لاپتہ پاکستانی کرنل بارے تہلکہ خیز خبر

نئی دہلی (ویب ڈیسک)بھارتی میڈیا نیپال میں لاپتہ ہونیوالے پاک فوج کے سابق لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا تعلق سامنے لے آیا ،بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ لاپتہ ہونیوالے پاکستانی لیفٹیننٹ کرنل حبیب”را “ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو پھنسانے والی ٹیم کا حصہ تھے ، حبیب طاہر 2014میں پاک فوج سے ریٹائرڈ ہوچکے تھے لیکن ان کی آپریشنل صلاحیتوں کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی ) نے اپنے ساتھ رکھا۔بھارتی اخبار ”انڈین ایکسپریس “ کی رپورٹ کے مطابق نیپال اور بھارت کی سرحد کے قریب لمبینی کے علاقے سے لاپتہ ہونیوالے پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کرنل محمد حبیب ظاہر کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ بھارت کی حراست میں ہیں کیونکہ وہ اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے مارچ 2016میں کلبھوشن یادیو کو پکڑا تھا۔ بھارتی سیکیورٹی ذرائع نے اخبار کو بتایاکہ بھارتی ایجنسیاں ایک عرصے سے حبیب ظاہر کے پیچھے لگی ہوئی تھیں ، آخری مرتبہ اسے لمبینی میں دیکھاگیا اور پیر کو پاکستانی فوج کی طرف سے کلبھوشن یادیو کو سزائے موت کے اعلان کاتعلق بھی کرنل حبیب کی گمشدگی سے ہے ، دونوں کیسز کے درمیان تعلق ہے ، پاکستانی حکام کو تاحال ظاہر کا علم نہیں ہوسکا اور اس کا مقصد بڑا واضح ہے ۔ بھارتی افسر نے بتایاکہ وہ نہیں چاہتے کہ کوئی بھی بھارتی ایجنسی بے نقاب ہو،ذرائع کے حوالے سے اخبار نے لکھاکہ 2014میں پاک فوج سے ریٹائرڈ ہونیوالے ظاہر نے 2015میں کلبھوشن یادیواوراس کی فیملی سے رابطے شروع کیے اور اس کا تعاقب کرناشروع کیا۔مذکورہ افسرنے بتایا کہ کلبھوشن کے پاس حسین مبارک پٹیل کے نام سے ایران میں کاروبار کرتے ہوئے بھارتی پاسپورٹ تھا، پاکستانی ایجنسیوں نے کلبھوشن کو اپنے خاندان سے مراٹھی زبان میں گفتگو کرتے سن لیا تھا جس کے بعد سے حبیب ظاہر نے کلبھوشن کو ٹریپ کرناشروع کر دیا اور بالآخر مارچ 2016ءمیں بھارتی جاسوس پکڑلیا۔ ادھر نیپال نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق فوجی افسرلیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر کی گمشدگی کے حوالے سے ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ،کرنل حبیب ہوائی اڈے پر ایک نامعلوم شخص سے ملے جس کی شناخت کی کوشش جاری ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان کے سابق فوجی افسرلیفٹیننٹ کرنل(ر) حبیب ظاہر کی نیپال میں گمشدگی کے حوالے سے ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔نیپال پولیس کے ایس ایس پی تیپک تھاپا کا کہنا ہے کہ حکام کو جو سی سی ٹی وی فوٹیج ملی ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لمبینی کے قریب بھیروا ہوائی اڈے پر ایک نامعلوم شخص کرنل حبیب کا استقبال کر رہا ہے۔ایس ایس پی دیپک نے بتایا ہے کہ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ کرنل حبیب جہاز کے ذریعے کھٹمنڈو سے بھیروا پہنچے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا استقبال ایک شخص نے کیا جس کی شناخت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نیپال کی پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کرنل حبیب جہاز سے دستی سامان اور بیک پیک کے ہمراہ اترے۔ فوٹیج کے مطابق انھوں نے خارجی گیٹ پر ایک ‘نامعلوم شخص’ کے ساتھ کچھ دیر باتیں کیں اور پھر دونوں اکٹھے چلے گئے۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کرنل حبیب کی تصویر اور ویڈیو فوٹیج بھیروا ایئرپورٹ پر ٹیکسی ڈرائیورز اور دیگر ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو دکھائی گئی ہیں۔یاد رہے کہ اتوار کو نیپال کے دفتر خارجہ کے ترجمان بھرت راج نے کہا تھا کہ انھیں پاکستان کی جانب سے باقاعدہ طور پرپاکستانی فوج کے سابق افسر کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی گئی تھی۔

