نازیبا الزامات, برطانوی جریدے کی میلانیا ٹرمپ سے معذرت

لندن (صباح نیوز) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے برطانوی جریدے ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا جبکہ جریدے نے اپنے آرٹیکل پر معذرت کرتے ہوئے تقریبا 29 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی جریدے ڈیلی میل نے گزشتہ برس امریکی انتخابی مہم کے دوران ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے بطور ماڈل گزارے گئے وقت کے حوالے سے ‘نازیبا’ الزامات عائد کیے گئے تھے۔خیال رہے کہ 90 کی دہائی میں میلانیا ٹرمپ ٹاپ ماڈلز میں شمار ہوتی تھیں اور جریدے نے اپنے مضمون میں الزام عائد کیا تھا کہ جب میلانیا ٹرمپ ماڈل تھیں تو وہ ‘ماڈلنگ سے بڑھ کر خدمات’ فراہم کیا کرتی تھیں۔جریدے نے اس مضمون کو شائع ہونے کے بعد ہٹالیا تھا تاہم میلانیا ٹرمپ نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیلی میل اخبار کے خلاف لندن اور اس کے آن لائن ورژن میل آن لائن کے خلاف امریکا میں ہتک عزت کا مقدمہ کردیا تھا اور 15 کروڑ ڈالر ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔تاہم اب اخبار نے میلانیا ٹرمپ سے معذرت کرتے ہوئے 29 لاکھ ڈالر زرتلافی ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جس میں مقدمے کے اخراجات بھی شامل ہوں گے۔

پانامہ کیس کا فیصلہ, بڑی شخصیت نے اہم تاریخوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اور آرمی چیف کی طویل ملاقات ہوئی۔ پانامہ کیس پر بھی یقینی طور پر بات ہوئی ہو گی۔ آرمی چیف کو یہ جگہ ڈان لیکس کی آواز سننا پڑ رہی ہے۔ فوج نے واضح کر دیا ہے کہ طارق فاطمی اور پرویز رشید کی قربانی قبول نہیں۔ فوج کو بڑا بکرا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے مزید کہا کہ خبریں مل رہی ہیں کہ پنجاب میں اگر جینے والا امیدوار پی پی میں شامل ہو گا تو تمام خرچہ آصف زرداری دے گا۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو اگر کسی نے ووٹ دینا ہی ہے تو وہ زرداری کو دیکھ کر ارادہ بدل لے گا۔ بلاول کو سامنے لایا جاتا تو پھر ممکن ہے کہ ہمدردی کے ووٹ مل جاتے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ شیخ رشید کے کیس میں آرٹیکل 62-63 کے تحت آئے گا۔ رواں ماہ فیصلہ آ جائے گا۔ 17 یا 18 مارچ کو فیصلہ آ سکتا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ کلبھوشن کے معاملہ پر بھارتی سیاست میں ہلچل مچی ہے۔ کلبھوشن کی سزائے موت کا نواز شریف کو بھی علم نہیں تھا۔ پانامہ فیصلہ عوام کے حق میں اور کرپشن کے خلاف آئے گا۔ نا انصافی قانون بن جائے تو اس سے لڑنا لازم ہو جاتا ہے۔ پاک فوج قربانیاں دے رہی ہے اور حکمران ٹولہ مال بنانے میں مصروف ہے۔ پنجاب میں رینجرز ٹھیک وقت میں آ گئی ہے۔ ابھی تو ماڈل ٹاﺅن کیس بھی کھلے گا جس میں حاملہ خواتین کو قتل کیا گیا۔ بجلی، گیس موجود نہیں ہے اور پنجاب حکومت اب ٹھیلے والوں کی طرح آواز لگا رہی ہے کہ بجلی لگوا لوگ، گیس کنکشن لے لو۔ نندی پور منصوبہ قائد اعظم سولر پارک، ساہیوال منصوبہ سب فیل ہو چکے ہیں۔ قوم کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے لیکن وہ بیوقوف نہیں ہے پانامہ فیصلہ آنے دیں پھر سب دیکھیں گے کہ قوم ان کے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے۔ پانامہ فیصلہ جو بھی آئے فوج کی ذمہ داری ہے کہ اس پر مکمل عملدرآمد کرائے۔ وزارت خارجہ نالائقوں سے بھری پڑی ہے اسی لیے آرمی چیف کو سعودیہ لندن دیگر ممالک جانا پڑ رہا ہے۔ طارق فاطمی سے فوج کی ویسے بھی چڑ ہے کسی دن کوئی فوجی اسے دو تھپڑ لگائے گا کہ تو یہاں کیا کر رہا ہے۔ فاطمی کی بیگم کی ایم این اے سے یہ سارا مالشیا گروپ ہے۔ عمران خان کو اندرون سندھ وقت دینا چاہیے۔ لوڈشیڈنگ کی صورتحال کسی لاہوری سے پوچھ لیں وہ خوب بتائے گا کہ کیا صورتحال ہے۔

