اسپین کے سینٹی کازورلا نے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
اسپین کے سابق مڈفیلڈر اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر سینٹی کازورلا نے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان سوشل میڈیا پر کیا اور اپنی شاندار کیریئر کا باضابطہ اختتام کر دیا۔
41 سالہ کازورلا کا فٹبال کیریئر 25 سال پر محیط رہا، جس کا آغاز 2001 میں ان کے بچپن کے کلب ریال اوویڈو سے ہوا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے کئی بڑے کلبوں کی نمائندگی کی جن میں انگلش کلب آرسنل، اسپینش کلب ویارئیل اور ملاگا شامل ہیں۔
کازورلا کو ان کی شاندار تکنیک، کھیل کو سمجھنے کی صلاحیت اور میدان میں بہترین کارکردگی کے باعث دنیا بھر میں سراہا جاتا رہا۔ کیریئر کے دوران وہ متعدد بار انجریز کا شکار بھی ہوئے، تاہم انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد فٹبال شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

