تازہ تر ین

No Tobacco Day

ڈاکٹر نوشین عمران
تمباکو نشہ آور ہے، بدقسمتی سے اس مضر صحت چیز کا استعمال کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے۔ سگار، سگریٹ، حقہ، بیڑی، گٹکا اور شیشہ اس کی عام مثال ہیں۔ دنیا بھر میں نکوٹینیا پودے سے بننے والے تمباکو کی 70 کے قریب اقسام ہیں۔ تمباکو میں موجود نکوٹین طبیعت میں وقتی چستی لاتی ہے۔ تمباکو سونگھنے، نسوار اور چبانے میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے چاہے کسی بھی طرح استعمال کیا جائے، اس کے نقصانات وہی رہتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ انگریزی لفظ نکوٹین دراصل فرانسیسی سفیر جین نکوٹ کے نام پر رکھا گیا جنہوں نے 1559ءمیں تمباکو پینے کو متعارف کروایا۔
نکوٹین میں موجود اجزا جسم کو کچھ وقت کے لئے چست کرتے ہیں۔ اس کے اجزائے مضر ہونے اور جسم پر منفی اثرات کا انحصار تمباکو کے زیادہ استعمال، دورانیے، مقدار، اس کے جذب ہونے کی رفتار اور تمباکو کی قسم پر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب دس کروڑ کے قریب لوگ تمباکو کے عادی ہیں۔ بالغ افراد میں ایک تہائی افراد تمباکو استعمال کرتے ہیں۔ صحت کے عالمی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں تقریباً چون لاکھ اموات تمباکو کے باعث ہونے والے امراض سے ہی ہوتی ہیں۔ تمباکو استعمال کرنے والا شخص تو اس کے مضر اثرات کا شکار ہوتا ہی ہے لیکن اس کے آس پاس رہنے والے افراد پر بھی اس کا برا اثر پڑتا ہے۔ خاص کر اگر تمباکو کو سگریٹ، سگار، حقے کی (دھواں دینے والی) شکل میں ہو۔ کہا جاتا ہے کہ دنیا میں 1971ءسے 2010ءتک تمباکو کی کاشت میں 40 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ پیداوار والے ممالک میں چین، برازیل، بھارت، امریکہ انڈونیشیا اور پاکستان سرفہرست ہیں۔
تمباکو کے دھویں میں کاربن مونو آکسائڈ، سائنائڈ اور دوسرے زہریلے اجزا کارسی نوجن شامل ہوتے ہیں۔ سگریٹ کے دھوئیں سے تقریباً چار ہزار کے قریب مختلف کیمیکلز خارج ہوتے ہیں جن میں سے اکثر کے انتہائی زہریلے اثرات ہیں۔ نکوٹین ان میں سب سے زیادہ زہریلا اور مضر اثرات دینے والا کیمیکل ہے جو پھیپھڑوں سے دماغ تک صرف 8 سیکنڈ میں پہنچ جاتا ہے۔ دماغ میں اس کے اثر سے پیغام رسانی کرنے والا کیمیکل نیوروٹرانسمیٹر ڈوپامین زیادہ مقدار میں بننے لگتا ہے۔ ابتدا میں سکون آور موڈ کو بہتر اور دماغی چستی لاتا ہے۔ اسی لئے تمباکو لینے والے اکثر لوگ یہی خیال کرتے ہیں کہ اس کے استعمال سے ان کا موڈ بہتر اور طبیعت چست ہو جاتی ہے۔ لیکن یہ صرف وقتی اثرات ہیں۔ بعد میں یہی نکوٹین افسردگی، سستی اور نفسیاتی رویے میں منفی پن لاتا ہے۔ تمباکو کا ایک اور کیمیکل امونیا ہے جو اس کے دھوئیں سے خارج ہوتا ہے۔ یہ وہی امونیا ہے جو بلیچ کرنے کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ جسم میں امونیا کی مقدار بڑھنے سے سستی اور غنودگی ہو جاتی ہے۔ تمباکو کے دھوئیں میں کئی ایسے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں جو کئی دوسرے کاموں میں استعمال ہوتے ہیں۔ مثلاً ایسی ٹون ناخن پالش یا رنگ اتارنے کے لئے، پینتھالین کیڑے مکوڑے مارنے کے لئے، فارمل ڈی ہائٹ لاشوں کو محفوظ رکھنے کے لئے، آرسینک کیڑے، چوہے مارنے کے لئے۔ عوام کو تمباکو کے مضر اثرات سے آگاہی کے لئے 31 مئی کو ”نوٹوبیکو ڈے“ منایا جاتا ہے۔
٭٭٭


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain