتہ چلتا ہے اور خود پریس ٹاک میں بھی مسیحی برادری کے احتجاج کا ذکر کیا۔ اس معاملے سے حکومت کا لینا دینا نہیں ہے تاہم رانا ثنااللہ کا تعلق خونی مارچ کی کال سے ضرور ہے اور ایسا خونی مارچ کرنے کا کوئی بھی قانونی حق نہیں رکھتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں سے نوکریاں چھینیں، اداروں کو نقصان پہنچایا، عمران خان کو معیشت تباہ کرنے کا جواب دینا ہے سوال پوچھنا نہیں۔ عمران خان نے کہا تھا میں آلو ٹماٹر کے ریٹ نہیں دیکھنے آیا اور آپ نے ہارنے کا پتہ چلنے پر معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگاتے تھے اور عمران خان کہتے تھے کہ ٹی وی سے پتہ چلا ڈالر مہنگا ہو گیا ہے۔ عمران خان نے جھوٹ بول کر ہر ادارے کو نقصان پہنچایا اور عوام جھوٹ سن سن کر تھک گئے ہیں۔ عمران خان نے پیٹرول پر غیر قانونی سبسڈی دی اور غیر قانونی طور پر پیٹرول سستا۔ کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی عوام کو بےوقوف نہیں بنا سکتے تاہم اب حکومت عوام کو مہنگائی سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ عمران خان نے ملک کی ترقی روکی لیکن اب 4 ہفتے کا جواب مانگتے ہیں۔ سچ بولیں، شیشہ دیکھیں، گریبانوں میں جھانکیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط عمران خان کے ہیں اور یہ لوگ صرف اپنے فیصلوں کو مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

پشاور:کوچہ رسالدار خودکش دھماکے کا ملزم ساتھی سمیت ہلاک

پشاور : (ویب ڈیسک) پشاور کے علاقے پشتخرہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کوچہ رسالدار خودکش دھماکے کا ملزم ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا۔ مقابلے میں ملزم سمیت 2دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ جبکہ 4 ملزم فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد 3 مارچ کوچہ رسالدار دھماکے میں ملوث تھا ،دوسرے ہلاک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہوئی۔
ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ہلاک دہشت گردوں سے دو دستی بم ، دو پستول اور خود کش جیکٹ برآمد کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ کو چہ رسالدار جا مع مسجد کے خود کش حملے 66نمازی شہید اور 130 نمازی زخمی ہوئے تھے۔

محمد بن زید النہیان متحدہ عرب امارات کے نئے صدر بن گئے

دبئی: (ویب ڈیسک) محمد بن زید النہیان متحدہ عرب امارات کے نئے صدر بن گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محمد بن زید النہیان شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے سوتیلے بھائی ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان 73 برس کی عمر میں گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے۔ شیخ خلیفہ بن زید کے انتقال پر یو اے ای حکومت نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا جبکہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا۔

عثمان ڈار سمیت کئی کارکن گرفتاری کے بعد رہا

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) عثمان ڈار سمیت کئی کارکنوں کو گرفتاری کے بعد رہا کر دیا گیا۔ اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ جلسہ کرنے جا رہا ہوں، امپورٹرڈ حکومت جلسہ کرنے سے نہیں روک سکتی۔
قبل ازیں سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے جلسے کے انتظامات پولیس نے اُلٹ دیئے۔ عثمان ڈار سمیت اہم مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ سی ٹی آئی گراؤنڈ کو جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے گئے۔
پولیس نے بغیر اجازت جلسے کے انتظامات کرنے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے عثمان ڈار سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔ جس پر تحریک انصاف کے کارکن مشتعل ہوگئے۔ پولیس نے شیلنگ اور لاٹھی چارج کی جبکہ گراؤنڈ کا مرکزی دروازہ اور راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیئے۔ سی ٹی آئی گراؤنڈ جلسہ کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے کچہری چوک اور جناح ہاؤس کے باہر احتجاج کیا۔
اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیلیں بھرنے کیلئے تیار ہیں، گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں۔ ڈی سی سیالکوٹ عمران قریشی نے کہا کہ یہ گراؤنڈ نجی ملکیت ہے، پی ٹی آئی شہر میں جہاں کہے گی جلسے کیلئے سہولیات فراہم کریں گے جبکہ ڈی پی او نے کہا عدالت نے ڈی سی کو دونوں فریقین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا کہا۔
جلسے کے انتظامات درہم برہم کرنے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے ردعمل میں کہا کہ ریاستی طاقت کے استعمال پر افسوس ہوا، عمران خان نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا ایکشن اشتعال انگیز ہے لیکن غیر متوقع نہیں، تحریک انصاف کو آئینی اور قانونی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔

ہماری ’ملکی وے‘ کہکشاں میں ضخیم بلیک ہول کی پہلی تصویر جاری

لندن: (ویب ڈیسک) پہلی مرتبہ سائنسدانوں نے ہماری ملکی وے کہکشاں کے عین وسط میں موجود بلیک ہول کی واضح تصویر بناکر اسے جاری کیا ہے، یوں بلیک ہول کی یہ دوسری اہم تصویر بھی ہے۔
یہ تصویر دنیا بھر کے آٹھ مقامات پر موجود ایونٹ ہورائزن ٹیلی اسکوپ ( ای ایچ ٹی) کے مجموعے نے جاری کی ہے جو باہم مل کر ایک بڑی دوربین کی طرح کام کرتی ہیں۔
سال 2017ء میں ای ٹی ایچ نے سائنسدانوں کی توجہ دو بلیک ہول کی جانب مبذول کرائی تھی جن میں سے ایک ملکی وے کہکشاں کی جھرمٹ قوس یا سیگیٹیریئس کے پاس دیکھا گیا اور اسے سیگیٹیریئس اے یا ایس جی آر اے(Sgr A*) کا نام دیا گیا تھا، جبکہ دوسرا بلیک ہول ایم 87 کہکشاں میں دیکھا گیا جسےM87* کا سائنسی نام دیا گیا ہے۔
ای ایچ ٹی سے وابستہ سائنسداں زائری یونسی نے کہا ہم جو چاہتے تھے وہ مل گیا اور یہ وہ تصویر ہے جو بتاتی ہے کہ بلیک ہول کیسا دکھائی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ بلیک ہول کوئی روشنی خارج نہیں کرتا لیکن تصویر میں ایک روشن پس منظر کے آگے بلیک ہول کا سایہ دکھائی دے رہا ہے۔ پس منظر کی روشنی گرم تاباں پلازمہ کی ہے جسے Sagittarius A* اپنی جانب کھینچ رہا ہے اور مادہ منتشر ہورہا ہے۔
بلیک ہول سازی کا یہ عمل ایم 87 کے مقابلے میں ہماری کہکشاں میں قدرے تیزی سے ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ اس تصویر کی تشکیل میں بہت وقت لگا ہے۔ M87* معلومہ کائنات کا سب سے بڑا بلیک ہول بھی ہے جس کی جسامت ہمارے سورج سے ساڑھے چھ ارب گنا زائد ہے اور یہ سیگیٹیریئس اے سے بھی 1000 گنا زائد ہے۔
پلازمہ کو M87* کے مدار میں چکر لگانے میں چند دن سے چند ہفتے لگتے ہیں جبکہ Sgr A* میں گرم پلازمہ کا ایک چکر منٹوں میں مکمل ہوجاتا ہے۔
’اس کا مطلب یہ ہے کہ Sgr A* کی اطراف گیسوں کی روشنی اور خدوخال (پیٹرن) بہت تیزی سے بدلتے رہتے ہیں۔ مشاہدے میں بھی یہ اس کی تیزی ’گول گول گھومتے اس کتے کی طرح دیکھی گئی جو خود دائرے میں اپنی دم کا تعاقب کررہا ہوتا ہے،‘ جامعہ ایریزونا کے سائنسداں چائی کوان چین نے بتایا۔
ایک اور مشکل یہ تھی کہ زمین ملکی وے کہکشاں کے کنارے پر واقع ہے اور یوں ہمارا سامنا تمام ستاروں کی روشنیوں، گردوغبار،اور خود Sgr A* بلیک ہول اور زمین کے درمیان اجسام سے بھی تھا۔ یہی وجہ ہے کہ حتمی تصویر کشی کے لیے سپرکمپیوٹر سے مدد لی گئی جس نے ڈیٹا پروسیسنگ میں مدد لی گئی۔ کئی راتوں تک ریڈیائی تصاویر جمع کی گئیں اور ان کا مطالعہ کیا گیا۔
زائری یونسی نے بتایا کہ Sgr A* کی تصویر بنانا بہت مشکل امر تھا اور تمام سائنسدانوں نے اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
جب حتمی تصویر سامنے آئی تو وہ کیفیت اور جسامت میں فرق کے باجود 2019 کے M87* کی تصویر جیسی ہی تھی۔ یہ دونوں بلیک ہول کمیت(ماس)، کہکشانی ساخت اور دیگر امور کی بنیاد پر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں لیکن جب ان دونوں کو غور سے دیکھا جائے تو باہم مشابہہ لگتے ہیں۔ اس طرح آئن اسٹائن کا نظریہ اضافیت عمومی (جنرل ریلیٹی ٹیوٹی) بھی یہاں نمایاں دکھائی دیتا ہے۔
تصویر میں روشنی کا دائرہ آئن اسٹائن کے ںظریہ اضافیت کو ثابت کرتا ہے کیونکہ ملکی وے میں موجود بلیک ہول کی ثٖقلی قوت اتنی زیادہ ہے کہ پیچھے سے آنے والی روشنی کی موجیں خمیدہ (بینڈ) ہوگئی ہیں۔ پر گھومتا ہوا پلازمہ قدرے روشن نظر آرہا ہے جبکہ بلیک ہول کے پچھلے جانب روشنی چکر کاٹ رہی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر یونسی نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد آئن اسٹائن کی پیشگوئی اور نظریہ درست ثابت ہوا ہے۔

