امام کعبہ کی پاکستان آمد, دیکھئے بڑی خبر

پشاور(آن لائن) امام کعبہ عبدالرحمن السدیس جمعیت اجتماع میں شرکت کیلئے 6اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔امام کعبہ کو حکومت پاکستان کی جانب سے سربراہ مملکت کا پروٹوکول دیا جائیگا۔نجی ٹی وی کے مطابق امام کعبہ عبدالرحمن السدیس جے یو آئی کے زیرانتظام 7 اپریل سے شروع ہونے والے اجتماع میں شرکت کیلئے 45 رکنی وفد کے ہمراہ 6 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔وفد کی آمد کا باقاعدہ مراسلہ پاکستان کی وزارت داخلہ کو موصول ہو چکا ہے جو ہیلی کاپٹر کے ذرریعے پنڈال جائیں گے جس کیلئے پہلے ہی پنڈال کے قریب 3 ہیلی پیڈز تیار ہو چکے ہیں۔ وفد میں سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور بھی شامل ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت اچانک ناساز

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی جس کے باعث ان کا اسپتال میں طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف کے پیٹ میں اچانک تکلیف اٹھی جس کے باعث انہیں فوری طور پر لاہور کے ایم ایم عالم روڈ پر واقع اسپتال میں لے جایا گیا جہاں ان کا سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ بھی کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی تمام میڈیکل رپورٹس نارمل ہیں۔

پرنٹ میڈیا کا جمہوریت میں کردار ؟ وزیراعظم کا بڑا انکشاف

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرنٹ میڈیا نے جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے ‘ حکومت آزاد اور خود مختار میڈیا پر یقین رکھتی ہے ‘ آزاد اور متحرک میڈیا کی ترقی کیلئے حکومت مکمل تعاون کرے گی ‘ توقع ہے منتخب نمائندے پرنٹ میڈیا کی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔ ہفتہ کو وزیر اعظم نواز شریف نے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے نو منتخب نمائندوں کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پرنٹ میڈیا نے جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔آزاد اور متحرک میڈیا کی ترقی کیلئے حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ حکومت آزاد اور خود مختار میڈیا پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور خود مختار میڈیا کا ملکی ترقی میں انتہائی اہم کردار ہے۔ توقع ہے منتخب نمائندے پرنٹ میڈیا کی ترقی میں اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کریں گے۔

عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات ،قوم کو بڑی خوشخبری سُنا دی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ رات پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ خوشخبری یہ ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔خیبر پختونخوا میں بلین ٹری منصوبے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ گلوبل وارمنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، ہم ٹمبر مافیا سے خوفزدہ نہیں بلکہ ان کا مقابلہ کریں گے، ہم نے 22 ارب روپے کی 60 ہزار کنال زمین ٹمبر مافیا سے واپس لی ہے، بلین ٹری منصوبے کے تحت صوبے بھر میں اب تک 80 کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں ، انشاءاللہ جلد بلین ٹری منصوبہ مکمل ہوجائے گا، جو دوسرے صوبوں کے لیے مثال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کا آڈٹ عالمی ادارے ورلڈ وائلڈ فاو¿نڈیشن نے کیا ہے جس میں ہماری کامیابی کا تناسب 83 فیصد بتایا گیا ہے۔

بابائے انسانیت ”عبدالستارایدھی“ کی یادمیں حیران کُن اقدام

کراچی (صباح نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50روپے کا سکہ جمعہ کوجاری کردیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ممتاز سماجی رہنما مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50روپے کا سکہ جاری کردیا ہے۔ سکے کا اجرا عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔تانبے اور نکل سے بنے سکے کا قطر 30ملی میٹر جبکہ اس کا وزن 13.50گرام ہے۔ سکے پر سامنے کی جانب عبدالستار ایدھی کا سال وفات درج ہے جبکہ سکے کے عقبی رخ پر عبدالستار ایدھی کی تصویر اور عرصہ حیات بھی درج ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق یادگاری سکہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کے تمام دفاتر کے ایکسچینج کاونٹر سے جاری کیا گیا ہے اور اس یادگاری سکے کا اجرا پاستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن و خراجِ تحسین پیش کرنے کی چھوٹی سی کاوش ہے۔

