کراچی (5 مئی 2026): پاکستان میں اس بار عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری ملازمین طویل ترین چھٹیوں کا مزا اٹھا سکتے ہیں۔
مسلمانوں کا دوسرا بڑا تہوار عیدالاضحیٰ قریب آ رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے عید کے موقع پر کئی روز کی عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس سال عیدالاضحیٰ بدھ 27 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جب کہ حکومت ہر سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر 9 ذی الحج سے عید تعطیلات کا اعلان کرتی ہے۔
اگر ماہرین فلکیات کی پیشگوئی درست ہوتی ہے تو سرکاری ملازمین ممکنہ طور پر 9 روز طویل چھٹیوں کا مزا لے سکیں گے۔
عیدالاضحیٰ سے قبل 23 اور 24 مئی کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی جب کہ ممکنہ طور پر 26 سے 29 مئی تک عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا اعلان ہو سکتا ہے جب کہ اس کے بعد 30 اور 31 مئی کو ایک بار پھر ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔
اگر حکومت 25 مئی کی چھٹی کا اعلان نہ بھی کرے تو امکان ہے کہ اپنے جائے ملازمت سے دور بیرون شہر یا بیرون صوبہ رہنے والے ملازمین پیر کی چھٹی لے کر اپنے گھر جائیں گے۔ اس طرح سرکاری ملازمین عیدالاضحیٰ پر ایک ساتھ 9 چھٹیوں کو انجوائے کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان ہر سال 10 ذی الحج کو عیدالاضحیٰ کا تہوار مناتے ہیں اور صاحب استطاعت افراد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی اللہ کے حضور پیش کرتے ہیں۔




































