اسلام آباد (این این آئی) عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے جائیداد ضبط کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی ہے ¾ ایڈیشنل سیشن جج نے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست پر دلائل آئندہ سماعت پر دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔ہفتہ کو ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن کی عدالت میں عبدالرشید غازی قتل کیس کی سماعت ہوئی جس دوران پرویز مشرف کی جائیداد ضبطگی کی رپورٹ جمع کرائی گئی ¾ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری رپورٹ میں بتایا گیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کر لی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف کو اشتہاری ملزم قرار دینے اور ان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت کواشتہاری ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے استفسار کیا کہ عدالت کی رہنمائی کریں کہ کس قانون کے تحت وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا جائے۔انہوں نے ریڈوارنٹ کے اجراءدرخواست پر مدعی مقدمے کے وکیل کو دلائل آئندہ سماعت پر دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