پارٹنرشپ رائٹس میں 77 فیصد اضافہ پاکستان کرکٹ کیلئے بڑی خبرہے،رمیز راجا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین رمیز راجا کا کہنا ہے کہ پارٹنرشپ رائٹس میں 77 فیصد اضافہ پاکستان کرکٹ کے لئے زبردست خبرہے۔
پی سی بی کے چئیرمین رمیز راجا نے ٹوئٹ میں کہا کہ 2023-2022 سیزن کے لئے دوطرفہ ہوم سیریز کے پارٹنرشپ رائٹس میں 77 فیصد اضافہ پاکستانی کرکٹ کے لئے بڑی خبرہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ذخائرمیں تاریخی اضافہ ہوا ہے ان فنڈز کو کرکٹ شائقین کے لئے انفراسٹرکچر بہتربنانے پرخرچ کریں گے۔رمیز راجا کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی اورپنڈی کرکٹ اسٹیڈیمز میں جدید ترین کرسیاں نصب کی جائیں گی۔

شمالی کوریا نے کورونا سے 6 ہلاکتوں کی تصدیق کردی

پیونگ یونگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے کورونا کے باعث 6 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی ملک میں موجودگی سے انکارکرنے والی شمالی کوریا کی حکومت نے وائرس سے 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔شمالی کوریا حکام کے مطابق ہلاک افراد میں ایک شخص اومیکرون میں مبتلا تھا جبکہ ساڑھے 3 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ ان افراد میں نزلہ، بخار سمیت کورونا کی دیگرعلامات پائی گئی ہیں۔
کورونا سے متاثر افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ شمالی کوریا نے 12 مئی کوپہلی مرتبہ کورونا وائرس کیسز کی تصدیق کی تھی۔شمالی کوریا کورونا ویکسین مہیا کرنے کی عالمی ادارہ صحت، چین اوردیگرممالک کی پیشکش کو مسترد کرچکا ہے۔

بھارتی اداکارہ کا پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ پر ڈانس، ویڈیو وائرل

کراچی: (ویب ڈیسک) کوک اسٹوڈیو کے سیزن 14 کے گانے پسوڑی کی دھن نے پوری دنیا میں دھوم مچادی ہے۔
عالمی سطح پر معروف ہونے والے گانے کو پاکستان کے دو معروف فنکاروں گلوکار علی سیٹھی اور گلوکارہ شائی گل نے گایا جس نے پڑوسی ملک میں بھی مقبولیت کے ریکارڈ قائم کردیے ہیں۔
ڈچ سنگر ایما ہیسٹرز کے بعد بھارتی ریئلٹی ٹی وی اسٹار شہناز گل نے بھی اس گانے کی دھن پر ویڈیو بنانے والوں میں شامل ہوگئی ہیں اور انسٹاگرام پر اپنی تازہ ترین ویڈیو میں وہ ہِٹ ٹریک پسوڑی پر ڈانس کرتی نظر آرہی ہیں۔
شہناز گل جو معروف ریئلٹی شو بگ باس سیزن 13 میں آنے کے بعد مقبول ہوئی تھیں، نے اپنی تازہ ترین ڈانس ویڈیو کے ساتھ انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں شہناز گل سرخ رنگ کی قمیض پہن کر کر ڈانس کرتی نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے گانے کی چند سطریں لکھیں، ’’آ چلے لیکر تجھے، ہے جہاں سلسلے‘‘۔
واضح رہے کہ شہناز گل کو جلد سلمان خان کے ساتھ ’’کبھی عید کبھی دیوالی‘‘ میں بڑے پردے پر دیکھا جاسکے گا۔