ٹی20 ورلڈکپ سے جلد باہر ہونے اور فاسٹ باؤلر حارث رؤف کے ساتھ مداح کی جھڑپ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے امریکہ میں عوامی میل جول محدود کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان بابر اعظم، شاداب خان اور ٹیم کے کئی دیگر کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے باوجود تاحال امریکہ میں موجود ہیں۔
عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے کھلاڑیوں نے لوگوں سے عام میل جول کم کردیا ہے اور اب صرف جان پہچان والوں سے ملتے ہیں۔
یہ تبدیلی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد آئی ہے جس میں ایک مداح کو حارث رؤف کے ساتھ بدتمیزی کرتے دیکھا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حارث رؤف اہلیہ کے ہمراہ ہوٹل کی جانب جا رہے ہیں، اس دوران حارث کو مداح نے مبینہ طور پر نازیبا کلمات کہے، جس کے بعد وہ آپے سے باہر ہو گئے اور اس شخص کو مارنے کیلئے بھاگے تو اہلیہ انہیں ہاتھ پکڑ کر روکتی رہی مگر وہ رکے نہیں۔
کرکٹر حارث رؤف جیسے ہی مذکورہ شخص کے قریب پہنچے تو انہیں چند لوگوں نے روک لیا، اس کے بعد مدا ح کہنے لگا کہ ایک سیلفی ہی کی تو درخواست کی ہے، مگر حارث یہ کہتے ہوئے سنائی دیے کہ تمہارے والدین نے یہی تربیت کی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2024 میں انتہائی بری پرفارمنس کے بعدقومی ٹیم پر عوام و سابق کرکٹرز بے انتہا غصہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اب مختلف زرائع سے یہ خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ پاکستانی ٹیم اس وقت گروپ بندی کا شکار ہے۔
قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچز میں ہی باہر ہو گئی ہے، مذکورہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم نے محض 3 میچ ہی کھیلے جن میں سے 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1 میں فتح حاصل کی۔

