Tag Archives: https://www.facebook.com/asif.azam.33821

آزادی کی جدوجہد کرنیوالے نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے دبایا نہیں جاسکتا،ترجمان پاک فوج

 راولپنڈی(ویب ڈیسک ) ترجمان پاک فوج نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی جدوجہد کرنیوالے نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مقبوضہ فورسز کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول پر سویلین آبادی کو نشانہ بنانے کا غیر اخلاقی اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔

ترجمان پاک فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی کی جدوجہد کرنیوالے نہتے کشمیریوں کو گولیوں سے دبایا نہیں جاسکتا اور بھارتی فوج پیشہ وارانہ سپاہیوں کی اخلاقیات کا خیال رکھے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ بھارتی جارحیت کے خلاف شدید احتجاج پر قابض افواج نے نہتے مظاہرین پر فائر کھول دیا جس سے مزید 8 نوجوان شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی پی اوپاکپتن معاملہ؛ چیف جسٹس نے واقعے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈی پی او پاکپتن اور خاور مانیکا کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ڈی پی او پاکپتن اور خاور مانیکا کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی پنجاب ابوبکر خدابخش، آر پی او ساہیوال اور ڈی پی اوپاک پتن کو نوٹسز جاری کردیے ہیں جب کہ کیس کل سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی پی او پاکپتن کی جانب سے خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو ناکے پر روکنے کا معاملے سامنے ا?یا تھا جس کے بعد آئی جی پنجاب نے ڈی پی او پاکپتن رضوان گوندل کا تبادلہ کردیا تھا۔خاور مانیکا کو 23 اگست کو گارڈز سمیت پولیس نے ناکے پر روکا لیکن خاور مانیکا نے گاڑی نہ روکی اور آگے نکل گئے، جس پر پولیس اہلکاروں نے پیچھا کرکے ان کی گاڑی روکی تو پولیس اہلکاروں اور خاور مانیکا کے گارڈز کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔واقعے کے منظر عام پر آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی، رپورٹ ملنے کے بعد وزیراعظم نے واقعہ کو محکمانہ معاملہ قراردیتے ہوئے معاملے سے لا تعلق رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

انتخابات سے قبل ہمیشہ سیاسی لوٹوں کی بولیاں لگتی ہیں، مریم اورنگزیب

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے سیاسی لوٹوں کی ہمیشہ انتخابات سے قبل بولیاں لگتی آئی ہیں تاہم ہماری جماعت کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں ہے۔اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا جنوبی پنجاب میں کام سب سے بہتر ہے، پنجاب میں شہبازشریف اور پاکستان میں نواز شریف کا کام دکھائی دے گا تاہم چند عادی لوٹے ہوا کے رخ پر اپنی وفاداری بدلتے ہیں، وفاداریاں بدلنے والے اپنی عادت سے مجبور ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی وفاداریاں بدلتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے نواز شریف کو پارٹی صدارت کا ووٹ نہیں دیا تاہم ہوا کا رخ دیکھ کر وفاداریاں بدلنے والوں کو عوام مسترد کردیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ساڑھے چار سال میں ان لوگوں نے فنڈز لینے کے باوجود حلقوں میں کچھ نہیں کیا، جنوبی پنجاب کا نعرہ لگانے والوں نے ساڑھے چار سال اس کے لیے آواز نہیں اٹھائی تاہم جاننا ہوگا کہ عادی لوٹوں کو کون نئے خواب دکھاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  بدقسمتی سے سیاسی لوٹوں کی ہمیشہ انتخابات سے قبل بولیاں لگتی آئی ہیں تاہم ہماری جماعت کو عادی لوٹوں کی ضرورت نہیں ہے اور لوٹوں کا آج آخری اعلان تھا۔

امریکی سفارتی اہلکار کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام، نام واچ لسٹ میں شامل

 اسلام آباد(ویب ڈیسک)گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کو ہلاک کرنے والے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام ہوگئی اور اس کا نام واچ لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔اسلام آباد میں امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی سے نوجوان کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بیرون ملک بھاگنے کے پیش نظر ملٹری اتاشی کرنل جوزف کا نام واچ لسٹ میں شامل کر لیا گیا، ملٹری اتاشی کے حوالے سے ملک بھر کے تمام ایئر پورٹس پر امیگریشن حکام کو آگاہ کرتے ہوئے الرٹ کردیا گیا ہے۔ سمندری اور زمینی راستوں پر تعینات بھی امیگریشن حکام کو امریکی ملٹری اتاشی کا نام دے دیا گیا ہے تاکہ وہ فرار نہ ہونے پائے۔اطلاعات کے مطابق کرنل جوزف نے گزشتہ روز بھی بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کی تھی جسے وفاقی پولیس نے ناکام بنا دیا۔ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کے بیرون ملک فرار ہونے کی خبر ملنے پر پولیس نے ائیر پورٹ کا گھیراؤ کرلیا۔  ایئرپورٹ پر پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر کرنل جوزف راستے سے واپس چلا گیا۔ کرنل جوزف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے بیرون ملک فرار ہونا چاہتا تھا اور وفاقی پولیس نے بروقت ملٹری اتاشی کے ایئر ٹکٹ کا سراغ لگا کر فرار کی کوشش ناکام بنادی۔اسلام آباد پولیس نے کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ملزم ملک سے فرار ہونے کا خطرہ ہے، اس لئے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، ملزم کا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس بھی کینسل کردیا گیا ہے۔

