فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز دنیا بھر میں متاثر، پاکستان بھی متاثرہ ممالک میں شامل
میٹا کی ملکیت والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز اتوار کے روز دنیا بھر کے مختلف ممالک میں جزوی طور پر متاثر رہیں، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو لاگ اِن، پوسٹس دیکھنے، فیڈ ریفریش کرنے اور ویب سائٹ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان بھی متاثرہ ممالک میں شامل رہا، جہاں دوپہر کے وقت متعدد صارفین نے فیس بک اور انسٹاگرام کے استعمال میں رکاوٹ، سست روی اور لاگ اِن کے مسائل کی شکایت کی۔ آؤٹیج مانیٹرنگ پلیٹ فارم Downdetector کے مطابق پاکستان میں فیس بک سے متعلق شکایات تقریباً دوپہر 12:30 بجے سامنے آنا شروع ہوئیں، جو تقریباً 1:40 بجے عروج پر پہنچیں، جبکہ صورتحال تقریباً 2:40 بجے معمول پر آنا شروع ہوگئی۔
عالمی سطح پر بھی ہزاروں صارفین نے سروس متاثر ہونے کی اطلاع دی۔ امریکہ میں فیس بک کے 4,800 سے زائد جبکہ انسٹاگرام کے تقریباً 2,800 آؤٹیج رپورٹس ریکارڈ کی گئیں۔ صارفین کو ویب سائٹ تک رسائی، ایپ کے استعمال اور فیڈ لوڈ ہونے میں مشکلات پیش آئیں۔

