تہران: ایران کے جنوب مشرقی صوبہ کرمان میں اتوار کی صبح 4.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایران کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 3:46 پر آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز بردسیر (Bardsir) ضلع میں واقع تھا، جو صوبائی دارالحکومت کرمان سے تقریباً 62 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔ جھٹکے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم لوگوں میں خوف و ہراس کے سوا کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
صوبائی محکمہ بحران کے سربراہ غلام رضا نژاد خالقی نے بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد امدادی و جائزہ ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئیں۔ ابتدائی سروے کے مطابق کسی جانی نقصان، زخمی ہونے یا املاک کو نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ایران دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں زلزلے اکثر آتے رہتے ہیں، کیونکہ ملک کئی فعال فالٹ لائنز پر واقع ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔

