عمرہ ادا کرنیوالوں کیلئے بڑی خوشخبری

ریاض (اے پی پی) سعودی حکومت نے عمرہ سیزن کی مدت میں ایک ماہ کا اضافہ کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمان اس سے مستفید ہو سکیں ۔گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے عمرہ سیزن کی مدت 10جون( 15 رمضان المبارک) سے بڑھا کر10جولائی(15 شوال) کر دی ہے۔حکام کے مطابق 2016 ءمیں 6.4 ملین ویزے جاری کئے گئے تھے جو 2015ءکی نسبت7فیصد زیادہ تھے۔ 2015ءمیں 6 ملین ویزے جاری کئے گئے تھے۔2016کی فہرست میں مصر پہلے نمبر پر ہے جس نے 2016ءمیں 2015کے مقابلے میں 17فیصد زیادہ ویزے جاری کر کے13 لاکھ سے زیادہ افراد کو عمرے کیلئے بھجوایا۔اسی طرح پاکستان 9 لاکھ 91 ہزار ویزوں کے ساتھ دوسرے اور انڈونیشیا 699,612 ویزوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

ضرب عضب شروع نہ کرتے تو…. سرتاج عزیز انتہائی اہم بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی اور اگر 2014 میں ضرب عضب شروع نہ کرتے تو داعش پنجے گاڑ لیتی۔اسلام آباد میں ریجنل پیس انسٹی ٹیوٹ اورامریکی سفارتخانے کے زیر اہتمام پاک امریکا مذاکرے میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ سفارتکاری ایک جاری عمل ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے، پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے سیکیورٹی اورمعاشی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان تمام سطح پر امریکا سے بات چیت کرنا چاہتا ہے۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور معاشی حالت بہترہوچکی ہے، سی پیک سے معاشی ترقی کے مزید راستے ہموارہوئے ہیں۔ 2013 کے بعد 2018 میں بھی پرامن انتقال اقتدار ہوگا، گزشتہ سال دہشتگردی کے واقعات میں70 فیصد کمی آئی، آپریشن ضرب عضب سے دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملی جب کہ 2014 میں ضرب عضب شروع نہ کرتے تو وزیرستان میں داعش پنجے گاڑلیتی۔

پاکستانی بحری جہاز اغوا

موغا دیشو(ویب ڈیسک) صومالیہ کے بحری قذاقوں نے مال بردار پاکستانی بحری جہاز ”ایم وی سلامہ 1“ اغوا کرلیا ہے۔غیر ملکی خبرایجنسیوں کے مطابق مال بردار پاکستانی بحری جہاز ’ایم وی سلامہ 1‘ غذائی اجناس لے کر صومالیہ کی طرف جارہا تھا کہ اسے وسطی صومالیہ سے متصل سمندر میں اغوا کرلیا گیا اور قذاقوں نے اس پر سوار تمام افراد کو یرغمال بنالیا۔ البتہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بحری جہاز پر کتنے افراد موجود تھے اور نہ ہی اب تک قذاقوں کی طرف سے کوئی مطالبہ سامنے آیا ہے۔صومالیہ کے ساحلی قصبے ہوبیو کے میئر بدالاہی احمد علی کا کہنا ہے کہ سلامہ 1 کو ”الحر“ نامی گاو¿ں کی جانب لے جایا گیا ہے جہاں دو روز قبل اغوا کیے گئے بھارتی بحری جہار ”الکوثر“ کے عملے کو رکھا گیا ہے۔اس سے ایک روز پہلے انہی صومالی بحری قذاقوں نے بھارتی مال بردار بحری جہاز ”الکوثر“ کو بھی اغوا کرکے اس کا عملہ یرغمال بنالیا تھا۔ اس طرح یہ 48 گھنٹے کے دوران صومالی بحری قذاقوں کی دوسری جبکہ گزشتہ سات دنوں میں تیسری واردات ہے۔

