تح جنگ(بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح ضلع اٹک میں بھی اجتماعی شادیوں کے پروگرام ”دھی رانی” کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ اٹک انعم بابر نے کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران فوکل پرسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسیب خالد نے شرکاء کو ”دھی رانی” پروگرام کے تحت ضلع اٹک میں اجتماعی شادیوں کے انعقاد، مستحق جوڑوں کی شرکت اور دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماعی شادیوں کے پروگرام میں ضلع بھر سے تقریباً 98 جوڑے شرکت کریں گے، جن کے لیے حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لیے مستحق جوڑوں اور ان کے اہل خانہ کو سہولیات کی فراہمی، تقریب کے انتظامات، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، کھانے پینے، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امور کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔اجلاس میں مختلف متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی اپنے اپنے شعبوں سے متعلق انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی اور پروگرام کے انعقاد کو بہتر اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ انعم بابر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ”دھی رانی” پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریب کو شایان شان انداز میں منعقد کرنے کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور مستحق جوڑوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ”دھی رانی” پروگرام حکومت پنجاب کا ایک فلاحی اقدام ہے جس کا مقصد مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بیٹیوں کی اجتماعی شادیوں کے ذریعے معاونت کرنا اور ان خاندانوں کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام میں شریک تمام جوڑوں اور ان کے خاندانوں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
