اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ 11 پاکستانیوں اور ایران کے 20 شہریوں کی وطن واپسی ممکن بنا دی گئی ہے۔
اپنے ایکس پیغام میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ یہ تمام افراد اُن جہازوں میں سوار تھے جنہیں امریکا نے سنگاپور کے ذریعے ضبط کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری محفوظ اور صحت مند ہیں اور بنکاک سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
وزیرِ خارجہ کے مطابق ایرانی شہریوں کو بھی ان کے وطن واپسی کے لیے ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اس معاملے میں سنگاپور کے وزیراعظم اور حکومت کے تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے اعتماد پر بھی اظہارِ تشکر کیا، جبکہ امریکی حکومت کی جانب سے تعاون پر امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی واپسی کو یقینی بنانے میں قریبی تعاون کیا۔





































