خیبر پختونخوا حکومت کا لوڈ شیڈنگ کیخلاف دھماکہ دار اعلان

پشاور (نیٹ نیوز) وزیر اعلیٰ ہاو¿س پشاور میں صوبائی حکومت اور چینی ہائیڈرو کمپنی کے درمیان بجلی کے مںصوبوں پر معاہدے کی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چینی کمپنی اور محکمہ توانائی کے سیکرٹری نے بجلی کے دو منصوبوں کی یاداشت پر دستحط کئے۔ وزیر اعلیٰ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ چین کے ساتھ 610 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے معاہدے کئے ہیں جو سی پیک کا حصہ ہیں۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ واپڈا اور وفاق لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، صوبائی حکومت لوڈ شیڈنگ کے خلاف عدالت جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم میگا پراجیکٹس کے خلاف نہیں ہیں لیکن ان منصوبوں میں شفافیت ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا ریپڈ بس مںصوبہ پنجاب سے مختلف ہے۔

ایم کیو ایم کی اہم شخصیات گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ لندن کے رہنماءپروفیسر حسن ظفر کی گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنے پر 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ زیرحراست افراد میں ڈاکٹر ریاض، نغمانہ شیخ اور مہر افروز شامل ہیں۔ ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق، حراست میں لئے گئے افراد کا ایم کیو ایم لندن سے تعلق نہیں۔ ڈاکٹر نوین حیدر کے مطابق، وہ اور ان کے ساتھی حسن ظفر سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کانفرنس کرنے آئے تھے۔

پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر تقرر وتبادلے

راولپنڈی(ویب ڈیسک) پاک فوج میں میجر جنرل اظہر صالح عباسی کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں کور کمانڈر منگلا تعینات کردیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل اظہر صالح عباسی کو میجر جنرل سے لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، میجر جنرل اظہر صالح عباسی کو کور کمانڈرمنگلا تعینات کردیا گیا ہے جب کہ اس سے قبل وہ چیف آف جنرل اسٹاف جی ایس برانچ جی ایچ کیو کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

سرفراز دھوکا نہیں دیگا …. کپتان نے نیا قومی ریکارڈبنا کر اپنے نام کی لاج رکھ لی

لاہور (ویب ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان و وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل چھٹی فتح حاصل کی اور مصباح الحق کی لگا تار5 فتوحات سے آگے نکل گئے۔سرفراز احمد نے بطور کپتان صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔سرفراز احمد کی کی قیادت میں پاکستان نے مسلسل چھ میچز جیت کر نیا قومی ریکارڈ قائم کردیا۔پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی نے سب سے زیادہ 43میچز میں کپتانی کی اور 19 فتوحات23 ناکامیاں بھی پائیں۔ مصباح الحق نے8 میچوں میں 6 جیتے اور2 ہارے۔ انہوں نے مسلسل 5 میچز جیت کر پاکستانی ریکارڈ قائم کیا تھا۔سرفراز احمد نے مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف اپنی کپتانی کے پہلے میچ میں 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، متحدہ عرب امارات میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ سیریز میں کلین سوئپ کیا۔دبئی کاپہلا میچ 9 وکٹ سے جیتا۔ دوسرے میچ میں 16 رنز سے کامیابی نے ان کے قدم چومے۔ ابوظہبی میں تیسرے میچ میں 8 وکٹ سے سرخرو ہوئے تھے۔موجودہ سیریز میں برج ٹاون میں پہلے میچ میں 6 وکٹ سے پاکستان کو فتح دلائی اور ٹرینیڈاڈ میں دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین رنز سے کامیابی حاصل کی۔

سپاٹ فکسنگ میں پی سی بی کا کیس کمزور …. حیرت انگیز انکشاف سے کرکٹ بورڈ میں ہلچل

لاہور(ویب ڈیسک )کرکٹ سے وابستہ ذرائع نے کہا ہے کہ ناصر جمشید نے پی سی بی کیساتھ تعاون نہیں کیا، سربراہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ اور جی ایم لیگل اگلے ہفتے انگلینڈ جائیں گے۔ ناصرجمشید کے تعاون نہ کرنے پر پی سی بی کا کیس کمزور پڑسکتا ہے۔کرکٹ سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں پی سی بی ناصر جمشید سے تحقیقات پر انحصار کر رہا ہے، جبکہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کے خلاف ثبوت بھی ناصر جمشید سے تحقیقات پر منحصر ہیں۔ناصر جمشید نے اب تک پی سی بی کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا اور ان کے تعاون نہ کرنے کے باعث پی سی بی کا کیس کمزور پڑنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریبونل میں جانے والے کھلاڑیوں کو زیادہ وقت دینے کی وجہ بھی ناصر جمشید سے تحقیقات کرنا ہے، معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ اور جی ایم لیگل اگلے ہفتے انگلینڈ جائیں گے۔

سچن ٹنڈولکر کا کرکٹ کے بعد ایک انوکھا روپ …. مداح حیران رہ گئے

ممبئی(ویب ڈیسک )سابق بھارتی اسٹار سچن ٹنڈولکر نے کرکٹ میدانوں میں بے مثال کامیابی کے بعد موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ٹنڈولکر نے معروف گلوکار سونونگم کے ساتھ نئی ڈیجیٹل اپلیکیشن کیلئے اپنی آواز میں گیت ریکارڈ کرایا، جس کے ابتدائی بول گیند آئی، بلا گھمایا، مارا چھکا، سچن، سچن، ناچو ناچو سب کرکٹ والی بیٹ پر ۔ اس کے بعد ماسٹر بلاسٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ساتھ تمام 6 ورلڈ کپ کھیلنے والے کرکٹرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ موسیقی سے آپ کو اپنے جذبات کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بیٹنگ سے قبل اس کی بدولت خود کو پرسکون بھی رکھا جاسکتا ہے، میں کئی طرز کی موسیقی سے لطف اندوز ہوتا ہے ، مجھے اسپینش گیت بھی اچھے لگتے ہیں، اگرچہ میں ان کی الفاظ کو مکمل طور پر سمجھ نہیں پاتا۔

ہاتھی کے دانت کی تجارت بارے اہم اقدام منظر عام پر

نیروبی (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے سربراہ ایرک سولہیم نے چینی حکومت کی طرف سے ہاتھی دانت کی فروخت اورتیار ی پر پابندی کے فیصلے کو سراہا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے اور یہ ہاتھیوں کی نسل کو بچانے کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا ، دیگر ممالک کو بھی اس فیصلے کی تقلید کرنے کی ضرورت ہے۔ ایرک سولہیم نے چین کی سرکاری نیوزی ایجنسی کو اپنے ایک ای میل بیان میں چینی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی طرف سے ہاتھی دانت کی تیاری اور اس کی تجارت پر جزوی پابندی کا اعلان کرتے ہوئے 67فیکٹریاں اور ادارے بند کرنے کا جو حکم دیا ہے وہ قابل تعریف ہے جبکہ اس سال کے آخر تک یہ فیصلہ مکمل طورپر نافذ کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ان قوانین کی کامیابی اس میں ہے کہ انہیں موثر طورپر نافذ کیا جائے ، چین نے ہاتھی دانت کی تجارت پر پابندی لگا کر ایک بینظیر اقدام کیا ہے اور اپنی ایک تہائی ایسی فیکٹریاں بند کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں ہاتھی دانت تیار کئے جاتے ہیں جبکہ 105دوسری فیکٹریاں اور ادارے اس سال کے آخر تک بند کر دیئے جائیں گے ۔ہاتھی دانت بچاﺅ تحریک کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ چینی حکومت کے ان اقدامات سے ہاتھی دانت کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں ، 2014ءمیں ایک کلوگرام کی قیمت 2100امریکی ڈالر تھی جو فروری 2017ءمیں کم ہو کر 723ہو گئی ہے ۔

2018 کے انتخابات میں کس کو بری طرح شکست ہو گی ؟وزیر اعلیٰ پنجاب نے سب بتا دیا

لاہور(ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی مخالف سیاست کرنے والوں کو 2018ء کے انتخابات میں بری طرح شکست ہو گی‘ ان عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاﺅن سے عوامی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی ‘ ترقیاتی منصوبوں کے مخالفین عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی نہیں چاہتے۔ بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔ وہ ہفتہ کو لاہور میں مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے مخالفین عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی نہیں چاہتے۔ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ منفی سیاست کو شکست دی ہے۔ بے بنیاد الزا مات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو شفاف منصوبوں کی تکمیل سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہونے کا خوف ہے۔ ان عناصر نے دھرنوں اور لاک ڈاﺅن سے عوامی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترقی مخالف سیاست کرنے والوں کو 2018ءکے انتخابات میں بری طرح شکست ہو گی۔ یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔

اندھیر نگری چوپٹ راج ،ڈاکٹر عاصم کی بیرون ملک پرواز

کراچی (خصوصی رپورٹ) باوثوق ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین ضمانت پر رہائی کے بعد جلد بیرون ملک روانہ ہو جائیں گے۔ حکومت نے فوجی عدالتوں کے حق میں ووٹ دینے کے عوض پیپلز پارٹی کے ساتھ کی گئی ڈیل کا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ جس کے تحت طبی بنیاد پر ڈاکٹر عاصم کی ضمانت کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا گیا ہے۔ حکومتی حلقوں سے قریبی تعلق رکھنے والے ذرائع نے بتایا ہے کہ کرپشن کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان تحت اب سندھ میں مزید کوئی کارروائی ہونے کا امکان نیہں ہے۔ بلکہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اس پالیسی کو بھی خاتمہ ہو گیا ہے، جس میں کہا گیا تھا ہ مالیاتی کرپشن اور دہشت گردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور دہشت گردی پر قابو پونے کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں حکومت کی ترجیحات تبدیل ہونے سے کراچی آپریشن کے منطقی انجام تک پہنچنے کے امکانات بھی کم ہوتے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ بدھ کے روز سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس آفتاب احمد گورایہ نے سابق وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کر لی ہے اور یہ حکم جاری کیا ہے ڈاکٹر عاصم حسین 50 لاکھ روپے کے ضمانتی بانڈز اور اپنے پاکستانی و کینیڈین پاسپورٹ بھی عدالت کے ناظر کے پاس جمع کرائیں۔ ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل انور منصور خان نے عدالت میں دائر کی گئی درخواست ضمانت میں موقف اختار کیا تھا کہ ان کے موکل کی صحت بہت خراب ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق انہیں علاج اور آرام کی ضرورت ہے۔ جبکہ اس وقت بھی ڈاکٹر عاصم حسین قومی ادارہ امراض قلب میں زیر علاج ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ایک ماہ کے دوران پیپلزپارٹی کو یہ چوتھا ریلیف دیاگیا ہے۔ فروری کے آخر میں ماڈل ایان علی کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی، حالانکہ جس کسٹم آفیسر نے اس کے سامان میں سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر 14 اپریل 2015ءکو 5 لاکھ سے زائد امریکی ڈالر برآمد کئے تھے ، اسے دن دیہاڑے قتل کر دیا گیا اور اس کے قاتل بھی ابھی تک نہیں گرفتار ہوئے ہیں۔ ذرائع کے بقول ایال علی کو ملک سے باہر جانے اجازت دیکر آصف علی زرداری کو یقین دلایا گیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون تو ان کی دیگر مشکلات کو بھی دور کیا جائے گا۔ ایان علی اور علامہ حامد سعید کاظمی دونوں کے وکیل پیپلز پارٹی کے رہنما سابق گورنر پنجاب عبدالظیف کھوسہ تھے۔ ذرائع کے مطابق ڈیل کے تحت ہی خلیجی ملک سے پی پی رہنما شرجیل میمن کو بلا کر حراست میں لیا گیا اور پھر رہا کر دیا گیا۔ جبکہ ان کیخلاف 15 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ابھی تک موجود ہیں۔ تیسرا معاملہ سابق وزیر مذہبی امور علامہ حامد سعید کاظمی کی حج کرپشن کیس سے باعزت بریت ہے ۔ کیونکہ حکومت نے اس کیس کی کوئی پیروی ہی نہیں کی اور نہ ہی بریت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔ اب ڈاکٹر عاصم کی رہائی بھی اس ڈیل کا نتیجہ ہے۔ ان کیخلاف نیب نے کرپشن کے وہ مقدمات قائم کئے تھے۔ ڈاکٹر عاصم حسین پر الزام ہے کہ اپنے دور وزارت میں انہوں نے 462 ملین روپے کی خود بروکی اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ اس کرپشن کے تانے بانے سابق صدر آصف علی زرداری سے جا کر ملتے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت کسی بھی وقت عدالت سے کیس واپس لے کر ڈاکٹر عاصم کو پاسپورٹ واپس کر سکتی ہے اور انہیں بھی ایان علی کی طرح ملک سے باہر جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے بقول 2018ءکے انتخابات کے حوالے سے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان یہ ڈیل ہوئی ہے کہ اب کسی تیسری سیاسی قوت کو نہیں ابھرنے دیا جائے گا، تا کہ مقابلہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ”ن“ کے درمیان ہی رہے اور دینی قوتوں کو بھی ابھرنے کا موقع نہ مل سکے۔

پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل، بھارتی ڈرامہ بے نقاب ….!

