پاک سرزمین پارٹی کے دھرنے کا اصل مقصد سامنے آگیا

کراچی(ویب ڈیسک)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ دھرنے کا مقصد کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ عوام کو ان کے حقوق دلانا ہیں جب کہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے تنگ آکر عوام نے اپنے مسائل کو تقدیر کا فیصلہ سمجھ لیا ہے۔کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 10 روز سے احتجاجی دھرنا جاری ہے جس کا مقصد ذاتی مفادات نہیں بلکہ عوام کو ان کے جائز حقوق دلوانا ہے، ہم حکومت کا خاتمہ یا کوئی عہدہ نہیں چاہتے بلکہ ہمارا مطالبہ عوام کو پانی و بجلی کی بلاتعطل فراہمی، کراچی کو کچرے سے پاک کرنا اورعوامی نمائندوں کو ان کے اختیارات اور وسائل دلانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام نے مسائل کو اپنی تقدیر کا فیصلہ سمجھ لیا ہے لیکن یہ تقدیر کے فیصلے نہیں حکمرانوں کی غلط پالیسوں کے فیصلے ہیں، ہم نے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے احتجاجی دھرنا جاری رکھا ہوا ہے اور عملاً 10 راتیں سڑکوں پر گزار کر بتایا کہ ہم عوام کے لئے تکلیفیں اٹھارہے ہیں اور آئندہ بھی اٹھاتے رہیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس حکومتی نمائندے آئے اور 16 میں سے 8 مطالبات ماننے کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن ہم نے واضح کر دیا ہے کہ مانے گئے مطالبات پر عملدرآمدر شروع نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو ایم کیوایم کی عادت پڑی ہوئی ہے اورہمیں بھی ان کی طرح سمجھتی ہے جو حکومتی نمائندوں سے 4 منٹ کے مذاکرات کر کے عوام کو بے وقوف بنا دیتے تھے، اپنے مفادات کی خاطر سمجھوتہ کرلیتے تھے، ہمیں مشورے ملے کہ جب تک تشدد کا عنصر نہیں لائیں گے سندھ حکومت بات نہیں سنے گی لیکن ہم تشدد کا راستہ اختیار کرکے اپنے مطالبات سے عوام کی نظریں ہٹانا نہیں چاہتے

مشال قتل کیس : ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

مردان(ویب ڈیسک) مشال قتل کیس میں گرفتار مزید 7 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔مشال قتل کیس میں گرفتار مزید 7 ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو ایک روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور تمام ملزمان کو کل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

شمالی کوریا کی جانب سے نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا

پیانگ یانگ (ویب ڈیسک)مریکا اور جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے نئے بلیسٹک میزائل کا تجربہ بری طرح ناکام ہو گیا ہے۔ یہ نیا بلیسٹک میزائل لانچنگ کے صرف چند سیکنڈز بعد فضا میں تباہ ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔ فضا میں لانچ کیا گیا نیا میزائل صرف چند سیکنڈ بعد ہر پھٹ کر زمین پر آگرا۔ شمالی کوریا کی جانب سے یہ میزائل تجربہ بندرگاہی شہر سِنپو میں کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز شمالی کوریا میں بانی کِم اِل س±نگ کے 105 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک بڑی فوجی پریڈ کا مظاہرہ مظاہرہ کیا گیا تھا جس میں اطلاعات کے مطابق اس بلیسٹک میزائل کی نمائش بھی کی گئی تھی۔ فوجی طاقت کے مظاہرے کے صرف ایک دن بعد ہی اس میزائل کو تجربے کیلئے آزمایا گیا جو بری طرح ناکام رہا۔