یورپ جانے والے ہوجائیں ہو شیار

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) چیکنگ کا نیا نظام شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت یورپ آنے اور جانے والے تمام افراد کو ڈیٹا بیس کے تحت داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق یورپین یونین میں دہشت گردی کی روک تھام کیلئے مختلف تجاویز زیر غور رہی ہیں، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی کا اصل خطرہ وہ شدت پسند ہیں جو اس وقت شام اور عراق میں لڑ رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان یورپین جنگجوﺅں کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہے جو یورپ میں داخل ہونے کے لیے جعلی شناخت کا سہارا لیتے ہیں۔ ایسے افراد کی روک تھام کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج سے ہوائی اڈے، سمندر اور زمینی راستوں سے یورپ میں داخل ہونے والے تمام افراد چاہے وہ یورپین ہوں یا غیر یورپین انہیں شناخت کے شینگن انفارمیشن سسٹم اور انٹر پول کے نظام سے گزرنا ہوگا۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس نظام کے عائد ہونے کے بعد طویل قطاریں لگیںگی جس سے یورپ میں آنے والوں کو معمول سے بہت زیادہ انتظار کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بیڈ ٹی دینے سے انکار کی سزا ….شوہرنے اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر دیں

اترکھنڈ ( آن لائن ) بھارتی شمالی ریاست اترکھنڈ میں شوہر نے بیڈ ٹی دینے پر انکار سے بیوی کی جان لے لی۔مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریاست اترکھنڈ کے ضلع پاوری کے گاو¿ں کی رہائشی خاتون کی چیخیں سن کر اس کے پڑوسی گھر پہنچے تو اس کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی جس پر پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی، پولیس نے مقتولہ کے 38 سالہ شوہر سنگیت سنگھ نیگی کو فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کی شادی 13 سال قبل ہوئی تھی اور ان کے 2 بچے بھی ہیں جو واردات کے دوران دوسرے کمرے میں موجود تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بے روزگار تھا اور اس کی بیوی لوگوں کے گھروں میں کام کرکے گھر کا گزارا کرتی تھی، میاں بیوی میں اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا اور سنگیت سنگھ اکثر اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے روز ملزم نے بیوی سے بیڈ ٹی لانے کو کہا جس سے انکار پر اس نے بیوی کو کمرے میں بند کرکے قینچی کے وار سے قتل کردیا جس سے خاتون موقعہ پر ہی ہلاک ہوگئی۔

سیاحت کیلئے محفوظ اور موزوں ترین ممالک کی فہرست جاری ،پاکستان کا حیران کن نمبر

جینیوا( آن لائن ) سیاحت کے لئے محفوظ اور موزوں ترین 136 ممالک کی فہرست میں فن لینڈ پہلے جب کہ پاکستان 133ویں نمبر پر ہے۔ورلڈ اکنامک فورم نے سیاحت اور سفر کرنے کے لئے موزوں ترین 136 ممالک کی فہرست جاری کی ہے جس میں سیاحوں کو سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ ٹریول اینڈ ٹورازم کمپیٹیٹونیس رپورٹ کے مطابق فن لینڈ 6.65 پوائنٹ کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ متحدہ عرب امارات 6.60 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور پئس لینڈ معمولی فرق سے 6.57 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔حیران کن طور پر دنیا کے نامور سیاحتی ملک امریکا اور برطانیہ فہرست میں زمبابوے سے بھی پیچھے ہیں جن کا نمبر بالترتیب 84 اور 78واں ہے۔ سیاحوں کے لئے 10 بہترین ممالک میں اومان، ہانگ کانگ، سنگاپور اور ناروے بالترتیب چوتھے، پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں جب کہ سوئٹزرلینڈ آٹھویں، راونڈا نویں اور قطردسویں نمبر پر ہے۔سیاحوں کے لئے سب سے کم محفوظ ملک کولمبیا کو قرار دیا گیا ہے جس کا نمبر فہرست میں 136واں ہے جب کہ جنگ سے متاثرہ یمن درجہ بندی میں 135ویں اور ایل سلواڈرکا نمبر 134واں ہے۔ فہرست میں مصر 130 ویں، وینزویلا 131، نائجیریا 132 ویں اور پاکستان 133ویں نمبر پر ہے۔

