پاکستان کی باصلاحیت باکسر فاطمہ زہرا نے 2026 کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کے 60 کلوگرام مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں باکسنگ کا تمغہ جیتنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باکسر بن گئی ہیں، جبکہ یہ رواں ایونٹ میں پاکستان کا پہلا تمغہ بھی ہے۔
فاطمہ زہرا نے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ کی جورڈن ولسن کو 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جس کے ساتھ ہی مقابلوں کے فارمیٹ کے تحت ان کا کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہو گیا۔ یہ کامیابی پاکستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں 12 سال بعد باکسنگ کا پہلا تمغہ بھی ثابت ہوئی۔
سیمی فائنل میں فاطمہ زہرا کا مقابلہ کینیڈا کی میری باتھول ال احمدیہ سے ہوا، جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم کامن ویلتھ گیمز کے قوانین کے مطابق دونوں سیمی فائنل میں شکست کھانے والے باکسرز کو کانسی کا تمغہ دیا جاتا ہے، جس کے باعث فاطمہ زہرا نے تاریخی برانز میڈل اپنے نام کیا۔
میچ کے بعد فاطمہ زہرا نے کہا کہ ان کا ہدف سونے کا تمغہ تھا، تاہم یہ کانسی پاکستان میں خواتین کی باکسنگ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستانی خواتین باکسرز مزید بڑی کامیابیاں حاصل کریں گی۔