سپاٹ فکسنگ سکینڈل, خفیہ اداروں کے انکشافات نے کھلبلی مچادی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ایف آئی اے اور خفیہ ادارے نے سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ، خفیہ ادارے نے کھلاڑیوں کے موبائل فون ڈیٹا کی مکمل فہرستیں غیر ملکی فون کمپنیوںسے منگوانے کی سفارشات بھجوا دی ہیں، سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے بھارت کے بڑے جواریوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے حکم پر خفیہ ادارے کے افسروں نے دبئی میں ہونے والی پی ایس ایل کی مکمل معلومات حاصل کی ہیں جس کے مطابق میچ شروع ہونے سے دو روز قبل ہی بڑے بکیوں نے دبئی کے فائیو سٹار ہوٹل کے کمرے اپنے کارندوں سلیم پاشا، ممتاز راٹھور، وشواناتھ، سورج کمار سنگھ، پردیپ شرما کے نام پر بک کروا لئے تھے، بڑے بکیوں اور جواریوں نے پلان تیار کیا، لیپ ٹاپ اور موبائل فون سے کھلاڑیوں سے رابطے کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے پی ایس ایل میچ سے کچھ عرصہ قبل ہی لاہور میں چند کھلاڑیوں سے بکیوں نے رابطے کئے اور ملاقات کر کے تمام معاملات کو طے کر لیا گیا تھا، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی کرائم یونٹ نے کھلاڑیوں کے بکیوں کے ساتھ رابطے اور ملاقاتوں کے تمام ثبوت حاصل کر لئے تھے جبکہ اسی حوالے سے شاہ زیب، عرفان، شرجیل خان، ناصر جمشید اور خالد لطیف سے مختلف پہلوﺅں پر پوچھ گچھ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں سپاٹ فکسنگ جاری ہے جس کا سب سے بڑا نیٹ ورک بھارت میں نئی دہلی اور ممبئی میں ہے اور اس نیٹ ورک میں بالی ووڈ کے معروف اداکار اور اداکارائیں بھی شامل ہیں جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر بڑے بکی اور جواری کراچی میں لانڈھی، ڈیفنس، اسلام آباد میں جی سیون، لاہور میں ڈیفنس اور جوہرٹاﺅن میں موجود ہیں اور یہ نیٹ ورک ساﺅتھ افریقہ، دبئی، بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی موجود ہے۔ خفیہ ادارے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اہم شواہد اکھٹے کر لئے ہیں اور کیس کے حوالے سے پی سی بی سے کوئی تعاون نہیں لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بالر محمد عرفان کے بیانات کے بعد ٹیم نے ویڈیو و دیگر اہم شواہد اکھٹے کئے ہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کا کہنا تھاکہ سپاٹ فکسنگ کی میرٹ پر تفتیش جاری ہے اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوگی ،کیس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جو جلد سب کے سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا جواریوں اور بکیوں میں بعض غیر ملکی بھی شامل ہیں اس حوالے سے غیر ملکی خفیہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

