اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی اور
یورپ کی بڑی بندرگاہوں کے درمیان براہ راست شپنگ رابطہ بحال کر دیا گیا ہے جس سے طویل سفری دورانیے اور اضافی مال برداری اخراجات کا سامنا کرنے والے برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ برآمدکنندگان کیلئے میڈیٹیرینین شپنگ کمپنی نے اپنی پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کر دی ہے جس کے تحت کراچی سے یورپ کیلئے ہفتہ وار براہ راست شپنگ رابطہ فراہم کیا جائے گا۔وزیر بحری امور کے مطابق ایم ایس سی کا جہاز کراچی گیٹ وے ٹرمینل انٹرنیشنل پر ہر ہفتے لنگر انداز ہوگا اور کولمبو کے راستے یورپ کی اہم بندرگاہوں فیلکس اسٹو، روٹرڈیم، ہیمبرگ، بریمر ہیون، اینٹورپ، لے ہاور اور لندن گیٹ وے سے منسلک ہوگا۔محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یورپ کیلئے مخصوص شپنگ سروس کی بحالی برآمدی صنعت، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے کیلئے اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ بحری رابطے کی بحالی سے کراچی سے یورپ کی اہم منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی اور ملکی برآمد کنندگان کو سہولت ملے گی۔
