لاہور میں آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ

لاہور(ویب ڈیسک) لاہورمیں ایک ہفتے کے دوران آتشزدگی کا دوسرا بڑا واقعہ پیش آگیا ،راوی روڈ ٹمبر مارکیٹ میں جوتوں بنانے والے کارخانے میں ہولناک آگ سے لاکھوں روپے کا سامان جل کے راکھ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے تمام مزدور بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ، آگ نے قریبی کھمبوں اور بجلی کی تاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے باعث علاقے کی بجلی منقطع کر دی گئی ، آگ کی شدت کے باعث ملحقہ عمارتوں اور گھروں کو بھی خالی کروا لیا گیا ، پورے علاقے پر دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے،فائر فائٹرز نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ،فائیر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ۔تفصیلات کے مطابق ٹمبر مارکیٹ میں واقع جوتوں کے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ،کارخانے میں جوتے میں استعمال ہونے والا لیدر بھاری مقدار میں موجود تھا جس کے باعث آگ تیزی سے پھیلی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کی 8گاڑیاں موقع پر پہنچی اور آگ بھجانے کا عمل شروع کیا گیا تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر فائٹرز نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیتے ہوئے مزید فائر ٹینڈر طلب کئے ۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ اس کے شعلے اردگرد دکانوں اور گھروں تک جا پہنچے جس کے باعث قریبی گھروں اور عمارتوں کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا،پورے علاقے پر دھویں کے سیاہ بادل چھا گئے۔ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی موقع پر پہنچیں اور ٹیموں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیااور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا ۔بتایا گیا ہے کہ جب آگ لگی تو اس وقت کارخانے میں 25سے 30مزدور موجود تھے جو کہ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔آگ کے باعث راوی روڈ پر پر ٹریفک بھی جام ہو گیا جس سے دور دور تک گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔لارڈ مئیر لاہور مبشر جاوید اور ڈپٹی کمشنر سمیر نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔میئرلاہور کرنل یٹائرڈ مبشر جاوید نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آگ موٹر کے اسپارک ہونے کے باعث لگی آگ کی شدت کی وجہ پلاسٹک کی شیٹ تھی جس کی مدد سے جوتے کے سول بنائے جاتے تھے اس موقع پر میئر نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ عمارت قانونی طور پر کمرشل تھی یا نہیں اگر یہ کمرشل تھی کو اس میں فائر سیفٹی کے آلات نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہیں ۔ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد نے بھی بتایا کہ آگ موٹر میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔جبکہ فیکٹری مالک نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے ، آگ لگنے کے دوران مزدور کارخانے میں موجود تھے۔دوسری جانب وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک ہفتے کے دوران آتشزدگی کا دوسرا واقعہ پیش آنے پر متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے بھی آتشزدگی کے بارہا سانحات اور ان کی وجہ سے تاجروں کو اربوں روپے کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ مارکیٹوں میں ہائیڈرنٹس نصب کرے تاکہ بڑے نقصانات سے بچاجاسکے۔انہوں نے لیسکو پر بھی زور دیا کہ وہ مارکیٹوں میں بجلی سپلائی کا نظام درست کرے کیونکہ ناقص نظام کی وجہ سے شارٹ سرکٹ بھی آتشزدگی کی بڑی وجوہات ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں اسی ہفتے پیر کے روز بھی انارکلی بازار کی گنپت روڈ پرایک پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس سے بھاری نقصان ہواتھا ۔

بیوی کو بلے سے مارنے والے پاکستانی کرکٹر کو سزا مل گئی

مانچسٹر(ویب ڈیسک) برطانیہ کی مقامی عدالت نے بیوی کو بلے سے مارنے اور بلیچ پلانے کے الزام میں کرکٹر مصطفیٰ بشیر کو 18 ماہ قید کی سزا سنادی۔برطانوی میڈیا کے مطابق کراو¿ن عدالت نے بیوی کو مارنے اور زبردستی بلیج پلانے کے مقدمے کی سماعت کی اس موقع پر عدالت کو گمراہ کرنے اور تمام شواہد 34 سالہ کرکٹر مصطفیٰ بشیر کے خلاف جانے پر عدالت نے انہیں 18 ماہ قید کی سزا کا حکم سنا دیا۔