پریانکا چوپڑا کی بالی ووڈ میں طویل عرصے کے بعد واپسی

ممبئی(شوبز ڈیسک )بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے پہلے بالی ووڈ میں ایک عرصے تک کام کرکے خوب کامیابی سمیٹی اورپھر ہالی ووڈ جاکر بھی ان کی ترقی کا سفر جار رہا تاہم اب ایک بار پھر وہ بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کرتی نظرآئیں گی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نا صرف امریکی ٹی وی سیریل ‘کوانٹیکو’ میں ایف بی آئی ایجنٹ کا کردارنبھا رہی تھیں بلکہ ان کی پہلی ہالی ووڈ “بے واچ” بھی ریلیز ہونے والی ہے لیکن اب شاید اداکارہ کوہالی ووڈ پراجیکٹس کی آفر نہیں ہورہی جس کے بعد انہوں نے واپس بالی ووڈ میں انٹری کا فیصلہ کرلیا ہے۔رپورٹس کے مطابق اب پریانکا ہدایتکارانیردھا رائے چوہدری کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کا حصہ ہوں گی۔
جب کہ اداکارہ معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی ایک اورنئی آنے والی فلم سمیت ہدایتکارراکیش اوم پرکاش مہرا کی فلم میں بھی جلوہ گرہوں گی جس کے بعد ان کے مداح خاصے خوش ہیں جہاں وہ اداکارہ کو ایک بار پھربڑے پردے پردیکھ سکیں گے۔

کرینہ کپور کی دبئی فیشن شو میں شرکت کی تصویر انسٹاگرام پرجاری

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے دبئی میں فیشن شو میں شرکت کی تصویرانسٹاگرام پر جاری کر دی ہے جس میں انہوں نے گولڈن گاﺅن پہنا ہوا ہے اور صرف گھڑی اور انگوٹھی پہنی ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور خان نے دبئی میں فراز منان کے فیشن شو میں شرکت کی تصویرانسٹاگرام پر جاری کر دی ہے جس میں انہوں نے گولڈن گاﺅن پہنا ہوا ہے۔
اور صرف گھڑی اور انگوٹھی پہنی ہے جس میں وہ بہت خوبصورت اور پر اعتماد دکھائی دے رہی ہیں۔
مختلف سٹائل سے اپنے مداحون کو متاثر کرنے والی اداکارہ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ فیشن اور سٹائل کی دیوی ہیں۔

امیتابھ نے رنبیرکو سپر سٹار قرار دے دیا

نئی دہلی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ میگا سٹار امیتابھ بچن نے رنبیر کپور اور ان کی بہن رادھیما کی پرانی تصویر ٹویئٹر پر شیئر کرتے ہوئے رنبیر کپور کو آج کا سپر سٹار قرار دیا ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بالی وڈ میگا سٹار امیتابھ بچن نے رنبیر کپور اور ان کی بہن رادھیما کی پرانی تصویر ٹویئٹر پر شیئر کرتے ہوئے رنبیر کپور کو آج کا سپر سٹار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کی اداکاری بے مثال ہے۔تصویر میں نیتو کپور اور ششی کپور کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