وقت آیا تو نواز شریف سے حساب لیں گے، آصف زرداری

نوابشاہ(ویب ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے نواز شریف کی حکومت بچائی لیکن انہوں نے اچھا صلہ نہیں دیا اور وقت آیا تو ان سے حساب لیں گے۔نوابشاہ پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ  نواز شریف 18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، نواز شریف  کی حکومت ڈیڑھ سال میں ختم ہونے والی تھی جسے ہم نے بچایا کیونکہ حکومت ختم ہوتی تو کرسی کا کھیل شروع ہوجاتا، لیکن نواز شریف نے اچھا صلہ نہیں دیا، وقت آیا تو ان سے حساب لیں گے ،ان سے الیکشن میں مقابلہ ہوگا، وہ بھی اپنے گُرآزمائیں ہم بھی آزمائیں گے۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم ہر کام پاکستان کے فائدے میں کرتے ہیں، ذاتی مفاد کے لیے نہیں، پاکستان کی موجودہ صورت حال کو پیپلز پارٹی ہی سنبھال سکتی ہے، پیپلز پارٹی بہت بڑی طاقت ہے جس کی لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی۔دوسری جانب نوڈیرو ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے رہنما بیریسٹر عامر حسن سے ملاقات کے دوران آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف جمہوریت اور ملک کیلئے نہیں اپنی ذات کیلئے سیاست کرتے ہیں جب کہ ہم اپنی ذات اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک اورآئندہ نسلوں کیلئے سیاست کرتے ہیں، ہم نے بہت کوشش کی کہ نواز شریف ٹھیک ہوجائیں اور جمہوریت کے لئے سیاست کرے، ہم نے جمہوریت کی خاطر نواز شریف سے مفاہمت بھی کی لیکن نواز شریف نہ سدھر سکے، ہم نے نواز شریف کو بار بار بچایا لیکن انہوں نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا۔سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط اور نواز شریف نے کمزور کیا،نواز شریف کو اس بات کی فکر ہے اور نہ ادراک کہ ادارے کمزور ہوئے تو ملک کا کیا حشر ہوگا، ہمیں اندازہ ہے کہ ادارے کمزور ہوں گے تو پاکستان کا حال افغانستان جیسا ہو جائے گا، نواز شریف کی دولت اور اولاد باہر ہے وہ خود بھی بھاگ جائیں گے لیکن ہم کہاں جائیں گے، ہمیں اکیس کروڑ عوام کے ساتھ رہنا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ساڑھے چار سال میں پاکستان کو تنہا کر دیا، وزیر خارجہ تک نہ لگایا، اب جو وزیرخارجہ ہے انہیں سفارتکاری کے آداب تو کیا الف ب بھی نہیں معلوم، ہمارے دور میں خطے کے ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوتے تھے، یہ ہماری خارجہ پالیسی تھی کہ پاکستان ایران اور افغانستان ہاتھ ملا کر کھڑے ہوتے تھے، آج وہی ممالک بھارت کے ساتھ ہاتھ ملا کر کھڑے ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز, ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے پاکستان کیلیے پہلا میڈل جیت لیا

آسٹریلیا(ویب ڈیسک ) کامن ویلتھ گیمز میں ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیت لیا۔گولڈ کوسٹ میں جاری 21 ویں دولت مشترکہ گیمز میں طلحہ طالب نے ویٹ لفٹنگ کی 62 کے جی کیٹگری کے سنیچ ایونٹ میں حریف ویٹ لفٹرز سے 5 کلو زائد ریکارڈ 132 کلو وزن اٹھایا جب کہ کلین اینڈ جرک میں 151 کلوگرام سمیت مجموعی طور پر 283 کلوگرام وزن اٹھاتے ہوئے برانز میڈل کے حقدار قرار پائے۔ واضح رہے کہ یہ کامن ویلتھ گیمز 2018 میں پاکستان کا پہلا میڈ ل ہے۔

