مسیحی برادری چرچ گراؤنڈ میں جلسے کیخلاف ہے، مریم نواز

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسیحی برادری چرچ گراؤنڈ میں جلسے کے خلاف ہے اور اسے عبادت گاہ کی توہین قرار دے رکھا ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سیالکوٹ واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اقلیتوں کے حقوق کی رکھوالی کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور مسیحی برادری احتجاج کر رہی ہے کہ چرچ کی گراونڈ میں جلسہ عبادت گاہ کی توہین ہے۔
انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کرنا آپ کا حق ہے مگر مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

نیسلے ہیڈ کی وزیر اعظم سے ملاقات، افغان سیلاب زدگان کیلئے 60 ہزار لٹر پانی کا عطیہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیسلے پاکستان خوراک اور مشروبات تیار کرنے والی پاکستان کی ایک بڑی کمپنی ہے جو ملک کے دور درازعلاقوں میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہر روز مصنوعات اور سروسز کی پیشکش کرتی ہے۔ نیسلے پاکستان کے پیداواری یونٹ اس وقت ملک بھر میں کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں نیسلے پاکستان کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز وقار احمد ۔
اور جنرل منیجر نیسلے واٹرز عبداللہ جاوید نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کی اور افغانستان میں سیلاب زدگان کےلئے امدادی اشیاءپہنچانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ نیسلے واٹر کی طرف سے 60 ہزار لٹر پینے کا پانی افغانستان میں حالیہ سیلاب کے پیش نظر متاثرین کےلئے عطیہ کیا گیا۔ پینے کا یہ صاف پانی سیلاب زدگان کو موذی بیماریوں سے بچانے میں مدد فراہم کریگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیسلے کی طرف سے یہ فلاحی کام قابل تحسین قرار دیا۔ وقار احمد نے نمائندہ خبریں سے اپنی گفتگو میں بتایا ہم نے 1988ءمیں ملک پیک لمیٹڈ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت پاکستان میں کاروبار کا آغاز کیا جبکہ 1992ءمیں نیسلے پاکستان نے ملک پیک لمیٹڈ کے انتظامی امور سنبھالے تھے۔ گزشتہ کئی برسوں سے نیسلے پاکستان کا شمار پاکستان سٹاک ایکسچینج کی سرفہرست کمپنیوں میں ہوتا آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم سال 2021ءمیں اپنے آپریشنز کو مزید پائیدار بنانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
ہم اپنی 100 فیصد پیکیجنگ کو 2025ءتک ری سائیکل کرنے یا دوبارہ قابل استعمال بناکر مستقبل میں بہتر ماحول کےلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ اسی طرح ہم اپنے گرین ہاﺅس گیسز کے اخراج کو 2030ءتک نصف اور 2050ءتک صفر تک لانے کا ہدف پورا کرلیں گے۔ گزشتہ 8 سال کے دوران پاکستان میں پانی کی فی کس سالانہ دستیابی میں 463 مکعب میٹر کمی ہوئی ہے۔ نیسلے پاکستان لمیٹڈ نے دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر واٹر پلان تشکیل دیا ہے تاکہ ملک میں دستیاب آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کے ساتھ ساتھ شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