خاتون صحافی بیوٹی کوئین بن گئیں

لندن (ویب ڈیسک)قسمت کی دیوی مہربان ہو تو کامیابی قدموں میں آگرتی ہے۔ برطانیہ میں ایک مقامی مقابلہ حسن کی کوریج کے لئے جانے والی خاتون صحافی بیوٹی کوئین بن گئی۔ چوبیس سالہ لارا گڈرہیم ایک صحافی ہیں۔ انہیں ان کے ادارے کی جانب سے ایک مقامی مقابلہ حسن کی کوریج کی کے لئے بھیجا گیا۔ نوٹس لیتے اور تصاویر بناتے لارا کو ایک سابق ملکہ حسن نے دیکھا اور انہیں خود مقابلے میں حصہ لینے کا مشورہ دیا۔ لارا نے پہلے تو انکار کیا لیکن اصرار پر آڈیشن کے لئے تیار ہو گئیں۔ ابتدائی مراحل میں کامیابی کے بعد انہیں مس گریٹ گرمسبی میں بھیجا گیا اور خود بیوٹی کوئین بن گئیں۔ یہ مقابلہ جیتنے کے بعد لارا نے مس انگلینڈ مقابلے میں حصہ لینے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

منشیات کے استعمال سے نوجوانوں کا مستقبل تباہ, ہر سال اڑھائی لاکھ اموات

لاہور (خصوصی رپورٹ) ملک میں نوجوان بڑی تعداد میں منشیات کا استعمال کرنے لگے، سٹوڈنٹس بھی کسی سے پیچھے نہ رہے، دوستوں کے ساتھ ٹولیاں بنا کر مخصوص جگہ پر نشہ کرنے لگے۔ کالج کے بعد اچھی نوکری یا بہترین مستقبل کی بجائے غلط راستہ اختیار کرکے اپنی زندگی تباہ کرنے لگے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد 7 ملین سے زیادہ ہے جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے جبکہ منشیات کی روک تھام کیلئے حکومتی سطح پر کی جانے والی کوششیں بھی ناکافی ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا نشہ چرس ہے جبکہ دنیا بھر میں منشیات کے عادی نوجوانوں کی تعداد 30 ملین کے قریب ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں منشیات کے عادف افراد کی تعداد سات ملین سے زیادہ ہے اور نشے کی یہ عادت ہر سال تقریباً اڑھائی لاکھ ہلاکتوں کی وجہ بنتی ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک میں منشیات کے افراد کی تعداد جاننے کیلئے وفاقی یا صوبائی حکومتیں کوئی ریسرچ نہیں کرواتیں ، تمام رپورٹس اور اعدادوشماراقوام متحدہ سے لی جاتی ہیں، اقوام متحدہ کا منشیات سے متعلقہ محکمہ یو این او ڈی سی کہلاتا ہے۔ پاکستان کے 70 لاکھ منشیات کے عادی افراد کی عمریں 25 سے 39 سال کے درمیان ہیں۔ پاکستان میں منشیات کا مسئلہ دہشت گردی سے بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے کیونکہ دہشت گردی کے نتیجے میں گزشتہ دس برس کے دوران تقریباً ساٹھ ہزار افراد نشانہ بنے جبکہ اس سے چار گنا زیادہ ہلاکتیں منشیات کی وجہ سے ہوئیں۔ دنیا بھر میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کی تعداد میں گزشتہ چھ برسوں میں غیر متناسب اضافہ ہوا۔ عالمی سطح پر منشیات کے عادی نوجوانوں کی تعداد 29 ملین سے زائد ہے جبکہ چھ برس قبل یہ تعداد 27 ملین تھی۔ بارہ ملین انسان انہی 29 ملین میں سے ان 14 فیصد افراد کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں جو ایچ آئی وی وائرس کا شکار ہیں۔ دنیا بھر کی منشیات کا 40 فیصد حصہ کراچی کی بندرگاہ اور ہوائی اڈے کے ذریعے سمگل کیا جاتا ہے۔ افغانستان سے چالیس فیصد منشیات اور افیون کا حصہ کراچی جبکہ ساٹھ فیصد حصہ دیگر ممالک کے راستے ناجائز اور خفیہ طریقوں سے فروخت کیا جاتا ہے۔