مشن ایمپوسیبل 6 کی پیرس میں عکس بندی جاری

پیرس (شوبز ڈیسک )ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز کی ”مشن ایمپوسیبل 6 “ کی عکس بندی فرانس کے شہر پیرس میں تیزی سے جاری ہے۔ دل دہلا دینے والے مناظر کی اس بار زبردست انداز میں بھرمار ہوگی۔مشن امپوسیبل کے اب تک کے سارے سیکوئلز نے ہالی ووڈ ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں جم کر کمائی کی ہے تاہم اب مشن امپوسیبل کا نیا سیکوئل بھی آنے والا ہے جس کی عکس بندی کیلئے پیرس کا مقام منتخب کیا گیا ہے۔مشن امپوسیبل کا یہ حصہ اگلے برس جولائی میں آرہا ہے۔
پروڈکشن ہاو¿س کا دعویٰ ہے کہ اس بار پیش کی جانے والی نئی کہانی اس سیریز کے دیوانوں کو بار بار سنیما گھروں میں آنے پر مجبور کردے گی۔

بابراعظم کیرئیر کی بہترین پوزیشن پر فائز

دبئی (اے پی پی) پاکستان نے کالی آندھی کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیم رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر گرفت مضبوط کر لی، اس کے ساتھ ہی پاکستان کے 2019ءورلڈکپ تک براہ راست رسائی کے امکانات بھی روشن ہو گئے، بلے بازوں میں بابراعظم ایک درجہ ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے، محمدحفیظ 7 درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے جبکہ شعیب ملک 17 درجے چھلانگ لگا کر 45ویں نمبر پر آ گئے، باﺅلرز میں حسن علی کی 15، محمدعامر کی 13، حفیظ کی 11 اور عماد وسیم کی 7 درجے ترقی ہوئی ہے، حفیظ دنیا کے دوسرے بہترین آل راﺅنڈر بن گئے۔ بدھ کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ون ڈے رینکنگ کے تحت جنوبی افریقن ٹیم بدستور سرفہرست ہے، آسٹریلیا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان نے 90 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن مزید مستحکم کر لی، ویسٹ انڈین 83 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہے، بلے بازوں میں ڈی ویلیئرز پہلے، وارنر دوسرے، ویرات کوہلی تیسرے، جوروٹ چوتھے، فاف ڈوپلیسی پانچویں، ڈی کوک چھٹے، گپٹل ساتویں نمبر پر برقرار ہیں، بابراعظم ایک سیڑھی چڑھ کر آٹھویں نمبر پر آ گئے، محمدحفیظ 7 درجے ترقی پا کر 27ویں سے 20ویں نمبر پر آ گئے، سرفراز احمد دو درجے بہتری کے ساتھ 36ویں نمبر پر آ گئے، شعیب ملک 17 درجے چھلانگ لگا کر 62ویں سے 45ویں نمبر پر آ گئے، باﺅلرز میں عمران طاہر سرفہرست ہیں، سٹارک دوسرے، بولٹ تیسرے نمبر پر موجود ہیں، محمدعرفان 20ویں نمبر پر ہیں، حفیظ 11 درجے اوپر چڑھ کر 38ویں سے 27ویں نمبر پر آ گئے، حسن علی 15 درجے چھلانگ لگا کر 49ویں سے 34ویں، محمدعامر 13 درجے چھلانگ لگا کر 51 سے 38جبکہ عماد وسیم 46 ویں سے 39ویں نمبر پر آ گئے۔