پاکستان کو تنہا کرنے کا بھارتی خواب صرف خواب ہی رہے گا ،بھارت کو دوٹوک جواب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا تنازعہ ہے ، بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل نہیں کر رہا ، کلبھوشن یادیو اور سمجھوتہ ایکسپریس جیسے واقعات دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ نئی دہلی میں بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ ممبئی حملے کی تحقیقات کیلئے پاکستانی جوڈیشل کمیشن کو بھارت آنے میں چار سال لگے ۔ یہ خاصا پیچیدہ معاملہ ہے ، بھارت کو تعاون کرنا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کے خواب صرف خواب ہی رہ گئے ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان میں عدم استحکام افغانستان کے ذریعے پیدا کیا جا رہا ہے ۔ دہشتگردی کے حوالے سے سوال پر عبدالباسط نے کہا کہ یہ پورے خطے کا مسئلہ ہے ۔

لیجنڈری ونود کھنہ شدید بیمار ….عرفان خان جسمانی اعضاءقربان کرنے کیلئے تیار

ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ اسٹار عرفان خان نے لیجنڈری اداکار ونود کھنہ کے لیے ضرورت پڑنے پر اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی اداکار ونود کھنہ کئی روز سے ممبئی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور گزشتہ دنوں ان کی بیماری کی حالت میں لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ان کی جسمانی حالت میں تبدیلی نے مداحوں کو حیران کردیا تھا جب کہ فلم اسٹار کی گرتی ہوئی صحت پر فلمی ستارے اور ان کے پرستار کافی پریشان ہیں لیکن اب فلم نگری کے ایک سپر اسٹار نے ان کی صحت کے لیے بڑی قربانی دینے کا اعلان کردیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان نے اپنے پسندیدہ اداکار ونود کھنہ کی خراب صحت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اعضاء عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ونود کھنہ فلمی دنیا کے سب سے بہترین انسان ہیں جن کی اچانک بیماری کا سن بڑا دھچکا لگا ہے لہٰذا ان کی صحتیابی کے لیے کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہوئی تو ضرور کروں گا جس کے لیے چاہے مجھے اپنے اعضا بھی عطیہ کرنے پڑجائیں۔

میں آج جس مقام پرہوں اس کا کریڈٹ میری ”….“ہے

لاہور(این این آئی) بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے کہا فلم ”ہے بے بی“ اور“قسمت کنکشن“ کے وقت میرے وزن اور میرے لباس کے حوالے سے مجھ پر نکتہ چینی ہونے لگی تھی تو میں سوچ میں پڑ گئی کہ کیا کچھ وقت تک میری جو تعریفیں ہوا کرتی تھیں کہیں وہ صرف ایک اتفاق تو نہیں تھا۔انہوں نے کہا تمام طرح کی تنقید کے بعد بھی اگر آج میں اس مقام پر ہوں تو اس کا کریڈٹ میں اپنی ضد کو دیتی ہوں ،ودیا کہتی ہیں میں بہت ضدی ہوں اور اتنی نکتہ چینی کے باوجود نہیں بدلی شاید اسی لئے میں ودیا بالن ہوں۔ انہوں نے کہا میں اس دن کو آج بھی نہیں بھول پاتی جب عامر خان کی وجہ سے میری انا کو ٹھیس پہنچی تھی۔

کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹی ٹوئنٹی میں نئی تاریخ رقم کر دی

