اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کو مبینہ طور پر ریاستی اداروں سے متعلق سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے مواد کے معاملے میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو 20 جولائی کو دوپہر 12 بجے این سی سی آئی اے کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر، اسلام آباد میں ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ انکوائری کے دوران یہ الزام سامنے آیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹا، اشتعال انگیز اور تضحیک آمیز مواد پھیلایا گیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہوئیں تو قانون کے مطابق مزید کارروائی کی جا سکتی ہے یا یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں۔