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ایف آئی اے اور خفیہ ادارے نے سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ، خفیہ ادارے نے کھلاڑیوں کے موبائل فون ڈیٹا کی مکمل فہرستیں غیر ملکی فون کمپنیوںسے منگوانے کی سفارشات بھجوا دی ہیں، سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے بھارت کے بڑے جواریوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے حکم پر خفیہ ادارے کے افسروں نے دبئی میں ہونے والی پی ایس ایل کی مکمل معلومات حاصل کی ہیں جس کے مطابق میچ شروع ہونے سے دو روز قبل ہی بڑے بکیوں نے دبئی کے فائیو سٹار ہوٹل کے کمرے اپنے کارندوں سلیم پاشا، ممتاز راٹھور، وشواناتھ، سورج کمار سنگھ، پردیپ شرما کے نام پر بک کروا لئے تھے، بڑے بکیوں اور جواریوں نے پلان تیار کیا، لیپ ٹاپ اور موبائل فون سے کھلاڑیوں سے رابطے کرنے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے پی ایس ایل میچ سے کچھ عرصہ قبل ہی لاہور میں چند کھلاڑیوں سے بکیوں نے رابطے کئے اور ملاقات کر کے تمام معاملات کو طے کر لیا گیا تھا، وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اینٹی کرائم یونٹ نے کھلاڑیوں کے بکیوں کے ساتھ رابطے اور ملاقاتوں کے تمام ثبوت حاصل کر لئے تھے جبکہ اسی حوالے سے شاہ زیب، عرفان، شرجیل خان، ناصر جمشید اور خالد لطیف سے مختلف پہلوﺅں پر پوچھ گچھ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق دنیا بھر میں سپاٹ فکسنگ جاری ہے جس کا سب سے بڑا نیٹ ورک بھارت میں نئی دہلی اور ممبئی میں ہے اور اس نیٹ ورک میں بالی ووڈ کے معروف اداکار اور اداکارائیں بھی شامل ہیں جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر بڑے بکی اور جواری کراچی میں لانڈھی، ڈیفنس، اسلام آباد میں جی سیون، لاہور میں ڈیفنس اور جوہرٹاﺅن میں موجود ہیں اور یہ نیٹ ورک ساﺅتھ افریقہ، دبئی، بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی موجود ہے۔ خفیہ ادارے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سپاٹ فکسنگ کے حوالے سے اہم شواہد اکھٹے کر لئے ہیں اور کیس کے حوالے سے پی سی بی سے کوئی تعاون نہیں لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق بالر محمد عرفان کے بیانات کے بعد ٹیم نے ویڈیو و دیگر اہم شواہد اکھٹے کئے ہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان کا کہنا تھاکہ سپاٹ فکسنگ کی میرٹ پر تفتیش جاری ہے اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں ہوگی ،کیس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جو جلد سب کے سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا جواریوں اور بکیوں میں بعض غیر ملکی بھی شامل ہیں اس حوالے سے غیر ملکی خفیہ اداروں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ بھارتی بکیوں نے پاکستان سپر لیگ کو متنازع بنانے کیلئے جنوبی افریقہ ، دبئی اور پاکستان کے بکیوں کو دس ارب روپے سے زائد کے جوئے کی پیشکش۔ بھارتی بکیوں نے پاکستان کھلاڑیوں سے رابطے کرنے کیلئے فائیو سٹار ہوٹلوں کے کمروں کی بکنگ پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔ دبئی کے ہوٹلوں کے عملے کو بھی لاکھوں روپے کی ٹپ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بکیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ہوٹلوں کے کمروں کے قریب مہنگے کمروں کی بکنگ کروائی۔ ذرائع کا کہناہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ہوٹلوں میں موجود عملے کے بعض افراد کی مشکوک نقل و حرکت کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایف آئی اے نے پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے کرنے والے غیر ملکی بکیوں کے انٹرنیشنل فون نمبروں کا ریکارڈ بھی غیر ملکی ایجنسیوں کی مدد سے حاصل کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔ ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران کئی مزید بکیوں کے نام بھی سامنے آئیں گے۔