لاہور(ویب ڈیسک) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون ستمبر کے دوسرے ہفتے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو پروفیشنل بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم مہمان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 2 سے 3 روز میں کر دیا جائے گا جب کہ سکیورٹی فنڈز کے علاوہ تمام اخراجات خود برداشت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہو گا جب کہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