گدھے کو تھپڑ مارنے کی انوکھی سزا

نیویارک( آن لائن ) امریکا میں ایک انوکھے کیس میں 18 سالہ نوجوان کے خلاف گدھے کو تھپڑ مارنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست الینوی میں ایک نوجوان پر فارم ہاو¿س میں موجود گدھے کو تھپڑ مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جو نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا منفرد کیس ہے۔ پولیس نے 18 سالہ ملزم لوکس ڈیٹرچ کو حراست میں لے کر ایک گدھے پر تشدد کے بارے اس سے پوچھ گچھ بھی کی ہے۔ ملزم نے گدھے کو تھپڑ مارنے کے منظر پر مبنی ایک فوٹیج انٹرنیٹ پر پوسٹ کر کے خود ہی اپنی گرفتاری کا موقع فراہم کیا اور فوٹیج کے منظر عام پر آنے کے بعد حیوانوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد نے ملزم کے خلاف پولیس کو درخواست دی تھی۔پولیس نے گدھے کو تھپڑ مارنے کے الزام میں ڈیٹرچ کو حراست میں لیا تاہم بعد ازاں اسے 5 ہزار ڈالر کی ضمانت پر رہا کیا گیا جب کہ چند روز میں اس کے خلاف باقاعدہ عدالتی کارروائی شروع کی جائے گی۔

مطلوب دہشتگردوں کی فہرست ‘ لاہور پہلے، سرگودھا، فیصل آباد دوسرے نمبرپر

لاہور(خصوصی رپورٹ) محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب نے سال2017ءکی ریڈ بک جاری کردی ‘ 73انتہائی مطلوب دہشت گردوں میں سے18کا تعلق لاہور سے ہے ریڈ بک کے مطابق لاہور دہشت گردوں کی فہرست کے اعتبار سے پہلے، سرگودھا اور فیصل آباد دوسرے، راولپنڈی تیسرے جبکہ ملتان، اٹک، رحیم یار خان ، شیخو پورہ اور بھکر چوتھے نمبرپر ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے سال 2017ءکے لئے ریڈ بک جاری کردی جس کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد کے اعتبار سے لاہور سر فہرست رہا ہے، جہاں سے محکمہ انسداد دہشت گردی کو18دہشت گرد انتہائی مطلوب ہیں،اسی طرح سرگودھا ، فیصل آباد سے 8،8، راولپنڈی سے 6جبکہ ملتان، اٹک، رحیم یار خان ، شیخوپورہ، بھکر سے 5،5دہشت گردی انتہائی مطلوب ہیںریڈ بک کے مطابق مطیع الرحمن عرف صمدسیال انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں بدستور پہلے نمبر پر ہے ۔ مطیع الرحمان کے سرکی قیمت 1کروڑ مقرر ہے ۔ مطیع الرحمن سال 2013سے سیکورٹی اداروں کو مطلوب ہے مگر پولیس اب تک اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔جبکہ مطیع الرحمان کاساتھی قاری احسان الحق بھی انتہائی مطلوب افرادکی فہرست میں دوسرے نمبر پرہے۔ قاری احسان کے سرکی قیمت 50لاکھ مقرر ہے۔ اسی طرح رانا محمد افضل مطلوب افراد کی فہرست میں تیسرے نمبر پرہے اور اس کے سر کی قیمت 50لاکھ روپے ہے۔ریڈ بک میں آئی ایس آئی کے ملتان دفتر پرحملے میں ملوث زبیر عرف مغیرہ فہرست میں چوتھے نمبر پرہے ۔ زبیر عرف مغیرہ کے سر کی قیمت 25لاکھ مقرر کی گئی ہے ریڈ بک کی فہرست میں شامل20دہشت گرد سی ٹی ڈی کو خود کش حملوں میں انتہائی مطلوب ہیں جبکہ ان دہشت گردوں کاتعلق پنجاب کے 36میں سے 25اضلاع سے ہے۔

