All posts by Daily Khabrain

چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیرکا ایئرپورٹ حکام سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا

لاہور(ویب ڈیسک) چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد کی جانب سے حکام کو دھکے دینے کا نوٹس لے لیا ہے۔زرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گزشتہ روز اسلام آباد ایئر پورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا محمد کی جانب سے حکام کے ساتھ بدتمیزی اور انہیں دھکے دینے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے گلگت بلتستان کے وزیر فدا محمد خان اور پی آئی اے حکام کو کل لاہور رجسٹری پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان کے وزراءکے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیرسیاحت فدا خان کو عملے نے جھوٹ بول کر جذباتی کیا، معاملہ رفع دفع ہوگیا ہے اور اگر وزرا کے رویئے سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہوئی تو صوبائی وزیر فدا حسین آگ بگولہ ہوگئے اور شفٹ انچارچ سے بدتمیزی کی اور دھکے دیئے تھے۔ صوبائی وزیر کی جانب سے کی جانے والی بدتمیزی کی ویڈیو ایئر پورٹ پر موجود کسی نامعلوم شخص نے اپنے موبائل فون کیمرے میں عکس بند کرلی تھی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی گئی اور الیکٹرونک میڈیا کے ذریعے یہ خبر پورے ملک میں پھیل گئی۔

جاوید اختر اور شبانہ اعظمی کی فیض میلے میں شرکت کیلیے پاکستان آمد

لاہور(ویب ڈیسک) بھارتی شاعر جاوید اختر اور ان کی اہلیہ اداکارہ شبانہ اعظمی فیض میلے میں شرکت کے لیے واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔زرائع کے مطابق بھارتی ادیب جاوید اختر اور اداکارہ شبانہ اعظمی واہگہ بارڈر کے راستے تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ دونوں فیض میلے میں شرکت کریں گے۔شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی،اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے دونوں ممالک میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیار اور محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے ہونے چاہئیں۔

انور مجید کو کراچی سے لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل

کراچی(ویب ڈیسک) اومنی گروپ کے مالک انور مجید کو راہداری ریمانڈ پر کراچی سے لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید کو راہداری ریمانڈ پر کراچی سے لاہور منتقل کئے جانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔انور مجید کو کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے حوالات کی سکیورٹی کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں، ہر ٹیم کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے کا افسر کرے گا، تمام افسران کا ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیا ہے جب کہ ہر ٹیم 4 افسران پر مشتمل ہوگی۔واضح رہے کہ انور مجید کا تعلق سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے جب کہ انور مجید کے خلاف 74 ارب کی منی لانڈرنگ کا کیس چل رہا ہے۔

ایس پی طاہر قتل کیس کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

اسلام آباد/ پشاور(ویب ڈیسک) ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی جب کہ شہید کے لواحقین کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق افغانستان میں شہید ہونے والے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا اور قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی ہے، جے آئی ٹی 7 اراکین پر مشتمل ہے جس میں پولیس، انٹیلی جنس اور سی آئی ڈی افسران بھی شامل ہیں اور اس کی سربراہی ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے۔دوسری جانب خیبر پختون خوا حکومت نے شہید طاہر داوڑ کے لواحقین کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے شہید پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ایس پی طاہر داوڑ بی پی ایس 17 میں خدمات سر انجام دے رہے تھے، اس لیے کے پی حکومت نے ان کی بہترین خدمات اور شہادت پر پیکیج کا اعلان کیا جس میں مالی امداد اور پلاٹ بھی شامل ہے۔شوکت یوسف زئی کے مطابق شہید ایس پی کی 60 سالہ ریٹائرمنٹ تک ان کی اہلیہ کو تنخواہ دی جائے گی، ان کے ایک بیٹے کو اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گا اور شہید کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکالرشپ دی جائے گی جب کہ شہید کی بیوہ اور بچوں کو مفت طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے کہ طاہر داوڑ کو گزشتہ ماہ اسلام آباد کے علاقے جی ٹین فور سے اغوا کیا گیا تھا اور افغان وزارت خارجہ کے مطابق ان کی لاش ننگر ہار کے ضلع دربابا میں مقامی لوگوں کو ملی تھی جسے انہوں نے پاکستان کے حوالے کیا۔ بی بی سی کے مطابق خراسان ولایہ نامی تنظیم نے طاہر خان کے اغوا اور شہید کرنے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز خان نے لاپتہ ہونے کی تردید کردی