صدر ممنون نے آرمی ایکٹ پر دستخط کردئیے, فوجی عدالتوں بارے بڑا حکم جاری

اسلام آباد (این این آئی) صدرمملکت ممنون حسین نے 28 ویں آئینی ترمیم سمیت آرمی ایکٹ 2017 پر دستخط کردیئے، جس کے بعد فوجی عدالتوں کی مدت میں مزید 2 سال کی توسیع ہوگئی۔قومی اسمبلی اور سینٹ سے منظوری کے بعد صدر مملکت کو آئینی ترمیم اور آرمی ایکٹ کا بل دستخط کےلئے ارسال کیا گیا تھا جو صدر کے دستخط کے بعد اب 23ویں آئینی ترمیم کہلائے گی۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی سے منظوری کے دوران اس کو 28 ویں آئینی ترمیم کہا گیا تھا کیونکہ اسمبلی کے اجلاس میں آئین میں متعدد ترامیم کے بل پیش ہوئے تھے، تاہم پاکستانی آئین میں اب تک 22 آئینی ترامیم ہوچکی ہیں اس لیے تازہ ترمیم کو 23 ویں آئینی ترمیم کہا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قبل ازیں قومی اسمبلی سے دوتہائی اکثریت سے منظوری کے بعد 3 روز قبل سینٹ نے اس ترمیم کو منظور کیا گیا تھا، بعد ازاں وزارت پارلیمانی امور نے دستخط کے لیے آئینی ترامیم کو صدر مملکت کو ارسال کیا تھا۔وزیر قانون زاہد حامد کی جانب سے پیش کی گئی آئینی ترمیم کے بل پر سینٹ میں ووٹنگ ہوئی تھی اور دوتہائی اکثریت کے ساتھ اس بل کو منظوری دے دی گئی تھی۔بل کی حمایت میں 78 ارکان سینیٹ نے ووٹ ڈالے تھے جبکہ تین سینیٹرز نے اس کی مخالفت بھی کی تھی۔پختونخوا ملی عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر گل بشریٰ، اعظم موسیٰ خیل اور عثمان کاکڑ نے بل کی مخالفت کی تھی جبکہ جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے 28 ویں آئینی ترمیم کے بل پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔فوجی عدالتوں کی 2 سالہ خصوصی مدت رواں برس 7 جنوری کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد ان عدالتوں کی دوبارہ بحالی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔فوجی عدالتوں کا قیام 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) پر حملے کے بعد آئین میں 21 ویں ترمیم کرکے عمل میں لایا گیا تھا۔

امام بارگاہ کے باہر خودکش دھماکہ میں 24افراد جاں بحق, وحدت المسلمین کا ملک بھر میں احتجاج

