ٹنڈو محمد خان (این این آئی) سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ
پیپلز پارٹی کے تحفظات کے باوجود پیپلز پارٹی کا وفاق کے ساتھ اتحاد قائم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو محمد خان کے گردوارہ مندر میں پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کے رہنما سریش کمار کی جانب سے دیے گئے عشائیے اور گلشن فیض کالونی میں سی سی بلاک کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سید نوید قمر نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اپنے فیصلوں میں عوامی رائے کو لازمی شامل کرنا ہوگا پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عالمی مارکیٹ کے ساتھ کیا جا رہا ہے، وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے مہنگائی کے مسئلے نے ملکی معیشت کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے پی ٹی آئی کے سربراہ کی رہائی کے لیے جاری احتجاج میں قیادت کو درست فیصلے کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے،پی ٹی آئی اپنے احتجاجی اعلانات میں تبدیلی لا کر ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ کر رہی ہے۔ احتجاج اور دھرنوں کے ذریعے مسائل حل کرنے کے بجائے اس معاملے پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپنا موقف مضبوط کرنا چاہیے پیپلز پارٹی کو پی ٹی آئی کے سربراہ کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں، پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ کسی بھی سیاسی رہنما کی رہائی کے معاملے میں عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جانا چاہیے
