نئی دہلی: بھارت میں طلبہ کی قیادت میں جاری احتجاجی تحریک کے بعد مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دے دیا، جسے مظاہرین نے اپنی بڑی کامیابی قرار دیا۔ یہ احتجاج مبینہ طور پر NEET-UG میڈیکل داخلہ امتحان کے پیپر لیک اور امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف شروع ہوا تھا۔
احتجاج کی قیادت کرنے والی نوجوانوں کی تنظیم "کاکروچ جنتا پارٹی (CJP)” نے وزیر کے استعفے کے بعد اعلان کیا کہ ان کے اہم مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں اور وہ اپنا احتجاج ختم کر رہے ہیں۔ تنظیم کے نمائندوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرے واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مظاہرین نے نئی دہلی کے جنتر منتر سمیت مختلف مقامات پر کئی ہفتوں تک احتجاج کیا، جس میں طلبہ، نوجوانوں اور سماجی کارکنوں نے تعلیمی نظام میں اصلاحات اور جواب دہی کا مطالبہ کیا۔ وزیر تعلیم کا استعفیٰ سامنے آنے کے بعد احتجاجی مقامات پر جشن منایا گیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے کہا کہ حکومت نے طلبہ سے متعلق بعض دیگر مطالبات پر بھی غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جن میں مظاہرین کے خلاف مقدمات واپس لینے اور امتحانی نظام میں بہتری شامل ہے۔