جہیز نہ لانے پر مارچ میں 15دلہنیں قتل

لاہور (خصوصی رپورٹ) ہمارے معاشرے میں عورت کا بڑا مقام ہے۔ بیٹیاں تو سب کی سانجھی ہوتی ہیں‘ ان کے دکھ سکھ کیلئے والدین ساری زندگی دعائیں کرتے رہتے ہیں۔ بیٹیوں سے اس قدر محبت کرنے والے والدین کسی کی بیٹی کو جب بہو بنا کر لاتے ہیں تو بھول جاتے ہیں کہ یہ بھی ہماری بیٹیوں جیسی ہے۔ ماں باپ اپنی بیٹی کو بڑے چاﺅ اور بھاری جہیز اور دعائیں دے کر گھر سے رخصت کرتے ہیں کہ ان کی بیٹی کو دنیا بھر کا سکھ نصیب ہو۔ آخر ایسی کیا وجوہات پیدا ہو جاتی ہیں کہ چاﺅ سے لائی ہوئی بہو ایک آنکھ نہیں بھاتی‘ شاید اس کی وجہ ایک دوسرے سے زیادہ امیدیں باندھنا ہے جن کے پورے نہ ہونے کی وجہ سے نئے رشتوں میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔ گھر بسنے سے قبل ہی اجڑ جاتے ہیں۔ بھاری جہیز لانے کے باوجود اور شوہر کی فرمائشیںپوری کرنے کے بعد بھی میاں بیوی اور ساس بہو میں سرد جنگ جاری رہتی ہے جس کا نتیجہ ایک دن انتہائی خوفناک صورت میں نکلتا ہے۔ پہلے بہوﺅں کو مٹی کے تیل کے چولہا سے جلا کر مارا جاتا تھا‘ مگر اب بہوﺅں سے جان چھڑانے کیلئے کسی چولہے کی نہیں بلکہ گلا دبا کر‘ زہر دے کر اور گولی مار کر قتل کیا جاتا ہے۔ بہوﺅں کو راستے سے ہٹانے کا یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2017ءایک ماہ میں 15سے زیادہ خواتین جن میں نئی نویلی دلہنیں شامل ہیں کو ان کی ساس‘ شوہر اور نندوں نے جہیز نہ لانے‘ فرمائشیں پوری نہ کرنے‘ زیورات نہ ڈالنے اور ناپسندیدگی کی وجہ سے قتل کردیا اور یہ لہر پورے پاکستان میں جاری ہے۔ انتظامیہ کے کرپٹ ہونے اور قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے کئی بیٹیوں کو موت کے منہ میں جانا پڑا۔ والدین دہائی دیتے رہ جاتے ہیں‘ انہیں کہیں سے انصاف نہیں ملتا۔ سروے کے مطابق قتل کے ان واقعات نے سنسنی اور خوف کی فضا کو جنم دیا ہے۔ اعلیٰ روایات‘ تہذیب‘ قانون‘ عدم برداشت کسی چیز کی بھی پاسداری ممکن نظر نہیں آتی۔ ڈاکٹر نوشین حامد‘ ثوبیہ کمال نے کہا کہ یوں تو حکومت عورتوں کو ان پاور کرنے کیلئے قانون سازی کر رہی ہے تو دوسری جانب عورتوں کے جرائم میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ ملزم پکڑے نہیں جاتے‘ جو پکڑے جاتے ہیں ضمانتوں پر رہا ہو جاتے ہیں۔ قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوتی۔ ان واقعات میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ غریب والدین کو مایوسیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ کنول نعمان‘ شمیلہ اسلم نے کہا کہ نئی نویلی دلہنوں کو قتل کرنے کی وارداتوں میں اضافہ نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ والدین کو چاہئے کہ سوچ سمجھ کر تسلی سے رشتہ طے کریں۔ گھریلو خواتین بلقیس عارف‘ روبینہ محمود اور یاسرہ احمد نے کہا کہ نئی نویلی دلہنوں کے قتل کو روکنا سب کی ذمہ داری ہے‘ جہاں ریاستی ادارے اپنا کام کریں وہاں والدین کو بھی چاہئے کہ وہ بیٹے کی شادی کرتے ہوئے لڑکی والوں سے زیادہ ڈیمانڈ نہ کریں۔ اب تو گاڑیاں اور گھر کی بھی ڈیمانڈ کی جاتی ہے۔ لالچ‘ عدم برداشت‘ والدین کا دباﺅ اور جنریشن گیپ بھی ان واقعات کا سبب ہیں۔ نسیم گلزار اور غزالہ پروین نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی بہتر تربیت کریں۔ میاں بیوی ساس بہو نند کی لڑائی گھر گھر کی کہانی ہے۔ یہ ٹسل برصغیر کے معاشرے کا حصہ ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ برداشت کی ضرورت ہے۔ جمیلہ انعام اور سعدیہ شریف‘ ممتاز بانو نے کہا کہ والدین شادی سے قبل اپنے بچوں کی پسندناپسند کو مدنظر رکھیں۔ اسلام جہیز کے نام پر قیمتی تحائف لینے‘ کار کوٹھی کی فرمائشیں کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ سمیرا شاہد‘ یاسمین اعجاز نے کہا کہ شادی جیسے مقدس رشتے کو نبھانے کیلئے جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہئے۔ دینی سکالر ڈاکٹر عبیرہ نعیمی نے کہا کہ زندگی کی تمام بدمزگیاں صحیح راستے سے بھٹکنے کی وجہ سے ہیں۔