سیالکوٹ جلسہ ضرور ہوگا،کوئی ہلاکت ہوئی تو حکومت ذمہ دار ہوگی، شاہ محمود

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ حکومت جو آگ لگا رہی ہے وہ سیالکوٹ تک محدود نہیں رہے گی۔ کوئی ہلاکت ہوئی تو پنجاب حکومت ذمہ دار ہوگی۔ کارکن اس قسم کے ہتھکنڈوں کے خلاف تیار ہو جائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آج سیالکوٹ میں جلسے کیلئے ضلعی حکومت سے اجازت لی تھی۔جلسہ گاہ کا تعین انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے اتفاق رائے کے بعد کیا گیا تھا۔گزشتہ رات تک ضلعی انتظامیہ اور ہمارے کارکنان مل کر انتظامات کو حتمی شکل رہے تھے۔
ان کاکہنا ہے کہ رات تک سب ٹھیک چل رہا تھا، اوپر سے ایک فون آیا اور انتظامیہ کا رویہ تبدیل ہو گیا۔سمجھ سے بالاتر ہے کہ آج وہ ماحول کو خراب کرنے پر کیوں تلے ہوئے ہیں۔ہمارے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور انہیں بلاجواز گرفتار کیوں کیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ لندن جانے سے پہلے مسلم لیگ ن کی پالیسی کچھ اور تھی۔ میرے خیال میں یہ ایک نیا لندن پلان ہے جس پر عمل شروع کر دیا گیا۔ ہفتہ 10 دن پہلے انتظامیہ کہاں تھی؟ پنجاب کی انتظامیہ بلاوجہ نہ گھبرائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں قانونی حق سے نہیں روکا جاسکتا۔آج پنجاب میں ہمارا پہلا جلسہ منعقد نہیں ہو رہا۔ہم نے اٹک، جہلم، میانوالی میں پر امن جلسے منعقد کیے۔ کاکارکنان جلسے میں شرکت کیلئے نکلیں گے اور جلسہ شیڈول کے مطابق ہو گا۔عمران خان آج سیالکوٹ تشریف لائیں گے اور خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ کارکنان پر کسی قسم کا تشدد کیا گیا تو اس کے ذمہ دار حمزہ شہباز اور ضلعی انتظامیہ ہو گی۔ہم اپنے پرامن احتجاج کے آئینی حق سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پھر کہہ رہا ہوں ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، قانونی اور آئینی فیصلے کریں۔ ہمارے گرفتار کیے گئے کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

سیالکوٹ واقعہ: عمران خان کا نوٹس، اہم قائدین کو فوری سیالکوٹ پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سیالکوٹ واقعے پر عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے پارٹی کے اہم قائدین کو فوری سیالکوٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
چیئرمیں پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ریاستی طاقت کے استعمال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان کی ہدایت پر شفقت محمود، فواد چودھری اور دیگر رہنماء سیالکوٹ چلے گئے۔

عمران خان مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کا احترام کریں، وفاقی وزیر اطلاعات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان مسیحی برادری اور ان کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فاشسٹ اور کرپٹ کو عوام جگہ نہیں دینا چاہتے تو اس میں حکومت کہاں سے آ گئی ؟ اگر لوگ نجی ملکیتی جگہ دینے کو تیار نہیں تو اس میں رانا ثنا اللہ کا کیا قصور ہے ؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان یہ چاہتے ہیں کہ زبردستی نجی ملکیت پر جلسے کا بندوبست کیا جائے۔ عمران خان اور ان کی جماعت مسیحی برادری اور ان کے مذہبی جذبات کا احترام کرے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت مسیحی کمیونٹی کے احتجاج کو نظر انداز نہیں کر سکتی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسپورٹس جمنازیم پسرور پر جلسہ کرنے کی تجویز کیوں قبول نہیں ؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کا مقصد صرف تماشا لگانا ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے اورڈیزل میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری مکمل کر لی۔پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر اورڈیزل میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آج اہم فیصلہ متوقع ہے۔ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری آج حکومت کو بجھوائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر دی جانے والی سبسڈی ختم کی جائے گی۔
سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کر تے ہوئے پہلے مرحلے میں پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لٹر اور ڈیزل میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول پر 21 روپے 30 پیسے اور ڈیزل پر 51 روپے 52 پیسے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔ حکومت نے گزشتہ 15 روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی تھی۔
یا درہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی سبسڈی کو محدود کیا جائے اور پیٹرول پر جنرل سبسڈی ختم کی جائے۔

چینی باشندوں کو نشانہ بنانا پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی سازش ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کو نشانہ بنانا پاک چین دوستی کو کمزور کرنے کی سازش ہے، پاکستان اور چین کا رشتہ لازوال ہے جو کبھی کمزور نہیں ہوگا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں گزشتہ دنوں چینی اساتذہ حملے میں مارے گئے، کراچی میں چینی شہری دہشتگردی کا نشانہ بنے، دہشتگردی کے واقعہ میں چینی شہریوں کی اموات پر دکھ ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، پاک چین دوستی ریاست اور عوام کی سطح پر ہے، چینی شہری ہمارے مہمان ہیں، ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، مذہب کا استعمال کر کے ہمارے شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔

جلسے نہ کرنے دیےتو لانگ مارچ کا اعلان ہوسکتا ہے، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی کی جانب سے جلد لانگ مارچ کے اعلان کا عندیہ دے دیا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل فیصل آباد اور 20 مئی کو ملتان کا جلسہ بھی نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
انکا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت فاشسٹ ہے ،یہ ڈکٹیٹر حکومت سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔لانگ مارچ کی طرف لوگ جارہے ہیں ،اعلان جلد ہوسکتاہے۔طاقت کا استعمال کیاگیا تو پی ٹی آئی اور بھی اٹھے گی۔
انہوں نے کہاہے کہ 17سے 18مئی تک پی ٹی آئی گرفتاریاں شروع کردی جائیں گی۔حکومت ملک میں حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔ یہ حکومت بےنقاب ہونےجارہی ہے اس لیے انارکی کی طرف بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ ملک انتشار کی طرف بڑھ رہاہے ۔پاکستان نادہندہ ہونے کی طرف جارہاہے۔ ملک کوخانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہاہے۔آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہیں۔جولوگ اداروں کو کمزور اوربےخبرسمجھتے ہیں وہ عقل کےاندھے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ عمران خان کے لیے جو سازش کی گئی اور گڑھابنایا گیا اپوزیشن اس میں خود گرگئی۔آصف زرداری نے ن لیگ سے پرانا قرض بمعہ سود واپس لےلیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ان سے حکومت نہیں چل رہی،یہ حکومت 2ووٹوں کی ہے۔چار دن کی لندن یاترا ن لیگ سے مزید غلط فیصلے کرائے گی۔ لندن یاترا ن لیگ کو مزید پھسائے گی اور ملک کو ڈیفالٹ کرائے گی۔یہ رہے تو ڈالر 200پر جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں شہبازاور حمزہ پر فردجرم آج عائد ہونی تھی۔ منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کو طاقت اور بہانے کےزورپر ملتوی کیا جارہاہے۔
انکا کہنا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی کو ہٹادیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے ثنااللہ عباسی نے منی لانڈرنگ کیس واپس لینے سے انکار کر دیا تھا۔جس نیب کے قانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں، اسے ختم کیا جا رہا ہے۔

کراچی اور لاہور سمیت میدانی علاقوں میں شدید گرمی

کراچی، لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی اور لاہور سمیت میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ وسطی میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔
شہری دن 11بجے سے 4 بجے تک غیرضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 40 سے 50 فیصد رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روزمیں درجہ حرارت دو سے تین پوائنٹ کم ہوگا۔ 17مئی سے گرمی کی لہر دوبارہ شدت پکڑے گی۔
آئندہ دو روز تک حیدر آباد، بدین ،میرپور خاص،عمر کوٹ ، سانگھڑ میں پارہ 46 ڈگری کو چھو سکتا ہے۔
لاہور میں آج پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور جنوبی میدانی اضلاع میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اورآزاد کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔اسلام آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہےسرگودھا، میانوالی ، بھکر، لیہ ، ڈی جی خان اور ملتان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کےزیراثررہیں گے۔ واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے پر الرٹ جاری کر رکھا ہے۔

سرکاری حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی مکمل،قرعہ اندازی 15 مئی کو ہو گی

لاہور: (ویب ڈیسک) بینکوں اور آن لائن طریقے سے سرکاری حج سکیم میں درخواستیں جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا ۔ ملک بھر سے 63ہزار سے زائد خواہشمندوں نے حج درخواستیں جمع کرائیں ۔
سرکاری حج اسکیم کیلئے 63 ہزار666 حج درخواستیں جمع ہوئیں۔ پاکستان کیلئے ٹوٹل حج کوٹہ اکاسی ہزار مقرر ہے۔
سرکاری حج کوٹہ پر بتیس ہزار لوگ حج کرسکیں گے۔۔دیگر افراد پرائیویٹ سہولت کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی 15 مئی کو ہوگی۔سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات سات سے دس لاکھ روپے ہوں گے۔
رواں سال 40 فیصد کوٹہ سرکاری جبکہ 60 فیصد پرائیوٹ حج آپریٹر کو دیا گیا ہے۔ پاکستانی ایئرلائن حج آپریشن میں حصہ لیں گی۔