وزیراعظم شہباز شریف کا زرعی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے زرعی شعبے میں جامع اصلاحات لانے اور فوری طور پر قومی زرعی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے زرعی شعبے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی فورم قائم کرنے کی ہدایت بھی کی جو اصلاحات اور ایگریکلچر انوویشن اینڈ گروتھ پلان پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گا۔
انہوں نے کسانوں کو آسان زرعی قرضوں تک رسائی دینے کے لیے زرخیز زرعی قرض پروگرام سے متعلق ملک گیر آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی حکم دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، معیاری بیج، بہتر آبپاشی، کھاد کی دستیابی اور تحقیق کے ذریعے زرعی پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو زرعی تحقیق کا نمایاں مرکز بنانے پر بھی زور دیا۔