بجلی چوروں کیخلاف شکنجہ تیار ۔۔جدید ٹیکنالوجی آگئی

لاہور (خصوصی رپورٹ) شہر میں بجلی چوری کی روک تھام اور اووربلنگ کی شکایات کے ازالہ کیلئے لیسکو کے میگا پراجیکٹ ”ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر“ کی منظوری دے دی گئی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے اووربلنگ اور بجلی چوری روکنے کا میگا پراجیکٹ تیار کیا تھا جس کی پلاننگ کمیشن نے منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت شہر میں کمپنی کے ناردرن‘ سنٹرل اور ساﺅتھ سرکل کے 17لاکھ صارفین کے میٹرز لگائے جائیں گے۔ لیسکو چیف واجد علی کاظمی کے مطابق ”ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر“ پر 23ارب روپے لاگت آئے گی۔ لیسکو 20فیصد جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک 80فیصد اخراجات برداشت کرے گا۔ منصوبے کے تحت کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کی مدد سے صارفین کے میٹرز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ بلوں کی عدم ادائیگی پر کنٹرول روم سے کنکشن منقطع کیا جا سکے گا اور صارفین گھر بیٹھے لوڈ مینجمنٹ بھی کر سکیں گے۔

کونسلر نے سوئے مار کر نویں کے طالب علم کی دونوں آنکھیں نکا ل دی

لاہور (کرائم رپورٹر) ظلم و بربریت کی انتہا، کونسلر حنیف نے سوئے مارکر نویں جماعت کے طالبعلم کی دونوں آنکھیں نکال دیں، دونوں آنکھوں سے محروم محمد عیش انصاف کیلئے سیشن کورٹ پہنچ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نویں جماعت کا طالبعلم محمد عیش بینائی سے محروم ہے اور یہ محرومی قدرتی نہیں بلکہ حنیف نامی ظالم شخص نے اسے آنکھوں سے محروم کیا۔ متاثرہ طالبعلم نے ملزم کیخلاف سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں اس نے موقف اختیار کیا ہے کہ حنیف نے سوئے مار کر اس کی آنکھیں ضائع کردی ہیں لہذا اس کی ضمانت خارج نہ کی جائے۔ طالبعلم کے مطابق ملزم نے اسے زخمی کرکے دریائے راوی کے کنارے پھینک دیا جب کہ آنکھوں پر زخم آنے سے وہ بینائی سے بھی محروم ہوچکا ہے۔ بچے کی والدہ کہتی ہیں کہ ملزمان نے اس کے بیٹے کی زندگی برباد کر دی، ظالموں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ طالبعلم کے والد جاوید کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا پڑھنے کے لیے گھر سے گیا تھا جسے ملزمان نے اغواءکر کے تشدد کیا اور شدید زخمی کرکے دریا میں پھینک دیا تھا۔ محمد عیش کے والدین اپنے لخت جگر کی بے نور آنکھوں کو دیکھ کر بے حد پریشان ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کوسخت سزا دلائی جائے۔

”گائے نہیں عورت بچاﺅ “ جیا بچن نے مود ی کو آئینہ دکھا دیا

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) راجیہ سبھا کی رکن اداکارہ جیابچن نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران گائے کی بجائے خواتین کو تحفظ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ بھارت خواتین کیلئے غیرمحفوظ ملک بنتا جا رہا ہے جہاں آئے روز خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کو اس حوالے سے ”ریپ سٹی“ بھی قرار دیا گیا ہے اور کئی ممالک نے اپنی خواتین شہریوں کو بھارت کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہوئی ہے لیکن اب جیابچن نے بھی اسمبلی میں خواتین کے تحفظ کیلئے آواز بلند کر دی ہے۔ جیابچن نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران خواتین کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔ پارلیمنٹ سے خطاب میں جیابچن کا کہنا تھا کہ ہم گائے کی حفاظت کیلئے تو بڑے بڑے اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن خواتین پر مظالم میں دن بدن اضافہ ہوتا رہا ہے لہٰذا ان کے تحفظ کیلئے بڑے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ جیابچن گاہے بگاہے خواتین کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھارتی رہتی ہیں۔
جیابچن