کلبھوشن کی سزا پر” بھارت“ سکیورٹی مذاکرات سے بھی مکر گیا

نئی دہلی(خصوصی رپورٹ)بھارت نے کلبھوشن یادیو کا بہا نہ بنا کر پاکستان کے ساتھ سالانہ مذاکرات منسوخ کردیئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سالانہ کی بنیاد پر مذاکرات کو جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے کے باعث ملتوی کردیا گیا ¾ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان اوربھارت کے درمیان پیر سے کوسٹ گارڈ اور میری ٹائم سیکیورٹی کے درمیان مذاکرات ہونے تھے۔بھارتی وزارت دفاع کے مطابق کلبھوشن یادیو کو پھانسی کی سزا کے بعد یہ پاکستان کے ساتھ سیکورٹی معاملات پر بات چیت کرنے کاموقع نہیں۔خیال رہے کہ پاکستان میں دہشگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کی بناءپر بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکو سزائے موت سنا دی گئی اور اس کے بعد بھارت نے پاکستان کو دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں کہ کلبھوشن بھارت کا بیٹا ہے اور اس کو رہا کرانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

بائیومیٹرک مشینوں کی خریداری, انتظامیہ نے حکومت کیلئے بڑی مشکل کھڑی کردی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) آئندہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ اور بائیومیٹرک مشینوں کی خریداری کیلئے مجموعی طور پر 90سے 100ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ قانون سازی کے بعد خریداری کیلئے ایک سال کا عرصہ درکار ہو گا جس کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں اس کا استعمال ممکن نہیں ہے‘ تاہم الیکشن کمیشن جون کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔ کمیشن پائلٹ پراجیکٹ پر یقین رکھتا ہے کیونکہ ٹیکنالوجی کو آہستہ آہستہ متعارف کرانا ہی مناسب ہو گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے 100بائیومیٹرک اور 150الیکٹرانک مشینوںکی خریداری کا ٹینڈر جاری کردیا ہے۔ پڑوسی ملک بھارت میں 14لاکھ مشینوں کے ذریعے سات مراحل میں 80کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہیں۔ یہ مشینیں بھارت میں ہی بنائی جاتی ہیں جس کی لاگت 300ڈالر ہے۔ پاکستان ہالینڈ سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں منگوا رہا ہے جو 1600سے 1800ڈالر میں فی مشین پڑے گی جبکہ بائیومیٹرک مشین 1000سے 1200ڈالر میں آئے گی۔ ہمیں الیکشن میں تین لاکھ بائیومیٹرک اور تین لاکھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی۔ بائیو میٹرک مشینیں بنانے والی یہ کمپنیاں فرانس‘ جرمنی‘ ہالینڈ اور جاپان سے تعلق رکھتی ہیں جہاں الیکشن بیلٹ پیپر پر ہوتا ہے تاہم بھارت‘ کینیڈا‘ آسٹریلیا اور برازیل‘ وینزویلا سمیت امریکہ میں الیکٹرانک ووٹنگ تاحال جاری ہے۔

چیئرمین سینٹ رضا ربانی کی ناراضگی ختم, بڑا اعلان سامنے آگیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینٹ رضا ربانی راضی ہوگئے، ان کی ناراضگی ختم ہوگئی ہے۔ پیر کو اجلاس کی صدارت کریں گے۔ انہوں نے جو فیصلہ کیا تھا وہ اب واپس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے رضا ربانی کل بھی چیئرمین سینٹ تھے، آج بھی ہیں اور آگے بھی رہیں گے، وہ اپنا کام اسی طرح سے جاری رکھیں گے۔ رضاربانی کو وزیر اعظم نواز شریف کا پیغام پہنچایا ہے جس پر انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لینے کی یقین دہائی کرا دی ہے جبکہ سینٹ کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا۔ چیئرمین سینٹ نے تمام پارلیمانی لیڈرز سے بھی رابطے کیے ہیں۔ قومی اسمبلی اور سینٹ میں وزراءاپنی حاضری بہتر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورم کی کمی کے معاملے پر بھی بہتری لائی جائے گی، دوسرے ممالک میں تو کورم کامسئلہ ہی نہیں اٹھایاجاتا۔ واضح رہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین سینٹ رضا ربانی سے ملاقات کی جس میں ان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ ملاقات میں سنیٹر تاج حیدر، شیری رحمان، عثمان کاکڑ، اعظم موسٰی خیل اور راجہ ظفرالحق بھی موجود تھے۔

