راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے تھانہ کوٹلی ستیاں کے مقدمہ قتل میں نامزد ملزم کو الزام ثابت ہونے پر موت کی سزا سنادی ہے عدالت نے مقتول کے ورثا
کو 10 لاکھ روپے بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے 23 جون 2023 کو مقتول کے بھائی طارق محمود کی مدعیت میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ جس میں الزام تھا وہ اپنے مقتول بھائی خالد محمود کے ساتھ جانوروں کی خریداری کے بعد گھر جا رہا تھا کہ نفیس احمد جو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پہلے سے مسلح ہو کر تاک میں بیٹھا تھا ہمیں دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جس سے اس کا بھائی جان کی بازی ہار گیا۔ گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے نفیس احمد کو موت کی سزا کے ساتھ مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے بطور ہرجانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزم کی موت واقع ہونے تک پھانسی پر لٹکایا جائے اور ہرجانے کی عدم ادائیگی پر ملزم کی جائیداد فروخت کر کے رقم وصول کی جائے۔
