لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں کھیلوں کے نئے میدان خصوصاً کرکٹ گراﺅنڈز بنانے اور ای لائبریریز کے قیام کے پروگرامو ںپر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے \سپورٹس سٹیئرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔حنیف عباسی سٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اورنوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ صوبے میں یوتھ کمیشن قائم کر دیا گیا ہے اور یوتھ کمیشن کے پہلے اجلاس کی میں خود صدارت کروں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کو بھی جلد فعال کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے صوبہ بھر میں کرکٹ اور پلے گراﺅنڈز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں 92 کرکٹ اور پلے گراﺅنڈز بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔ انہو ںنے ہدایت کی کہ کرکٹ گراﺅنڈز اور پلے گراﺅنڈز بنانے کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور سکولوں میں موجود پلے گراﺅنڈز میں بھی کرکٹ کھیلنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جائے اورجن اضلاع کے سکولوں میں گراﺅنڈز بڑی ہیں، وہاں پر رات کے وقت کرکٹ کھیلنے کا انتظام کیا جائے۔ نئی بننے والی کرکٹ گراﺅنڈز میں فلڈ لائٹس کا انتظام کیا جائے تاکہ رات کے وقت ٹورنامنٹس کا انعقاد ممکن ہوسکے اور اس ضمن میں سکولوں کا جلد سروے کرا کر کرکٹ گراﺅنڈز کی نشاندہی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کرکٹ اور پلے گراﺅنڈز کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سپورٹس انڈومنٹ فنڈ کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر سپورٹس اکیڈمیاں بھی بنائی جائیں گی۔ انہو ںنے کہا کہ ای لائبریریز کے پروگرام کو جدت کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھانا ہوگا۔رواں مالی برس 10 ای لائبریریز کا قیام ہر صورت عمل میں لایا جائے۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ برس کرکٹ گراﺅنڈز، پلے گراﺅنڈز اور ای لائبریریز بنانے کے پروگراموں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئی برہمی کا اظہار کیا اور اس ضمن میں چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے عالمی بینک کے مشیر علاقائی اقتصادی تعاون برائے جنوبی ایشیاہارون شریف نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی اصلاحات کے باعث معیشت مستحکم ہوئی ہے اوربین الاقوامی ادارے پاکستان کی مضبوط ہوتی ہوئی معیشت اور شرح نمو میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے دور میں کرپشن کے سدباب کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں جس کے باعث کرپشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے جسے ملکی اور عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں معیار، رفتار اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے گئے ہیں اور یہ وسائل عوام کو معیاری سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ساڑھے پانچ کروڑ دیہی آبادی کی اراضی کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کیا ہے اور اس ضمن میں عالمی بینک کی معاونت لائق تحسین ہے۔ اس حوالے سے لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے جبکہ پنجاب حکومت شہری اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے پروگرام کا آغاز کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے پروگرام میں عالمی بینک کی معاونت لائق تحسین ہے اور عالمی بینک تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے حوالے سے بھی پنجاب حکومت کا ایک بہترین پارٹنر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بجلی کے منصوبوں پر جس تیز رفتاری سے کام جاری ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ توانائی کے منصوبے اگلے برس ہزاروں میگاواٹ بجلی دینا شروع کر دیں گے اور کوئلے و گیس سے چلنے والے کارخانے مکمل ہونے سے بجلی سستی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے برس کے اختتام تک لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی اور ملک میں زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی ہوگی۔و ہ منتخب نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سی پیک کے تاریخی منصوبے نے پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ سی پیک کے تحت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر انتہائی تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کے باعث ملک اندھیروں میں ڈوبا رہا۔ دور آمریت اور اس کے بعد کے حکمرانوں نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا۔انہو ںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتار اپنی مثال آپ ہے۔بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک کا قریہ قریہ روشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے غلام محمد لالی، اراکین صوبائی اسمبلی انعام اللہ خان نیازی، راجہ محمد علی اور امتیاز احمد لالی شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اپنے ڈرائیور محمد امجدسیفی کی رہائش گاہ وحدت کالونی گئے۔وزیر اعلیٰ نے بیٹی کی شادی پر امجد سیفی اور دیگر اہل خانہ کو مبارکباد دی اور شادی شدہ جوڑے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے شادی شدہ جوڑے کو نئی زندگی کی شروعات پر مبارکباد دی۔
کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس ، منصوبوں میں شفافیت کو فروغ دیا