رنویر سنگھ نے نیا کام شروع کر لیا

ممبئی(ویب ڈیسک)رنویر سنگھ نے اداکاری میں تو خوب ہی نام کمایا اور اب وہ گلوکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ چکے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکاررنویرسنگھ کو اداکاری کے علاوہ گلوکاری بہت پسند ہے جس کا متعدد بار وہ اظہار بھی کر چکے ہیں جب کہ انہوں نے کئی ایوارڈ فنکشن میں بھی گلوکاری کے جوہربھی دکھائے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارنے زویا اخترکی ہدایت میں بننے والی فلم ’گلی بوائے‘ کے لئے ایک ریپ طرز کا گانا ریکارڈ کرادیا ہے جس کے باعث وہ مداحوں میں ایک بار پھرمشہور ہونے لگے ہیں، گانے میں ان کے انداز کو مداحوں نے خوب سراہا ہے اورممبئی کے معروف ریپرڈیوائن نے بھی رنویر کی گلوکاری کی خوب تعریف کی ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) ملکی بالائی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔تفصیلات کے مطابق چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مالاکنڈ اور باجوڑ سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ رات کی تاریکی میں زلزلے سے گھروں کے لرز جانے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے آسمان تلے جمع ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 اور گہرائی 68 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔

مودی کے منہ پر طمانچہ ۔۔

سری نگر (آئی این پی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے پاکستان سے اظہار یکجہتی کر کے مودی سرکار کے منہ پر جیسے تماچا رسید کر ڈالا ہو۔ کشمیر کے ایک مقامی کرکٹ کلب نے گرین شرٹس پہن کر نہ صرف میچ کھیلا بلکہ پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کی بھی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔میچ کے آغاز سے پہلے میدان میں پاکستان کے قومی ترانے کی گونج نے نوجوانوں کھلاڑیوں کے خون کو مزید گرما دیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا گرین شرٹس پہننے کا مقصد کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا اور دنیا کو یہ یاد کروانا تھا کہ ہم کشمیر کے ایشو کو نہیں بھولے۔

” سی پیک “بارے آرمی چیف کا بڑا بیان

لندن،راولپنڈی(وجا ہت علی خان‘بیورورپورٹ ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی سلامتی کےلئے کردار جاری رکھے گی ملکی ترقی میں بیرون ملک پاکستانیوں کا کردار قابل تعریف پاکستان میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں، مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی ترجمان پاک فوج کے مطابق ان خیالات کا اظہار سپہ سالار پاک فوج نے لندن میں برطانوی عسکری حکام سے ملاقاتوں پاکستانی کمیونٹی اور برطانوی تھینک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر انہوں نے ملکی سلامتی کیلئے کردار نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کو نوگو ایریاز سے پاک ملک قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان میں امن کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیا۔ ترجمان کے مطابق، جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں، امن مکمل طور پر بحال ہو چکا شہری ایک کونے سے دوسرے تک بلاخوف جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ملکی سکیورٹی کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔آرمی چیف کا برطانوی فوجی حکام سے ملاقاتوں میں کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ مل کر امن کے قیام کیلئے کام کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ دشمن کو شکست دینے کیلئے اسی طرح کے اقدامات افغانستان کو بھی کرنے چاہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی تھینک ٹینک رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ سے خطاب میں خطے کی جغرافیائی وسیاسی صورتحال پر اظہار خیال کیا ۔ اس دوران انہوںنے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے کردار پر بھی بات چیت کی ۔آرمی چیف نے اپنے خطاب میں پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی ۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام خصوصاًکیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے ۔ اس موقع پر فورم کے شرکاءنے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور خطے میں امن واستحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کی بھر پور تعریف کی ۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جو برطانیہ کے دورے پر ہیں ۔ انہوںنے اپنے دورے کے دوران برطانوی سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں کی ہیں ۔ جس میں دوطرفہ دفاعی امور سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ہم خطے میں دیرپا امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، آرمی چیف جو ان دنوں سرکاری دورہ برطانیہ پر لندن میں ہیں نے پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ ردالفساد آپریشن میں پاکستان نے خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کے نتیجہ میں آج پاکستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے۔ ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک بحفاظت سفر کیا جاسکتا ہے۔ انہوںنے کہا پرامن افغانستان ہی پاکستان کیلئے امن کی ضمانت ہے اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مابین بارڈر سکیورٹی میکنزم بھی باہمی امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سی پیک منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پورے خطے کے مفاد میں اور علاقائی و اقتصادی ترقی کی ضمانت ہے۔ آرمی چیف نے پرامید انداز میں کہا آئندہ سال مارچ میں پورے پاکستان سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا میں ذاتی طور پر پاور پلانٹس کا دورہ کررہا ہوں۔ انہوں نے برطانیہ کی جمہوری اقدار کی ستائش کرتے ہوئے کہا میں برطانیہ کی جمہوریت، انگلینڈ کی کرکٹ اور فٹ بال ٹیم کا مداح ہوں۔ برطانیہ نے پاکستان بننے کے بعد سے آج تک ہر سطح پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ ابھی چند روز پہلے بھی برطانیہ نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں اور دوریاں کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا آپ لوگ پاکستان کیلئے بہت اہم اور پاکستان کے سفیر ہیں میرا مشورہ یہ ہے کہ اوورسیز پاکستانی بجائے بڑے بڑے گھر بنانے کے اپنے آبائی وطن میں چھوٹی انڈسٹریاں لگانے پر دوردیں۔

