وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام مسئلۂ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا تنازع خطے میں امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑا حل طلب مسئلہ ہے اور اس کا حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات نے خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور پاکستان ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت یا یکطرفہ اقدامات کے ذریعے خطے میں دیرپا امن قائم نہیں کیا جا سکتا، بلکہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے۔
