ابوظہبی میں جاری ورلڈ جوجِتسو چیمپئن شپ 2026 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو طلائی اور ایک کانسی کا تمغہ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان نے ورلڈ چیمپئن شپ کی ماسٹرز ڈویژن میں عالمی اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔
پاکستان کے ابو ہریرہ اور محمد عمار نے ماسٹرز ڈو اور ماسٹرز ڈو شو ایونٹس میں طلائی تمغے جیت کر ملک کا پرچم بلند کیا۔ دونوں کھلاڑی ماضی میں ایشین چیمپئن بھی رہ چکے ہیں اور ان کی کامیابی کو پاکستانی جوجِتسو کی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی چیمپئن شپ میں محمد یوسف اور محمد عمر نے انڈر 21 ڈو کیٹیگری میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، جس سے پاکستان کے مجموعی تمغوں کی تعداد تین ہو گئی۔
پاکستان جو جِتسو فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر یہ کامیابیاں ملک میں جوجِتسو کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوں گی۔