پاراچنار (اے این این‘ مانیٹرنگ ڈیسک) پاراچنار کے مرکزی بازار میں امام بارگاہ کے قریب خود کش دھماکہ، 24افراد جاں بحق، 95 سے زائد زخمی، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ، دھماکے کے وقت بازار میں خریداری کےلئے لوگوں کی کافی تعداد جمع تھی، دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کی آواز سنتے ہی بازار میں موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی، لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال پاراچنار منتقل کر دیاگیا، ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے ہنگامی طور پر ہسپتال طلب کر لیاگیا، سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لئے، صدر، وزیراعظم سمیت اہم سیاسی شخصیات کا واقعہ پر اظہار افسوس، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا حکم، وزیر داخلہ چوہدری نثار نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پاراچنار کے کرم بازار میں امام بارگاہ کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 22افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی ، دھماکے کی آواز سنتے ہی بازار میں موجود لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی اور وہ اپنی جان بچانے کیلئے دیوانہ وار بھاگ کھڑے ہوئے ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی اہلکار اور بم ڈسپوزل کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیئے ۔ ریسکیو کے عملے نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ، پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دھماکہ نور مارکیٹ میں ہوا جس سے مارکیٹ میں خریداری کیلئے آئے ہوئے لوگ اپنی جان بچانے کیلئے دیوانہ وار بھاگ کھڑے ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو میں داخل کر ادیا گیا ہے ، ہسپتال کے تمام ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکہ جمعے کی دوپہر عین اس وقت ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی۔ اسپتال حکام نے اب تک22افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کی اپیل پر لوگ جوق در جوق آکر خون کے عطیات جمع کرائے جارہے ہیں۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اس کے علاوہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا تاہم پولیٹیکل انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارا چنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے قبائلی علاقے کے ایک ممبر قومی اسمبلی ساجد حسین طوری نے بتایا کہ دھماکا خودکش تھا جبکہ حملے سے قبل فائرنگ بھی کی گئی۔ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ دھماکا بازار کے مصروف علاقے میں ہوا، اس کا نشانہ مسجد بھی ہوسکتی تھی۔ دھماکے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔عینی شاہدین نے دعوی کیا کہ چند حملہ آوروں نے بازار سے کچھ فاصلے پر موجود پھاٹک پر لیویز اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے بعد بازار میں دھماکا ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین ¾وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ تک جنگ جاری رکھنا ہماری قومی ذمہ داری ہے ¾وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بم دھماکے پر افسو س کا اظہا رکرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ طلب کرلی ۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان ¾وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر خان ¾ چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی ¾ سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق ¾ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ¾ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ¾ وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک ¾ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ ¾ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ¾ وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری ¾ گور نرپنجاب رفیق رجوانہ ¾ گور نر بلوچستان ¾ گور نر سندھ محمد زبیر ¾ گور نر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا ¾ وفاقی وزراءسعد رفیق ¾ اسحاق ڈار ¾ سر دار یوسف ¾ شاہد خاقان عباسی ¾ رانا تنویر حسین ¾ وزیر مملکت مریم اور نگزیب ¾ سائرہ افضل تارڑ ¾ شیخ آفتاب احمد ¾ طارق فضل چوہدری ¾ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری ¾ سابق صدر آصف علی زر داری ¾ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی ¾ جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمن ¾ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق ¾ علامہ ساجد نقوی ¾ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار ¾ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت متعدد رہنماﺅں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔عمران خان نے پارا چنار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔ پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ امن کے دشمنوں کیخلاف فیصلہ کن حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسانیت کے دشمن ہیں‘ واقعے میں ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کا بہترین انتظام کیا جائے‘متاثرہ خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات, اہم معاملہ سامنے آگیا

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کردہ ایک ٹویٹر پیغام میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترقی پانے اور آرمی چیف مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات کے دوران ملک کو درپیش متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنماءنعیم الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں دونوں رہنماﺅں کے درمیان ایک گھنٹہ ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں دہشت گردی کی تازہ لہر اور اس کے تدارک کے حوالے سے خصوصی بات چیت ہوئی ہے۔ خطے اور بین الاقوامی امور، آئی ڈی پیز اور افغان مہاجرین کے معاملے پر بھی گفتگو کی گئی ہے۔ اس موقع پر عمران خان کے ساتھ تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیر ترین بھی موجود تھے۔

”کراچی میں بلاول بھٹو جلسہ جلوس نکالتے تو کیا سندھ حکومت انہیں روک سکتی تھی“ نامور تجزیہ کار ضیا شاہد کی چینل ۵ کے مقبول پروگرام میں گفتگو

