All posts by Daily Khabrain

دہشت گردی کو بھارت سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں

اسلام آباد(ویب ڈیسک)نئے تعینات آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ دہشت گردی کو پاکستان کے لیے بھارت سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنرل قمرباجوہ فوج کی سب سے بڑی 10 ویں کور کو کمانڈ کرچکے ہیں جو کنٹرول لائن کے علاقے کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔ قمر جاوید باجوہ کو کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں معاملات کو سنبھالنے کا وسیع تجربہ ہے بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی۔ انہوں نے 10 ویں کور میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر بھی بطور جی ایس او خدمات انجام دی ہیں۔ کشمیر اور شمالی علاقوں میں تعیناتی کا وسیع تجربہ رکھنے کے باوجود کہا جاتا ہے کہ جنرل قمر دہشت گردی کو پاکستان کے لیے بھارت سے بھی بڑا خطرہ سمجھتے ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل قمرجاوید باجوہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کے ساتھ بطور بریگیڈ کمانڈر کام کرچکے ہیں جو وہاں ڈویژن کمانڈر تھے۔ وہ ماضی میں انفنٹری اسکول کوئٹہ میں کمانڈنٹ بھی رہ چکے ہیںان کا تعلق انفنٹری کی بلوچ رجمنٹ سے ہے جہاں سے ماضی میں تین آرمی چیف آئے ہیں اور ان میں جنرل یحی خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل کیانی شامل ہیں۔

ساڈا حق ایتھے رکھ

کوئٹہ(ویب ڈیسک)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عوام نے ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کو پوچھنا چھوڑ دیا ہے، ہمارے پاس بھی اتنا وقت نہیں ہے کہ ان کے جھگڑوں کو دیکھیں،ساڈا حق ایتھے رکھ، تحریک کا مقصد عوام کے بنیادی حقوق کے لئے جدو جہد کرنا ہے،انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطااللہ کرد کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد پارٹی رہنما انیس قائم خانی کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔مصطفی کمال نے کہا کہ ہم علاقائی اور نسلی تعصبات سے بالا تر ہوکر ملک کی عوام کے لئے کام کررہے ہیں، ، مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان کے سوشل سیکٹر میں مسائل آفات کی شکل اختیار کررہے ہیں یہاں ہر سال ساڑے 3 لاکھ بچے خوراک اور پانی نہ ملنے کی وجہ سے مرتے ہیں،مصطفی کمال نے کہا کہ جب تک اختیارات نچھلی سطح پر منتقل نہیں ہونگے مسائل حل نہیں ہونگے،صوبوں میں این ایف سی طرز پر ضلعی فنانس کمیشن بنائے جانے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک پاکستان کو کمزور کرنے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ،ہمیں اپنی خارجہ پالیسی اور دفاع کو مضبوط کرنا ہوگا،پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے بتایا کہ وہ 23 دسمبر کو حیدرآباد میں منعقدہ جلسے میں ساڈا حق ایتھے رکھ،، تحریک کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اگر آج ملک اور حکومت میں ہے تو یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہیداور آصف علی زرداری کا احسان ہے….بیان نے تہلکہ مچادیا

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے وفاقی وزیر عابد شیر علی کی طرف سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بیان بازی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیچر کے تھپڑوں کے باوجود عابد شیر علی انسان نہیں بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ عابد شیر علی، رانا ثنااللہ کا غصہ دوسروں پر نہ اتارے۔ ایسے بگڑے بچے ہی نواز شریف کے لئے خفت کا سبب بن رہے ہیں۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف مشرف حکومت سے ڈیل صاف انکار کرتے رہے مگر عرب شہزادوں نے ان کے تحریری معاہدے کو سامنے لا کر نواز شریف کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر شریف خاندان نے چوری نہیں کی تو سینیٹ میں حزب اختلاف کے ٹی اوآرز تسلیم کیوں نہیں کئے جاتے؟ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اب پانامہ لیگ بن گئی ہے جس طرح ماضی میں عرب شہزادوں نے نواز شریف اور مشرف کی ڈیل کو بے نقاب کرکے نواز شریف کو جھوٹا ثابت کیا اس طرح ہی قطر کا شہزادہ بھی سیف الرحمن برانڈ جعل سازی کو بے نقاب کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر آج ملک اور حکومت میں ہے تو یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہیداور آصف علی زرداری کا احسان ہے۔

