کراچی (بی این پی)قومی چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے جس سے انہیں فائدہ اٹھانا چاہئے۔ نیشنل سٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ حسین طلعت،آصف علی اور شاہین آفریدی کو پی ایس ایل تھری میں عمدہ کارکردگی پر موقع دیا گیا تاکہ وہ اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اپنے انتخاب کو درست ثابت کریں۔حسین طلعت نے اپنے عمدہ کھیل سے بہت متاثرکیا۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں زیادہ سے زیادہ نوجوان کرکٹرز کو اعتماد اور تجربہ فراہم کرنا ہو گا تاکہ مستقبل کے بڑے ایونٹس کیلئے پاکستان کے پاس بیک اپ موجود ہو۔ حسین طلعت کی عمدہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں کیونکہ گرین شرٹس نے خود کو ورلڈ نمبر ون ٹی ٹونٹی ٹیم ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں پاکستان نے ہوم گراو¿نڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ حریف ٹیم میں کتنے تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں کیونکہ انٹرنیشنل میچ کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہتی ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ اپنی آب و تاب کے ساتھ بحال ہو جائے گی۔
سابق لیجنڈری بیٹسمین کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان کرکٹرز کیلئے بھی بڑا خوش آئند تجربہ ہے کیونکہ ہوم گراو¿نڈز پر انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا زیادہ سے زیادہ موقع ملے گا۔
ٹی20 سیریزمیں ینگسٹرزکوآزمانااچھارہا

