دنیا کے سب سے طویل القامت قلم کی حیران کن ویڈیو

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے 2011 میں دنیا کا سب سے قد آور قلم تیار کر عالمی ریکارڈ قائم کیا جس کی نئی ویڈیو گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے شیئر کی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اچریا نامی شخص نے دنیا کا پہلا 37.2 کلوگرام وزنی ’بال پین‘ بنا کر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرایا۔ ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو دیکھ کر صارفین دم بخود رہ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس قلم کی لمبائی 5.5 میٹر ہے۔ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ انتظامیہ نے اس بال پین کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں چار پانچ لوگوں کو ایک ساتھ قلم پکڑ کر لکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
اس غیرمعمولی قلم کو اٹھانے کے لیے چار سے پانچ لوگوں کی مدد لی جاتی ہے۔ اس کی تیاری میں دھاتوں کا استعمال کیا گیا جبکہ اس پین کے اوپر ہاتھوں کی مدد سے خصوصی ڈیزائن بھی بنایا گیا ہے۔

33 اعضا سے دس لاکھ انسانی خلیات کا جامع ترین نقشہ تیار

لندن: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کی بین الاقوامی ٹیم نے لگ بھگ 33 انسانی اعضا سے دس لاکھ مختلف خلیات کا تفصیلی ڈیٹا جمع کرکے اس کا اٹلس تیار کیا ہے۔ توقع ہے کہ اس طرح صحت اور امراض کے علاج کی راہ ہموار ہوگی۔
ویلکم سینگر سینٹر سے وابستہ محقق ڈاکٹر سارہ ٹایخماں نے بتایا کہ ’ہیومن سیل اٹلس‘ کو انسانی جسم کا گوگل میپ کہا ہے۔ اس میں بافتوں (ٹشوز) کی راہداریوں پر موجود طرح طرح کے انسانی خلیات اور کارکردگی کو دیکھا جاسکتا ہے۔
آخری اضافے کے تحت 24 انسانی بافتوں اور اعضا سے مزید پانچ لاکھ خلیات کو شامل کیا گیا ہے جن میں دل، جلد، اور دیگر خلیات شامل ہیں۔ ان سب کی تفصیلات ’سائنس‘ نامی جرنل میں 13 مئی کو چار مقالوں میں شائع ہوئی ہیں۔ مجموعی طور پر 83 ممالک کے 2300 سائنسدانوں نے اس میں حصہ لیا ہے۔
اسے انسانی جینوم پروجیکٹ کا ہم پلہ بھی قرار دیا جاسکتا ہے جس میں انسانی سرگرم جین کا پورا ڈرافٹ شامل ہے۔ منصوبے سے وابستہ اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر اسٹیفن کویک کہتے ہیں کہ ہم انسانی جینوم کو ہی زندگی کی اصل کتاب کہتے ہیں جو درست نہیں، ہرانسانی خلیہ اپنی جگہ اہمیت رکھتا ہے اور اسکا جائزہ لے کر ہم مختلف خلیات کے درمیان روابط، تندرستی، بیماری اور دیگر کیفیات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