وزیر اعلی کا 50 کروڑ کا گھر….عوام میں غصے کی لہر دوڑاٹھی

حیدر آباد (ویب ڈیسک) جنوبی بھارت کی ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راو¿ کے 50 کروڑ روپے مالیت کے نئے محل نما گھر میں منتقل ہو گئے ہیں جبکہ اس محل کے بم پروف واش روم کی اطلاع نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر آباد شہر کے پوش علاقے میں واقع یہ عمارت 9 ہزار مربع میٹر پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس گھر میں ایک آڈیٹوریم ہے جس میں اڑھائی سو افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور ایک میٹنگ ہال ہے جس میں پانچ سو لوگ بیٹھ سکتے ہیں۔ سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ اس گھر کے بلٹ پروف باتھ روموں کو بنایا جا رہا ہے۔ اس گھر کو وزیرِاعلیٰ کے روحانی گرو چِنا جیئر سوامی نے آشیرواد دی جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ چندرشیکھر راو¿ جمعرات کو یہاں شفٹ ہوئے تھے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار

ہیلمٹن (ویب ڈیسک) ہیلمٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے ہیں۔ قومی بلے باز ٹم ساو¿تھی کی سوئنگ بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔ اوپنر سمیع اسلم پانچ رنز بنانے کے بعد سلپ میں جیت راول کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کپتان اظہر علی کو آف اسٹمپ کے باہر گیند سے چھیڑ خانی مہنگی پڑی وہ اٹھارہ گیندوں پر ایک رن بنا سکے۔ یونس خان نیوزی لینڈ کے دورے پرمسلسل تیسری مرتبہ سنگل فگرز میں آوٹ ہوئے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر آو¿ٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سہیل خان چار، عمران خان تین اور محمد عامر دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے جبکہ وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول 55 اور بی جے واٹلنگ ناقابل شکست 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ یاد رہے کہ ہیملٹن میں کھیلے جا رہے اس میچ کے پہلے دن کا بیشتر حصہ بارش کی نذر ہو گیا تھا اور اس دن صرف 21 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔

خواتین پر تشدد کے خلاف بنائی گئی فلم ….اقوام متحدہ کی توجہ کی مرکوز

ممبئی ، نیویارک ( ویب ڈیسک)ہندوستان میں خواتین پر تشدد کے خلاف بنائی گئی فلم ‘پنک’ نے اب اقوام متحدہ کی توجہ بھی اپنی جانب مرکوز کرلی۔فلم ‘پنک’ کے مرکزی کردار معروف اداکار امیتابھ بچن سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ فلم ‘پنک’ کی نمائش نیویارک کے اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیا جائے گی۔عدالتی ڈرامے پر مبنی اس فلم میں امیتابھ بچن کے ہمراہ، تپسی پنو، کرتی کلھاری اور اینڈریا تارینگ نے مرکزی کردار ادا کیے۔شوجت سرکار کی ہدایات میں بننے والی فلم ’پنک‘ کی کہانی تین لڑکیوں کہ گرد گھومتی ہے جن پر کچھ بااثر افراد کی جانب سے حملہ کیا جاتا ہے، امیتابھ بچن نے اس فلم میں ایک وکیل کا کردار ادا کیا جو عدالت میں ان تینوں لڑکیوں کا مقدمہ لڑیں گے۔رپورٹس کے مطابق راجھستان کی پولیس کے لیے بھی فلم ‘پنک’ کی نمائش رکھی گئی، جسے دیکھ کر خواتین کے ساتھ اپنا سلوک بہتر کرسکیں۔ واضح رہے کہ پاکستانی گلوکارہ قرالعین بلوچ نے بھی فلم ‘پنک’ میں ایک گانے ‘کاری کاری’ میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا، جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔

