مظفرآباد (وقائع نگار)صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کا لاہور میں COTHM College کے پرنسپل احمد شفیق چوہدری کی خصوصی دعوت پر کالج کا دورہ ۔شاندار استقبال پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خوش آمدید کہا گیا ،صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور طلباء سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تعلیمی و پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔سردار عتیق احمد خان نے ادارے کی تعلیمی خدمات اور بہترین انتظامی امور کو سراہتے ہوئے کالج کے سربراہ احمد شفیق چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی ، محبت اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے بچے انتہائی ذہین ہیں اور آج کا دن تو بالخصوص ہمارے لئے بڑے اعزاز کا دن ہے کہ ہمارے خلاء باز ذیشان نے چاند پر قدم رکھتے رکھا اور شعر کہا ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں ، یہ تو ابھی آغاز ہے انشاء اللہ پاکستان جس طرح ہر فورم ہر محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے ٹھیک اسی طرح ایسے نظام سے مستفید ہوکر فن تعلیم حاصل کرنے والے بچے بھی ستاروں سے آگے جہاں اور بسائیں گے اور ملک کا نام روشن کرینگے ،صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ صوبائی، مرکزی اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ نجی شعبے میں نوجوانوں کو وسیع پیمانے پر ہنر مند بنانے اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ایسے کامیاب تجربات سے بھرپور استفادہ کریں۔ حکومتوں کو چاہیے کہ وہ محض نئے سرکاری ادارے قائم کرنے کے بجائے COTHM College جیسے کامیاب اور معیاری اداروں کی سرپرستی کریں، ان کے قیام و ترقی میں معاونت فراہم کریں اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہنر مند نوجوان کسی بھی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ایسے ادارے نہ صرف نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فنی مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں بلکہ انہیں روزگار کے قابل بنا کر معاشی خودمختاری، خوداعتمادی اور ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔صدرمسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان لاہور میں چیمبر آف کامرس کے سابق صدر جنید وارثی کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی ۔عشائیہ سے خطاب کرتے سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع، قومی سلامتی اور کشمیر کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دے رہی ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کا ساتھ دیا ہے۔ چاہے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو، قدرتی آفات ہوں یا سرحدوں پر دشمن کی جارحیت، پاک فوج کے جوانوں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سرحدوں پر پاک فوج کے جوان شدید سردی، برف باری اور مشکل ترین حالات میں بھی دن رات پہرہ دے رہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا پاک فوج کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان نے بھی اسی جذبے کے ساتھ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کی تھی۔ آج پاک فوج اسی مشن کو آگے بڑھا رہی ہے اور کشمیری عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور کشمیری عوام کا رشتہ ایمان، قربانی اور حب الوطنی کا رشتہ ہے۔ دشمن اس رشتے کو کبھی کمزور نہیں کر سکتا۔ پوری قوم پاک فوج کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے ملک کے دفاع اور کشمیر کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔سینئر صحافی اور معروف کالم نگار مظہر برلاس، چیئرمین یوتھ ونگ سردار عثمان علی خان، عبدالحفیظ چوہدری، چوہدری شہزاد رسول، حاجی اسحاق اور دیگر کی شرکت کی ،چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قرائت و تحفیظ القرآن، ٹاؤن شپ میں منعقدہ تقریب تقسیمِ اسناد میں شرکت کے لیے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات کے ہمراہ Academic Processionمیں تشریف لائے۔اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان سمیت کرنل (ر) مبشر اقبال، محمد عباس نقشبندی، سینئر صحافی مظہر برلاس، نوراللہ صدیقی، کرنل (ر) خالد جاوید اور دیگر قائدین بھی ہمراہ تھے۔دریں اثناچیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ اسناد کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حفاظِ کرام میں اعزازی شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن، ٹاؤن شپ میں سیشن 2025ء اور 2026ء کے حفاظ طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریبِ تقسیمِ اسناد میں آمد پر ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، پرنسپل منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قرأت و تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی، عمران ظفر بٹ، میڈم رومانہ مبشر اقبال اور دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر محترمہ فضہ حسین قادری بھی ہمراہ تھیں۔
