22 جولائی سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن (APPPOA) نے 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مذاکرات میں پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے نئے نظام اور ڈیلرز کے منافع (مارجن) میں اضافے کے مطالبات پر اتفاق نہ ہو سکا۔ ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، آپریشنل اخراجات اور موجودہ مارجن کے باعث کاروبار چلانا مشکل ہو گیا ہے، اس لیے مارجن کو 8 فیصد تک بڑھایا جائے۔
APPPOA نے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپ مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک ملک گیر ہڑتال جاری رہے گی۔

