نئی اے آئی چپس سے گوگل جیمنی کی کارکردگی میں 10 گنا بہتری کا منصوبہ
گوگل نے اپنی مصنوعی ذہانت (AI) سروس Gemini کو زیادہ تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ایک نئی خصوصی چِپ تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس نئے سرور چِپ کو اندرونی طور پر "Frozen v2” کا نام دیا گیا ہے، جس کا مقصد جیمنی اے آئی ماڈلز کو کم توانائی میں زیادہ بہتر کارکردگی فراہم کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نئی چِپ جیمنی ماڈل کے کچھ حصوں کو براہِ راست ہارڈویئر میں شامل کرے گی، جس سے ڈیٹا کی منتقلی کم ہوگی اور اے آئی ماڈلز کی رفتار اور کارکردگی میں اضافہ متوقع ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ چِپ گوگل کی موجودہ اے آئی چپس کے مقابلے میں 6 سے 10 گنا زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے۔
گوگل کا مقصد اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بڑھتی ہوئی اے آئی کمپیوٹنگ ضروریات کو پورا کرنا اور اپنے جیمنی ماڈلز کو بڑے پیمانے پر چلانے کے اخراجات اور توانائی کے استعمال کو کم کرنا ہے۔ نئی چِپ کی تیاری ابھی جاری ہے اور اسے ممکنہ طور پر 2028 کے آس پاس استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