امریکا میں ایف 16 سمیت دو طیارے گر کرتباہ، 3 افراد ہلاک

 واشنگٹن(ویب ڈیسک ) امریکا میں ایف 16 سمیت دو طیارے گر کر تباہ ہوگئے جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیواڈا میں امریکی فضائیہ کا ایف 16 طیارہ شہر کے مضافات میں گرکر تباہ ہوگیا، طیارے نے لکینز ایئر بیس سےاُڑان بھری اور کچھ دیر بعد حادثے کا شکار ہوکر گرکرتباہ ہوگیا۔واقعے میں طیارے کا پائلٹ بھی جان سے گیا۔ امریکی فضائیہ نے حادثے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب ریاست فلوریڈا کے ڈاینٹا بیچ پر چھوٹا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں ٹرینی پائلٹ اور اس کا انسٹرکٹر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی شہر سان ڈیاگو کے صحرائی علاقےمیں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 4 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ فوجی ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوا تھا۔

نواز شریف کی تنخواہ ایک لاکھ تھی جسے کاٹ کر 10 ہزار لکھا گیا، واجد ضیا

 اسلام آباد(ویب ڈیسک ) نیب کے گواہ اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران بتایا ہے کہ حسن نواز کی کمپنی کیپیٹل ایف زیڈ میں ای نواز شریف کی تنخواہ ایک لاکھ تھی جسے کاٹ کر 10 ہزار لکھا گیا۔احتساب عدالت اسلام آباد میں ایون فیلڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی۔  سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جو منظور ہوگئی تاہم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ پراسکیوشن ٹیم نے ملزمان کی بینک ٹرانزیکشنز کا چارٹ وکلاء کے حوالے کیا تو مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ یہ وہ چارٹ ہے جیسے پڑھنے کے لیے محدب عدسے کی ضرورت پڑے گی۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نیب کے گواہ اور پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء سے نواز شریف کی ملازمت کے معاہدے سے متعلق جرح کی۔خواجہ حارث نے پوچھا کہ معاہدے میں دس ہزار درہم تنخواہ کاٹ کر لکھی گئی، آپ کو معلوم ہے کس نے لکھی تھی؟۔ واجد ضیا نے بتایا کہ اصل رقم ایک لاکھ درہم تھی جسے کاٹ کر دس ہزار لکھا گیا، کاٹ کر کس نے لکھا مجھے نہیں معلوم، دستاویز تصدیق شدہ ہے، نواز شریف کی ملازمت کا کنٹریکٹ میرے سامنے تیار نہیں ہوا۔خواجہ حارث نے کہا کہ اقامہ مانا گیا مگر یہاں تنخواہ کی ادائیگی کا سوال ہو رہا ہے، کسی دستاویز پر نواز شریف کا نام نہیں جس سے تنخواہ کی ادائیگی ثابت ہو۔واجد ضیاء نے کہا کہ کیپٹل ایف زیڈ ای سے جولائی 2013 کی تنخواہ اگست 2013 میں جاری ہوئی، تنخواہ کس ملازم کی تھی نام درج نہیں، جافزا کا ریکارڈ نواز شریف سے متعلق تھا، ایسے دستاویزی شواہد نہیں کہ تنخواہ نواز شریف کو موصول ہوئی، ایسا بینک ریکارڈ بھی نہیں ملا کہ نواز شریف نے تنخواہ لی، نواز شریف کو تنخواہ دینے کی رسید جے آئی ٹی کو نہیں ملی، تنخواہ کے اسکرین شاٹ پر نواز شریف کا نام درج نہیں، دستاویزات پرنوازشریف کا نام نہیں، ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا ذکر ہے، تنخواہوں کی ادائیگیاں اوور دی کاوٴنٹر کی گئیں۔خواجہ حارث نے کہا کہ کوئی ایسی دستاویز حاصل کی جس میں لکھا ہو کہ کیپیٹل ایف زیڈ ای نے نواز شریف کو تنخواہ ادا کی؟۔ واجد ضیا نے کہا کہ نواز شریف کا نام نہیں مگر دستاویز انہی سے متعلق ہے۔ ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی سماعت کل ساڑھے نو بجے تک ملتوی۔واضح رہے کہ نواز شریف اکثر یہ سوال اٹھاتے رہتے ہیں کہ بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر سپریم کورٹ نے انہیں نااہل کیا۔ پاناما جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ شریف خاندان کے مطابق نوازشریف خاندانی کاروبار نہیں چلاتے تھے جبکہ ثبوتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حسن نواز کیپٹل ایف زیڈ ای کمپنی کے مالک تھے جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کیپٹل ایف زیڈ ای سے تنخواہ لے رہے تھے اور بورڈ کے چیرمین تھے۔