گرفتار دہشتگردوں کی ساتھی کا ”داعش“ سے تعلق, انکشافات نے کھلبلی مچادی

کراچی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) فیکٹری ایریا کے علاقے پنجاب سوسائٹی سے گزشتہ رات گرفتار دہشت گرد کی مبینہ ساتھی کا سراغ مل گیا ، نورین لغاری نامی خاتون دو ماہ شام میں داعش کے ساتھ گزارنے کے بعد چند روز قبل پاکستان آئی تھی ، حساس اداروں نے تحقیقات کے لئے حیدر آباد پولیس سے رابطہ کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق فیکٹری ایریا سے گزشتہ رات گرفتار دہشت گرد کی مبینہ ساتھی کا سراغ مل گیا ۔ گرفتار خاتون نورین لغاری حیدر آباد سندھ کی رہائشی ہے ۔ جائے وقوعہ سے نورین کا کالج کارڈ اور والد عبدالجبار کے شناختی کارڈ کی کاپی ملی ۔ جائے وقوعہ سے نورین کے والد عبدالجبار کا خط بھی ملا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق حساس اداروں نے مزید تحقیقات کے لئے حیدر آباد پولیس سے رابطہ کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق نورین نے دو ماہ شام میں داعش کے ساتھ گزارے ۔ نورین چھ روز قبل ہی پاکستان آئی تھی ۔

وزارت صحت کی نااہلی 12زندگیاں نگل گیا۔۔۔

فیصل آبا د (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں ”چکن پاکس“ کا مرض ”بے قابو“ ہونے لگا ہے رواں سال کے دوران اب تک ہلاکتوں کی تعداد 12اور متاثرین کی تعداد بڑھ کر 58تک جا پہنچی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کی غفلت اور لا پرواہی کے باعث چکن پاکس کی وباءبڑے پیمانے پر پھیلنے سے مزید ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد بڑھنے کا خدشہ، جبکہ فیصل آباد میں ڈینگی وائرس بھی پھر سے سر اٹھانے لگا ہے رواں سال میں پہلا کیس سامنے آیا ہے کراچی کی رہائشی 65سالہ خاتون شمیم بی بی شاہکوٹ میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں آئی تھی کہ اسے الائیڈ ہسپتال لایا گیا۔ جہاں اس میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی اور چکن پاکس کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔ رواں سال میں اب تک چکن پاکس کے مرض میںمبتلا 12مریضوں کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور رواں ماہ میں چکن پاکس کے مریضوں کی تعداد 47ہو گئی تھی جو کہ اب بڑھ کر 58تک جا پہنچی ہے۔ گزشتہ دنوں میں مزید 11مریضوں کو الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے مریضوں کی تعداد 58سے تجاوز ہونے کا خدشہ،مگر حکومت پنجاب نہ ہی ضلعی انتظامیہ اور نہ ہی محکمہ صحت کے حکام کی طرف سے کوئی مو¿ثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نوازش نے اس بارے میں شہریوں میں آگاہی مہم شروع کرنے کا ایک منعقدہ اجلاس میں اعلان کیا تھا جو کہ صرف کمرہ اجلاس تک ہی محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ اعلان کے باوجود چکن پاکس بیماری کی آگاہی مہم شروع نہ کی جا سکی ہے اور چکن پاکس مرض کے علاوہ ڈینگی وائرس کے بڑے پیمانے پر پھیلاﺅ کا خدشہ لاحق ہے۔ اس امر پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر ومشیر صحت،چیف سیکرٹری ہیلتھ پنجاب، ڈی سی او ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹس لےکر چکن پاکس کے مرض اور ڈینگی وائرس کی روک تھام کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