سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ) تھانہ کینٹ کے علاقے میں سوتیلی ماں نے 15سالہ بیٹی پر بہیمانہ تشدد کرکے اسے ذہنی طور پر مفلوج کردیا۔ پولیس نے سوتیلی ماں کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ ڈاکٹروں نے واضح نشانات ہونے کے باوجود بچی کی میڈیکل رپورٹ جاری نہیں کی۔ کینٹ کے علاقہ کمانوالہ کے رہائشی اسلام مغل کی 6سال قبل بیوی فوت ہوگئی جس سے ثناءاس کی بیٹی تھی۔ اسلام مغل نے دوسری شادی رخسانہ بی بی سے کی اور خود روزگار کے سلسلہ میں بیرون ملک چلا گیا جس کی غیرموجودگی میں رخسانہ عرصہ دراز سے ثناءپر شدید تشدد کیا کرتی تھی۔ اہل محلہ کے مطابق رات کے اوقات میں اکثر ثناءکے رونے اور چیخنے کی آوازیں آیا کرتی تھیں۔ گزشتہ روز رخسانہ نے ثناءکی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر اس پر تشدد کرنا شروع کر دیا‘ چیخنے کی آوازیںسن کر اہل محلہ نے گھر میں داخل ہو کر دیکھا تو رخسانہ اپنے حقیقی بچوں کو پاس بٹھا کر ثناءکو آہنی راڈ سے مار رہی تھی۔ اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمہ کو گرفتار کر کے متاثرہ بچی کے تایا اقبال مغل کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا۔ ایس ایچ او تھانہ کینٹ انسپکٹر آصف گیلانی نے بتایا کہ ملزمہ رخسانہ کو جیل منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ثناءکو اس کی چچی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ مقدمہ کے تفتیشی آفیسر سب انسپکٹر محمدیونس نے بتایا کہ بچی پرتشدد کے نشانات واضح ہونے کے باوجود متعلقہ لیڈی ڈاکٹر نے نتیجہ التواءمیں رکھا ہے اور مجھے 4پرچیاں تھما دی ہیں جس میں ایکسرے اور مختلف ٹیسٹ شامل ہیں۔
بہیمانہ تشدد