اب گوگل میپ میں زمینی مناظرمیں فضائی مناظر بھی شامل

سان فرانسسكو: (ویب ڈیسک) اگرچہ گوگل 2022 ڈویلپر کانفرنس اسی ہفتے میں منعقد ہورہی ہے جس میں کئی اہم تبدیلیاں متوقع ہیں لیکن پہلی تبدیلی یہ ہے کہ کئی ممالک کے لیے گوگل میپس کےاسٹریٹ ویو میں فضائی (ایئریل یا ڈرون) منظر بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس طرح بہت ڈرامائی انداز میں بلندی سے شروع ہوتا ہوا منظر زمین پر جاکر ختم ہوتا ہے۔
گوگل نے اپنے میپس پر روایتی نقشوں کو بہتر بنانے پر توجہ رکھی ہے اور دنیا کا قدرے بہتر اور انٹرایکٹو ماڈل سامنے آسکے گا۔ لیکن پاکستان میں ایئریل ویو تو کجا اسٹریٹ ویو مناظر بھی دکھائی نہیں دیتے۔ تاہم یہ سہولت امریکہ اور یورپ کے لیے پیش کی گئی ہے۔
تاہم اس ہفتے ہونے والے گوگل آئی او سمٹ میں ہونے والا ایک اہم اعلان ہمارے سامنے آگیا ہے جس میں گوگل نقشے میں مختلف مقامات کی مزید تفصیلات، اہم عمارتوں، ریستورانوں، عوامی مقامات کی واضح تصاویر بھی دیکھی جاسکیں گی تاکہ آپ وہاں جانے سے قبل گھر بیٹھے ہی ان کے متعلق بہت کچھ جان سکیں گے۔
گوگل میپس کی یہ تفصیلات صارفین کے ساتھ ساتھ خود تاجروں اور کاروباری حضرات کے لیے بہت مفید ہوگا۔ اس طرح لوگ آن لائن اپنے کاروبار کی بہتر تشہیر کرسکیں گے۔ اسکرین پر کسی جگہ کی مصنوعات کے اشتہارات اور دیگر تفصیلات بھی ازخود سامنے آجائے گی۔ اسی طرح سیاحتی مقامات کے متعلق مزید سہولیات جاننا بھی ممکن ہوگا۔
یورپ کے سافٹ ویئر ڈویلپر ’اے آر کور جیوسپیشل اے پی آئی‘ نظام کے تحت میپس پر اپنی جانب سے اے آر (آگمینٹڈ ریئلٹی) فیچر بھی شامل کرسکیں گے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ گوگل میپس میں اے آر کی شمولیت پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں 4 روز کے لیے سی این جی اسٹیشنز بند

کراچی: (ویب ڈیسک) سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسم گرما میں بھی سی این جی اسٹیشنز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز جمعہ سے 4 روز کے لیے بند کردیے گئے۔
سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز 16 مئی کی صبح 8 بجے کھولے جائیں گے۔

متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زاید النہیان سپردخاک

ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زاید النہیان کوسپرد خاک کردیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شیخ محمد بن زاید النہیان، خاندان کے دیگرافراد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر نے شیخ سلطان بن زاید مسجد میں مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی نماز جنازہ میں شرکت کی جس کے بعد انہیں البطین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پرمسجد الحرام اورمسجد نبوی میں شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر ملک میں 40 روز کا سوگ منایا جارہا ہے۔
شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے اور انہوں نے اپنے والد شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی وفات کے بعد یواےای کی قیادت سنبھالی تھی۔

روس کے ممکنہ جنگی جرائم کے باعث ایک ہزار افراد ہلاک، یو این اہلکار

لاہور: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں کمنر برائے انسانی حقوق نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے ممکنہ جنگی جرائم کے باعث ایک ہزار افراد ہلاک ہوئے۔
اقوام متحدہ کی کمشنر برائے انسانی حقوق میشیل بیشیلٹ کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں یوکرینی دارالحکومت کییف کے قریب ایک ہزار لاشیں ملی ہیں۔
بیشیلٹ نے کہا کہ بہت سے ہلاک افراد روس کے ممکنہ جنگی جرائم کا نشانہ ہو سکتے ہیں۔ انہوں نےجنیوا میں قائم ہیومن رائٹس کونسل کو بتایا کہ یہ غیر قانونی ہلاکتیں انتہائی حیرت ناک ہیں۔
واضح رہے کہ کونسل یہ فیصلہ کرے گی کہ اس سال فروری اور مارچ میں کییف اور یوکرین کے دیگر علاقوں میں رونما ہونے والے واقعات کی تحقییقات کی جائے یا نہیں۔
دوسری جانب روس نے یوکرین کے خلاف اپنی فوجی کارروائی میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین سے اسلحوں کا خاتمہ چاہتا ہے۔

مہندا راجاپاکسے ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے، سری لنکن عدالت

سری لنکا: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں ایک عدالت نے سابق وزیر اعظم مہندا راجاپاکسے اور ان کے قریبی اتحادیوں کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اس ہفتے حکومت مخالف مظاہرین اور راجاپاکسے کے حمایتیوں کے مابین تصادم کے بعد سابق وزیراعظم نے اسی ہفتے پیر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سری لنکا شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے اور کئی ہفتوں سے ملک گیر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ عدالت کی جانب سے مہندا راجاپاکسے ان کے بیٹے نمل اور پندرہ قانون سازوں کو کہا گیا ہے کہ وہ ملک نہیں چھوڑ سکتے۔
عدالت کی جانب سے پولیس کو بھی حکم دیا گیا ہے کہ وہ حکومت مخالف مظاہرین پر حملوں کی شفاف تحقیقیات کرے۔ ان پر تشدد واقعات میں 225 افراد کو اسپتال جانا پڑا تھا۔

عوام امپورٹڈ حکومت کیخلاف کھڑے ہو چکے ہیں، آج سیالکوٹ جاؤں گا، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج سیالکوٹ جاؤں گا، عوام اب ان کے خلاف کھڑے ہو چکے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کے بعد کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ میں آج سیالکوٹ جاؤں گا اور امپورٹڈ حکومت نے سیالکوٹ میں کارکنوں کے خلاف جو کیا وہ اشتعال انگیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں کا یہ گروپ ضمانت پر رہا ہے اور لندن میں مافیا باس نے ہمیشہ مخالفین کے خلاف فاشسٹ ہتھکنڈے استعمال کیے جبکہ ہماری حکومت نے کبھی ان کے کسی جلسے اور دھرنے کو نہیں روکا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم جمہوریت کے لیے پرعزم ہیں اور میں آج سیالکوٹ میں ہوں گا۔ لوگ امپورٹڈ حکومت کے خلاف عشا کی نماز کے بعد اپنے علاقوں میں باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ اقتدار میں ہوں تو سپریم کورٹ پر دھاوا، ماڈل ٹاؤن قتل و غارت، ججوں کو رشوت دیتے ہیں اور یہ جب اپوزیشن میں ہوتے تو جمہوریت کا غلط استعمال کرتے ہیں اور تمام جمہوری اصولوں کو مکمل طور پر تباہ کرتے ہیں۔ عوام اب ان کے خلاف کھڑے ہو چکے ہیں۔

تحریک انصاف نے سیالکوٹ میں جلسے کا مقام تبدیل کرلیا

سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے سیالکوٹ میں جلسے کا مقام تبدیل کرلیا۔ اب جلسہ وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔ شفقت محمود نے کہا کہ پرامن لوگوں پر تشدد کیا گیا، خواجہ آصف کے کہنے پر انتظامیہ حرکت میں آئی، اپنا جمہوری اور آئینی حق استعمال کر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پر امن لوگوں پر تشدد کیا گیا، خواجہ آصف کے کہنے پر انتظامیہ نے تشدد کیا، گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، عثمان ڈار اور دیگر کو فوری رہا کیا جائے، سیالکوٹ میں جلسہ ہر صورت ہوگا۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ عمران خان شام 6 بجےسیالکوٹ پہنچ جائیں گے، ہم جمہوری طریقے سے اپنا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے، حکومت تشدد کا راستہ اختیار کرنے پرتلی ہوئی ہے، جو بھی نتائج ہوں گے اس کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

عمران خان کی عوام میں مقبولیت دیکھ کر بچہ حکمران گھبرا گیا: پرویزالٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے، عمران خان کی عوام میں مقبولیت دیکھ کر بچہ حکمران گھبرا گیا۔
چودھری پرویز الہی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ انشاء اللہ ہونا ہے، لازمی ہونا ہے، جلسہ کرنا پی ٹی آئی کا بنیادی حق ہے، بغیر خرچے کے جلسے کی تشہیر پر عثمان ڈار کی طرف سے حمزہ شہباز کو شکریہ ادا کرنا چاہیے، جلسے کی تشہیر اور جوش پیدا کرنے کا مشکل کام جو اکیلا عثمان ڈار کر رہا تھا وہ ن لیگ اور حمزہ شہباز نے لے لیا ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ایک چیز کھل کر سامنے آئی ہے کہ بچہ حکمران گھبرا گیا ہے، جمہوریت کی خدمت کا جو یہ دعویٰ کرتے ہیں اس کو پورا نہیں کرتے۔