اسلام آباد(ویب ڈیسک)اسلام آباد سے پراسرا طور پر لاپتہ ہونے والے سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز محسود کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہوں نے اپنی گمشدگی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈی آئی خان میں رشتہ داروں سے ملنے آئے ہیں۔ایاز خان کی اہلیہ نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ ان کے شوہر آبپارہ کے قریب اپنے دفتر سے جمعرات کی شام جی 13 گھر جانے کے لیے نکلے مگر گھر نہ پہنچے اور بعد میں رات 8 بجے فون پر بتایا کہ کورنگ ٹاﺅن میں ہیں۔اہلیہ کے مطابق ایاز خان نے فون پر بات کرتے ہوئے تین غیر متعلقہ افراد کے ساتھ ہونے اور پریشانی کا ذکر کیا،اس کے بعدسے ان کا فون مسلسل بند ہے ، ایاز خان کی بیٹی کی ہفتہ کو شادی ہے ، اہلیہ نے ایاز خان کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد ایاز خان کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا جس میں وہ اپنی خیریت سے ہونے کی اطلاع دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ڈی آئی خان میں رشتہ داروں کے پاس ہیں۔ایاز خان نے کہا کہ ان کا موبائل فون خراب تھا جس کی وجہ سے وہ گھر والوں سے رابطہ نہیں کرسکے۔

بیماری ڈرامہ ،ڈاکٹر عاصم ہٹا کٹا،چاق و چوبندحالت میں واک کی ویڈیو وائرل

کراچی (خصوصی رپورٹ) سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی چاق و چوبند حالت میں واک کرتے ہوئے ویڈیو سامنے آ گئی ویڈیو ناظم آباد جم خانہ کی ہے نجی ٹی وی کی جانب سے جاری ڈاکٹر عاصم حسین کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین نے ٹریکنگ سوٹ پہن رکھا ہے اور وہ تیزی سے واک کررہے ہیں اور ان کے ہاتھ میں کوئی لاٹھی بھی نہیں ہے اور وہ بڑے توانا اور چاک و چوبند نظر آ رہے ہیں واضح رہے کہ ڈاکٹر عاصم حسین جب انسداد دہشت گردی یا احتساب عدالت میں پیش ہوتے ہیں تو انہوں نے ہاتھ میں لاٹھی پکڑ رکھی ہوتی ہے اور سر پر ٹوپی پہن کر رکھی ہوتی ہے اور ہاتھ میں تسبیح ہوتی ہے اور وہ عدالت کو ہمیشہ بتاتے ہیں کہ وہ بیمار ہیں۔

ن لیگ کا یو ٹرن،اعلیٰ قیادت تیل دیکھو تیل کی دھار دیکھو والی پالیسی پرگامزن

لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) نے موجودہ سیاسی حالات کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے عدلیہ سمیت اہم اداروں کے ساتھ مصالحانہ پالیسی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ( ن)کے مشاورتی اجلاس میں طے پایا کہ میاں نوازشریف سمیت سینئر قیادت،عدلیہ سمیت دوسرے اداروں کے ساتھ محتاط رویہ اپنائے گی ،آئین کا مکمل احترام کرنے کیساتھ ساتھ تصادم کی پالیسی سے گریز کیا جائے گا،پارٹی کو احتجاج اور جلا گھیرا کی طرف لے جانے کی بجائے تیل دیکھو اورتیل کی دھار دیکھو کی پالیسی پر سیاست کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ( ن)کے مشاورتی اجلاس میں نئی پالیسی سے رہنماں اور ارکان اسمبلی کو آگاہ کر دیا گیا ۔مشاورتی اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں پر تحریک انصاف کو پارلیمینٹ کے اندر اور باہر بھرپور ہدف تنقید بنایا جائیگا۔

بھٹہ مزدور کے نام پر 27گاڑیاں،ماہانہ1 1ہزار کمانے والے کو 93لاکھ ٹیکس کا نوٹس

ٹانک (خصوصی رپورٹ) جعلی اکاﺅنٹس کے بعد اب ٹانک کے رہائشی بھٹہ خشت مزدور کے نام 27 گاڑیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ایف بی آر نے محنت کش کو 93 لاکھ کا نوٹس تھما دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹانک کے علاقہ شیخ اوتار کے رہائشی غریب بھٹہ مزدور کے نام پر 27 گاڑیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد اب ایف بی آر نے بشیر احمد نامی شخص کو پہلے 93 لاکھ کا ٹیکس نوٹس جاری کیا جبکہ اب ٹیکس ادا نہ کرنے پر وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔بھٹہ مزدور بشیر احمد نامی شخص نے کہا کہ وہ ایک غریب شخص ہے اور اس نے اب تک کوئی گاڑی نہ خریدی اور نہ ہی بیچی ہے،ہانہ گیارہ ہزار روپے پر مزدوری کرتا ہوں اور اپنے گھر کو چلاتا ہوں۔