اعصاب شکن قیاس آرئیوں،افواہوں کا خاتمہ….پاک فوج کے نئے آرمی چیف کاتقرر ہو گیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ذرائع کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو نیا آرمی چیف جبکہ جنرل زبیر حیات کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجودہ اس وقت جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلوئیشن ہیں۔ آرمی چیف بننے سے پہلے جنرل راحیل شریف اسی عہدے پر تعینات تھے۔ جنرل قمر باجودہ آرمی کی سب سے بڑی 10 ویں کو کمانڈ کر چکے ہیں جو کنٹرول لائن کی ذمہ داری سنبھالتی ہے۔ لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں تعیناتی کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی اور انفنٹری اسکول کوئٹہ کے کمانڈنٹ بھی رہے۔ لیفٹننٹ جنرل زبیر حیات پاک فوج میں اس وقت سب سے سینئیر جنرل اور چیف آف جنرل اسٹاف ہیں۔ تھری اسٹار جنرل کی حیثیت سے وہ اسٹریٹجک پلانز ڈویڑن کے ڈائریکٹر جنرل اور کور کمانڈر بہاولپور بھی رہے۔ واضح رہے آرمی چیف کے عہدے کی دوڑ میں پانچ سینئیر ترین جنرل شامل تھے۔

کیماڑی ٹرمینل پر لگی آگ کئی گھنٹوں سے بے قابو….دو شخص جاں بحق

کراچی ( ویب ڈیسک) کیماڑی میں کے پی ٹی آئل ٹرمینل میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی، آگ سے جھلس کر 2 مزدور جاں بحق اور کئی لاپتہ ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق آتشزدگی کے بعد دھماکے سے فیول ٹینک کی چھت بھی اڑ گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک ہزار ٹن فیول سے بھرے ایک آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے پاک نیوی ، کے پی ٹی کی چھ اور کے ایم سی کی دوگاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، ایک مرتبہ کمی ہونے کے بعد آگ دوبارہ شدت اختیار کرگئی اور اب آگ پر قابوپانے کے لیے فوم اور کیمیکل کا استعمال کیاجارہاہے۔ ٹینک میں ہزار ٹن سے زائد تیل موجود ہے جو کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔تاہم کسی بھی بڑے حادثے سے بچنے کیلئے قریبی عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا ہے۔

سعودی عرب پر میزائلوں سے پھر بڑا حملہ …. ہلچل مچ گئی

ریاض (ویب ڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کو پھر نشانہ بنا لیا ہے۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرحد پار سے حوثیوںکی جانب سے 11 میزائل فائر کر دیئے گئے۔ تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی جس کی وجہ یہ ہے کہ ان میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کردیا گیا۔ حوثی باغیوں نے سعودی شہر نجران میں کیتو شاراک بھی فائر کئے جن کا پتہ لگانا مشکل امر ہے۔ گزشتہ ماہ بھی باغیوں کی جانب سے مکہ کیطرف لانگ اینج میزائل فائر کیا گیا تھا جسے راستے میں ہی تباہ کیا گیا تھا۔

گواودر پورٹ میں بڑی انٹری …. عالمی سظح پر خبر نے تہلکہ مچا دیا

ذرائع کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان سٹرٹیجک و معاشی تعلقات میں 14 سال بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے اور روسی انٹیلی جنس فیڈرل سیکیورٹی سروسز (ایف ایس بی ) کے سربراہ الیگزینڈر بورٹنی کوو نے گزشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان کا اہم دورہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ فیڈرل سیکیورٹی سروسز کے سربراہ نے دورہ پاکستان کے دوران انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے چیف جنرل رضوان اختر سمیت انٹیلیجنس و دفاع کے افسران سے ملاقاتیں کیں اوردونوں ملکوں نے انٹیلیجنس،دفاع و دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد روس کوپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس طرح روس کوگوادر پورٹ کے ذریعے گرم پانی تک رسائی مل جائے گی۔ذرائع کے مطابق روس کیساتھ اقتصادی راہدای منصوبے کو تجارتی مقاصدکیلیے استعمال کرنے کیلیے دونوں ملکوں کے مابین مستقبل میں باضابطہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق روسی انٹیلیجنس کے سربراہ کو پاکستانی ہم منصب کی جانب سے قیمتی پستولوں کاتحفہ بھی دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق روس کو سب سے اہم خدشات سیکیورٹی کے حوالے سے لاحق تھے۔