پاکستان نے بھارت سے دوسری پوزیشن چھین لی

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں بھارت کی زیادہ فتوحات کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس طرح گرین شرٹس زیادہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتنے والی دنیا کی دوسری ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ میں شکست دیکر یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک روزہ بین الاقومی کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ فتوحات کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس ہے جس نے اب تک 898 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں وہ سب سے زیادہ 554 میچ جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے 1973 میں ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک مجموعی طور پر 874 میچز کھیلے، جن میں گرین شرٹس نے 460 میچز میں فتوحات حاصل کیں اور اب زیادہ ون ڈے میچ جیتنے میں دنیا کی دوسری ٹیم میں اس کا شمار ہوتا ہے، 388 میچز میں گرین شرٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 8 میچز ٹائی ہوئے اور 18 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہوگئے۔ بھارتی ٹیم ون ڈے میچز میں کامیابی کے تناسب سے تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت کی ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ 907 ون ڈے میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ وہ 459 میچز میں کامیابی کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اس کو 402 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 7 میچز ٹائی ہوئے اور 39 میچز بغیر فیصلے کے ختم ہوگئے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ون ڈے میچز میں کامیابی کے حوالے سے 378 میچز جیت کر دنیا کی چوتھی ٹیم ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اب تک مجموعی طور پر سب سے زیادہ 754 ون ڈے میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ وہ 378 میچز میں کامیابی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے اس کو 343 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور 9 میچز ٹائی ہوئے اور 24 میچز بغیر فیصلے کے ختم ہوگئے۔

ون ڈے سیریزمیں حفیظ اورحسن علی چھا گئے

لاہور (اے پی پی ) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف نہ صرف ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی بلکہ پاکستانی بلے باز ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے حوالے سے بھی پہلی تینوں پوزیشنز لے اڑے جبکہ بولنگ میں بھی حسن علی پہلے نمبر پر رہے ۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رنز محمد حفیظ نے بنائے۔ انہوں نے تین ون ڈے میچز میں 67کی اوسط سے 201 رنز بنائے۔ شعیب ملک دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے تین میچز میں 81.50کی اوسط سے 163رنز بنائے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے تین ون ڈے میچز میں 77 کی اوسط سے 154رنز بنائے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ ون ڈے سیریز میں باﺅلنگ میں سب سے زیادہ وکٹیں حسن علی نے حاصل کیں۔ انہوں نے تین میچز میں 18.33 کی اوسط سے 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ اینرز دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے تین میچز میں 25.50 کی اوسط سے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد عامر کا تیسرا نمبر رہا۔ انہوں نے تین میچز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

”لالہ“ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سفیر مقرر

لاہور(آئی این پی) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ایک جارح مزاج کپتان ہیں اور ٹیم کو ایسے ہی قائد کی ضرورت ہے جب کہ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔پاکستان کے سابق کپتان بوم بوم شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو آگے بڑھنے کے لیے بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے، بلاشبہ سرفراز احمد ایک جارح مزاج کپتان ہیں اور ٹیم کو ایسے ہی قائد کی ضرورت ہے، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد ہی ایسا اچھا کمبی نیشن تشکیل دے کر ٹیم کو دوبارہ پراعتماد بنائیں گے۔آئی سی سی کو دیے گے انٹریو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے، کیریئر میں میری کارکردگی میں اتار چڑھاﺅ آتا رہا لیکن طویل کیریئر میں یہ ایک متوقع بات ہے، اتنے لمبے عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اگرچہ میں نے ایسا سوچا بھی نہیں تھا، کرکٹ میں خوشی سے زیادہ غم ہوتا ہے اور اس عرصے میں کئی مراحل سے گزرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران میرے بھی کچھ خواب اور مقاصد تھے، میں اپنے آپ کو خوش قسمت تصور کرتا ہوں کہ میں اپنی کارکردگی سے کافی حد تک مطمئن ہوں اور لگتا ہے کہ میرا کوئی خواب سچ ہو گیا ہو۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ وقت اپنی فاﺅنڈیشن کے کام پر توجہ دوں گا جب کہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے مداحوں کےلئے لیگز بھی کھیلوں گا۔