ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ایران میں کرونا کیسز بڑھے تو بلوچستان سمیت پورا ملک متاثر ہوسکتا ہے، کیسز بڑھنے پر ماضی جیسے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی ان کا کہنا تھا کہ کرونا کی دوسری لہر شروع ہوگئی ہے، وائرس مختلف ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پاکستان میں بھی کرونا کیسز بڑھے ہیں، کرونا کے باعث کے پی میں بازار اور تعلیمی ادارے سیل کردیئے گئے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے کہا کہ ایران میں کرونا کیسز کی وجہ سے بلوچستان حکومت الرٹ ہوگئی، پڑوشی ملک میں کرونا کیسز بڑھے تو بلوچستان سمیت پورا ملک متاثر ہوسکتا ہے، ایران میں کرونا کیسز میں اضافہ ہوا تو ماضی جیسے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں، تعلیمی اداروں کو بند نہیں کیا جائے گا، اگر کیسز رپورٹ ہوئے تو متاثرہ افراد کو قرنطینہ کیا جائے گا۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہے، صوبائی حکومت دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔






