کولکتہ(نیوز ایجنسیاں) کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بغیر وکٹ کھوئے بڑا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی، نائٹ رائیڈرز نے رواں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دسویں ایڈیشن میں گجرات لائنز کے خلاف میچ میں 184 رنز کا ہدف 14.5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل ٹی ٹونٹی میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز پرتھ سکارچرز کے پاس تھا، سکارچرز نے 2015ءمیں بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ میں میلبورن رینی گیڈز کے خلاف میچ میں 171 رنز کا ہدف حاصل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جبکہ آئی پی ایل میں وکٹ کھوئے بغیر بڑا ہدف حاصل کرنے کا اعزاز ممبئی انڈینز کے پاس تھا، ممبئی نے 2012ءمیں راجستھان رائلز کے خلاف میچ میں 163 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی

گیانا (نیوز ایجنسیاں)ویسٹ انڈیز نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار 300 پلس رنز کا کامیاب ہدف حاصل کرنے کا اعزاز پا لیا، کالی آندھی نے پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس سے قبل کالی آندھی کو 31 مرتبہ ون ڈے میں 300 پلس رنز کا ہدف ملا اور تمام میں وہ ناکام رہی لیکن ویسٹ انڈیز نے گرین شرٹس کے خلاف پہلے ون ڈے میں 309 رنز کا ہدف حاصل کر کے ناکامیوں کی روایت توڑ دی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ون ڈے میں سب سے بڑا ہدف 2004ءمیں جنوبی افریقہ کے خلاف حاصل کیا تھا جبکہ کالی آندھی نے پروٹیز کے خلاف 298 رنز کا کامیاب ہدف حاصل کیا تھا۔

ٹرمپ کا شام کیخلاف اہم اعلان

واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں)امریکا نے شام کے خلاف نئی اقتصادی پابندیاں عائدکرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیرخزانہ اسٹیف منوچین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت جلد ہی اسد رجیم پر نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران امریکی وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت شام میں نہتے شہریوں کے خلاف مہلک کیمیائی گیس کے استعمال کے جواب میں اسد حکومت کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی ایک نئی فہرست تیار کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ پابندیاں انتہائی موثر ہوں گی اور کسی بھی شخص کو اسد رجیم کے ساتھ تجارتی روابط اور لین دین سے روک دیں گی۔ امریکی حکومت نے شام میں صدر بشار الاسد پر نئی اقتصادی پابندیاں ایک ایسے وقت میں عا ئد کرنے کی تیاری شروع کی ہے جب گذشتہ روز امریکی فوج نے شام میں ایک سرکاری فوجی اڈے پر 59 کروز میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں فوجی اڈے کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

محمد حفیظ نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا

گیانا(نیوز ایجنسیاں) پاکستانی ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں سابق جنوبی افریقن بلے باز ہنسی کرونیے اور بھارت کے سریش رائنا کے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، حفیظ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر یہ کارنامہ انجام دیا، اسطرح حفیظ زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے 59ویں بلے باز بن گئے ہیں۔ ہنسی کرونیے نے 5565 اور رائنا نے 5568 رنز بنا رکھے تھے جبکہ حفیظ نے 183 میچز میں 11 سنچریوں کی مدد سے 5615 رنز بنا رکھے ہیں۔

عالیہ بھٹ نے فٹنس کے راز سے پردہ اٹھا دیا

ممبئی (نیوز ایجنسیاں)بالی وڈ عالیہ بھٹ نے اپنی فٹنس کے راز سے پردہ اٹھا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی فٹنس کا راز بتایا ہے،اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ سمارٹ رہنے کے لئے روزانہ جم جاتی ہیں اور وہا ں ایک گھنٹہ سخت مشقت والی ورزشیں کرتی ہیں علاوہ ازیں وہ گھر کا بنا ہوا کھانا بھوک رکھ کر کھاتی ہیں،وہ جنک فوڈ سے بھی ممکن حد تک پرہیز کرتی ہیں،یہی ان کی فٹنس کا راز ہے،اداکارہ کی حال میں ریلیز ہونے والی فلم بدری ناتھ کی دلہنیا ہے جس پر مداحوں نے اچھے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