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) چینل فائیو کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام ”ضیاشاہد کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی اور تجزیہ کار ضیاشاہد نے کہا ہے کہ ہمارے علما کرام انتہا پسندی، فرقہ واریت اور دہشتگردی کےخلاف آواز اٹھاتے رہتے ہیں تاہم کہیں نہ کہیں ان کی جانب سے کمی ضرور ہے کیونکہ انتہا پسند انہی کے اداروں سے نکلنے والے طلبہ ہی بنتے ہیں۔ سنی و شیعہ طبقہ فکر دونوں کے علما پر ہی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو یہ تعلیم و شعور دینے میں ناکام رہتے ہیں کہ مسلمان کا خون بہانا حرام ہے اور خدا کے نزدیک ناپسندیدہ عمل ہے۔ پاکستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت میں کمی آئی تھی لیکن بھارت بھی اس آگ کو بڑھکانے میں کردار ادا کرتا ہے۔ بھارتی ”را“ پاکستان میں دہشتگردی کراتی ہے اور اس کےلئے بھاری فنڈز فراہم کرتی ہے۔ سینئر صحافی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں تحقیقات بھی اس سطح کی نہیں کی جاتی کہ دہشتگردی میں ملوث اصل عناصر تک پہنچا جا سکے۔ دہشتگردی کے سہولت کاروں کی مکمل بیخ کنی کے بغیر اس پر قابو پانا ممکن نہیں ہے۔ دہشتگردی کی تربیت و ترغیب دینے والے، پیسہ فراہم کرنے والے، پلاننگ کرنے والوں کو پکڑا جائے تو اس لعنت سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ سینئر صحافی نے کہا کہ ایک جانب تو ہماری وفاقی اور صوبائی حکومتیں دعوے کرتی ہیں کہ جمہوریت میں احتجاج کرنا عوام کا حق ہے، دوسری جانب اگر عوام یا کوئی جماعت احتجاج کرے تو اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے بھی احتجاج ہی کیا تو ان کے قائدین کو حراست میں لے لیا گیا۔ اگر کوئی سیاسی جماعت اپنے بنیادی حقوق کےلئے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرتی ہے تو اسے روکا نہیں جا سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ دہرا معیار اختیار نہ کرے۔ شاہراہ فیصل پر اگر بلاول بھٹو اس سے بھی بڑا اجتماع کرتے اور پورے علاقے کی ٹریفک بھی بلاک ہو جاتی تو بھی قانون کو کوئی شکایت نہ ہوتی لیکن یہی کام دوسرا کرے تو قانون حرکت میں آ جاتا ہے۔ یہی عدل و انصاف کا خون ہے۔ سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ ایم کیو ایم نے جب کراچی کی سیاست پر قبضہ کیا تو باقی سیاسی جماعتیں وہاں سے رخصت ہو گئیں جن میں جماعت اسلامی بھی شامل تھی۔ اب متحدہ ٹکڑوں میں بٹ چکی ہے تو اس کا خلا پورا کرنے کےلئے بھی سیاسی جماعتوں میں دوڑ شروع ہو چکی ہے۔ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی دونوں ہی اس کوشش میں ہیں کہ وہ اس خلا کو پورا کریں۔ سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ اگر کوئی کاروباری شخصیت یا ادارہ عوامی فلاحی کام کرنا چاہتا ہے تو حکومت کو اسے سہولت فراہم کرنی چاہیے نہ کہ اس کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرے۔ ملک ریاض اگر کراچی کے پارک کی تعمیر نو کرنا چاہتے ہیں تو اس میں کیا برائی ہے وہ پارک پر قبضہ تو نہیں کر رہے۔ پوری دنیا میں عوامی فلاحی کام اسی طرح ادارے یا افراد کرتے ہیں اور ان کی حکومتیں اس کا اعتراف کرتی ہیں۔ ہمارے یہاں بھی ماضی میں ایسی کئی درخشندہ مثالیں موجود ہیں، سیالکوٹ کے عالمی سطح کا کھیلوں کا سامان تیار کرنے والے ادارے کے سربراہ خورشید صاحب فلاحی کاموں کے حوالے سے مشہور شخصیت تھے، سیالکوٹ سٹیڈیم، پارکوں کی تعمیر نو اور گوجرانوالہ سیالکوٹ روڈ پر لائٹنگ ان کی نمایاں خدمات تھیں۔ ایسے ہی ہمارے ایک صنعتکار دوست ہیں جنہوں نے کئی سکولز کا ذمہ لے رکھا ہے اور ان سکولز کی حالت ہی بدل دی ہے۔ سینئر صحافی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک بڑی شخصیت تھے ان کے نام کا سکہ جاری کرنا اچھی کاوش ہے تاہم اصل بات ان کے مقصد کی ترویج ہے اور ان کے اعلیٰ مقصد کو پھیلایا جانا ضروری ہے۔ ایدھی صاحب کے نام پر مزید فلاحی ادارے بننے چاہئیں یہی ان کے کام کو آگے بڑھانے کا حق ادا کرنا ہے۔