لاہور میں بم دھماکہ … پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت متعدد افراد شہید

لاہور( ویب ڈیسک ) بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 4  جوانوں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوئے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کی شدت سے قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا اور جیسے ہی مردم شماری ٹیم کے اہلکار جن میں پاک فوج کے جوان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ شامل تھے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے لگے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے، شہید ہونے والوں کا تعلق سندھ رجمنٹ سے تھا اور ان میں سے 3 کی اہلکاروں کی شناخت ریاض، ساجد اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔بیدیاں روڈ کینٹ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی بھی شخص کو جائے وقوعہ کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو جنرل اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جب کہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے تاہم زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے ” لوڈ شیڈنگ“ کی بڑی وجہ بتا دی

اسلام آباد، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خواجہ آصف کی کل کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ آصف نے گرمی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو اب احساس ہوا کہ ملک میں گرمی بھی پڑتی ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ بجلی کا شارٹ فال 5400 میگاواٹ ہو چکا ہے۔ کرپشن اور چوری کے باعث لوڈشیڈنگ بڑھ رہی ہے۔ علاوہ ازیں عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں پانامہ لیکس کے کسی بھی ممکنہ فیصلے اور دیگر ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا جبکہ شرکاءکی جانب سے ملک بھر میں بجلی کی طویل بندش کی شدید مذمت بھی کی گئی۔ تحریک انصاف کی سیاسی کامیابیوں میں خواتین کی جدوجہد مثالی ہے۔ خواتین کی جدوجہد سے ہمارا ووٹ بینک بڑھ رہا ہے۔ خواتین عہدیدار الیکشن کی تیاری کریں اور پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں اضافہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سمیرا ملک کو خصوصی ٹاسک دیا اور ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ پی ٹی آئی کی ممبرسازی میں اضافہ کریں۔ سمیرا ملک نے عمران خان کو اپنی ورکنگ کے حوالے سے ایک رپورٹ پیش کی اور بہاولپور آنے کی بھی دعوت دی عمران خان نے قبول کر لی۔

کوکا کولا کی کامیابی کے 70 سال مکمل ہونے پر لاہور میں تقریب

لاہور (چینل ۵ رپورٹ) پاکستان میں کوکا کولا کے 70 سال مکمل ہونے پر گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کنٹری ہیڈ کوکا کولا رضوان اللہ خان نے کوک کے کامیابی کے 70 سال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوکا کولا کو پاکستان ہی نہیں دنیا بھرمیں پذیرائی ملی ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہم اپنے صارفین کے معیار پر پورا اترتے رہیں اور یقین دلایا کہ ہم کوالٹی کے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس تقریب میں ٹاپ ماڈلز نے ریمپ واک میں حصہ لیا ، صوفی میوزک بھی بجایا گیا اور ڈھول پر پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