اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان نااہلی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے درخواست پر اعتراض کرنے پر ان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک تو آپ اڑھائی سال سے جواب نہیں دے رہے اور اوپرسے دھونس ڈالتے ہیں۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا کی زیر صدارت عمران خان کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پرسماعت ہوئی اس موقع پر عمران خان کے وکیل شاہد گوندل نے ایک بار پھر درخواست گزار ہاشم بھٹہ کی درخواست پراعتراض کرتے کہا کہ درخواست گزار( ن )لیگ کے سابق رکن قومی اسمبلی نصیر بھٹہ کے بیٹے ہیں اور انہوں نے (ن )لیگ کی ایماءپر یہ درخواست دائر کی ہے۔شاہد گوندل نے کہا کہ قانون کے مطابق عمران خان کی نااہلی کےلئے الیکشن کمیشن میں براہ راست درخواست دائر نہیں کی جاسکتی لہذا پہلے فیصلہ کرلیا جائے کہ پٹیشن قابل سماعت ہے یا نہیںجس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ اصل بات کا جواب دینے کی بجائے اس معاملے پر بھی گریز کررہے ہیں آپ کی جانب سے اس کیس میں اڑھائی سال سے کوئی جواب نہیں آیا ہے ¾ہم ایسا کرتے ہیں کہ اس کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کےلئے ملتوی کردیتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آپ جواب دینے کے بجائے ہم پر ہی دھونس ڈالے جارہے ہیں بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے اعتراضات پر دلائل کے لئے سماعت کو بارہ جولائی تک ملتوی کردیا ۔
”اڑھائی سال سے جواب نہیں دیا ،اوپر سے دھونس جماتے ہو “چیف الیکشن کمیشن عمران خان کے وکیل پر برہم
