مردان کے علاقے رستم میں پیش آنے والے مائننگ حادثے میں لاپتہ مزدور کو 16 دن بعد بحفاظت زندہ نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پلو ڈھیری میں یہ واقعہ 31 مارچ کو پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 9 مزدور جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والا مزدور عبدالوہاب لینڈ سلائیڈنگ کے وقت دیگر مزدوروں کے ہمراہ کان میں موجود تھا۔
16 روز بعد زندہ نکالے جانے پر موقع پر موجود افراد نے مزدور کو کندھوں پر اٹھا لیا اور “اللہ اکبر” کے نعرے لگائے۔
حکام کے مطابق طویل تلاش کے بعد ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ متاثرہ مزدور کو فوری طور پر ایم ایم سی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔





































