متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس سے پاکستان سے سیاحت، کاروبار، ملازمت اور خاندانی ملاقاتوں کے لیے سفر کرنے والوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کی عکاس قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویزا درخواستوں کی منظوری اب معمول کے طریقہ کار کے تحت دی جا رہی ہے، تاہم تمام درخواست گزاروں کو اماراتی امیگریشن قوانین، مکمل دستاویزات اور دیگر ضروری شرائط پوری کرنا ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہر درخواست کا جائزہ انفرادی بنیاد پر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے اجرا میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ پاکستانیوں کے لیے یو اے ای کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور افرادی قوت کے تبادلوں کو بھی فروغ ملے گا۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تازہ ترین شرائط اور مطلوبہ دستاویزات کی تصدیق متعلقہ اماراتی حکام یا مجاز ویزا سینٹر سے ضرور کریں۔

