All posts by Khabrain News

بھارت کے مقابلے پاکستان میں غربت نظر نہیں آئی، جاوید اختر

ممبئی: (ویب ڈیسک) حال ہی میں لاہور میں ہونے والے فیض فیسٹیول میں شرکت کے دوران پاکستان سے متعلق گفتگو کرنے والے بھارتی فلم رائٹر جاوید اختر نے ایک بار پھر پاکستان کے حوالے سے بیان دیا ہے۔
گزشتہ دنوں لاہور میں ہونے والے فیض فیسٹیول کے دوران بھارتی مصنف، شاعر اور نغمہ نگارجاوید اختر نے پاکستانیوں سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم اب جاوید اختر نے بھارت میں ایک تقریب کے دوران انڈیا اور پاکستان کی غربت کا موازنہ کیا ہے۔
تقریب کےدوران میزبان اور معروف مصنف چیتن بھگت نے جاوید اختر سے سوال کیا کہ پاکستان کی معیشت کا برا حال ہے، انہوں نے آئی ایم ایف کے آگے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہیں، کیا آپ کو دورہ پاکستان کے دوران وہاں یہ چیز محسوس ہوئی؟
جاوید اختر نے کہا کہ نہیں بالکل نہیں، بھارت میں ہمیں سڑکوں پر غربت نظر آتی ہے لیکن لاہور میں ایسا کچھ نہیں دکھائی دیا، ایسا لگتا کہ وہاں غربت چھپائی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 3 بار لاہور گیا پر وہاں کبھی غریبوں کے گھر دکھائی نہیں دئیے، نہ سڑکوں پر کوئی غریب نظر آیا، حیرت کی بات ہے کہ انہوں نے اس سب کا کیسے انتظام کیا ہوا ہے۔
اس دوران چیتن بھگت نے جاوید اختر سے کہا کہ پاکستان میں آپ کو سپیشل گلیوں سے لے جاتے ہوں گے جہاں غربت نہ دکھائی دے۔
جس پر جاوید اختر نے کہا کہ آپ ممبئی میں کسی بھی سڑک پر جائیں آپ کو کہیں نہ کہیں غربت نظر آجائے گی، ہمارے یہاں اچھا بھی سامنے ہے اور برا بھی مگر پاکستان میں ایسا نہیں ہے، وہاں یہ چیز نظر نہیں آتی۔

پاکستانی شارٹ فلم ’نور‘ نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں کامیابی حاصل کر لی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شارٹ فلم ’نور‘ نے کانز ورلڈ فلم فیسٹیول میں کامیابی حاصل کر لی۔
عمر عادل کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستانی شارٹ فلم نور نے جنوری میں کانز ورلڈ فلم فیسٹیول کے آن لائن ایڈیشن میں ’صحت پر مبنی بہترین فلم‘ کی کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلم کے ہدایتکار عمر عادل نے بتایا کہ یہ فلم چشمہ نہ پہننے کی وجہ سے بچوں پر پڑنے والے اثرات پر روشنی ڈالتی ہے اور اس میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ دباؤ ان کی شخصیت کو کیسے متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ ایک بہت ہی پیاری کہانی ہے جو ایک بچی نور کی عینک پر مبنی ہے وہ ایک بہت اچھی طالبہ ہے لیکن جب اس کی بینائی کمزور ہونے لگتی ہے تو اسے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بنیادی طور پریہ فلم عینک سے جڑے ان منفی خیالات کے بارے میں ہے کہ کسی شخص کو چشمہ نہیں پہننا چاہیے ورنہ وہ بوڑھا نظر آئے گا۔
عمر عادل کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ثروت گیلانی اور عمیر رانا سمیت چائلڈ آرٹسٹ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس فلم کا پریمیئر جلد کانز میں ہوگا۔

ارجنٹائن : فٹبال سٹار میسی کو دھمکیاں ، اہل خانہ پر فائرنگ

بیونس آئرس : (ویب ڈیسک) ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبال سپر سٹار لیونل میسی کو نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں ملی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ کے خاندان کی ایک دکان پر فائرنگ بھی کی گئی ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ارجنٹائن کی پریس رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایک مسلح گینگ نے ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کے کپتان لیونل میسی کی اہلیہ انتونیلا کے خاندان کی ایک دکان پر فائرنگ کی ہے اور سٹار فٹبالر کے لیے دھمکی آمیز پیغام چھوڑا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اخبار نے رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا کہ یہ واقعہ جمعرات کی صبح میسی کے آبائی شہر روزاریو میں پیش آیا جہاں صبح تین بجے کے قریب فائرنگ کی گئی ، اس کے ساتھ کوئلے کے تھیلے کے ٹکڑے پر ایک دھمکی آمیز پیغام لکھا ہوا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے کوئی زخمی نہیں ہوا اور اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور میسی کے پیچھے کیوں آئے تھے۔
پیغام میں لکھا گیا ہے کہ ’’ میسی، ہم آپ کا انتظار کر رہے ہیں، جافکن ایک منشیات فروش ہے، اور وہ آپ کی اچھی دیکھ بھال نہیں کرے گا۔‘‘ ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دکان پر کم از کم 14 گولیاں چلائی گئیں اور حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے تھے ۔
رپورٹس کے مطابق یہ دکان میسی کی اہلیہ انتونیلا کے خاندان کی ملکیت ہے ، میسی نے 2017 میں انتونیلا سے شادی کی اور ان کے 3 بچے ہیں۔ لیونل میسی نے اب تک اس واقعہ پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے اور اس وقت وہ پیری سینٹ جرمین کی طرف سے فٹبال کھیل رہے ہیں۔

شرح سود میں اضافہ: فیصل آباد ٹیکسٹائل سیکٹر میں بحران سنگین ہونے کا خدشہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ڈالر کی اُڑان اور شرح سود میں اضافے سے فیصل آباد ٹیکسٹائل سیکٹرمیں پہلے سے موجود بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، صنعتی تنظیموں نے احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
فیصل آباد ٹیکسٹائل سیکٹر نے ڈالر کی بے لگام قیمت اور شرح سود میں اضافے کو انڈسٹری کے لیے انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے فیکٹریوں اور کارخانوں کی مکمل بندش کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔
برآمد کنند گان کا کہنا ہے کہ مخدوش صورتحال میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں جاری ڈاؤن سائزنگ مزید تیز ہو سکتی ہے۔
فیصل آباد ٹیکسٹائل سیکٹر کی حکومت سے اپیل ہے کہ اس انڈسٹری کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

دنیا کی بااثر خواتین کی فہرست جاری ، پاکستان کی عائشہ صدیقہ بھی شامل

نیویارک : (ویب ڈیسک) نامور امریکی جریدے نے دنیا کی 12 بااثر خواتین کی فہرست جاری کر دی جس میں پاکستانی ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ کا نام بھی شامل ہے ۔
ٹائم میگزین کی سال 2023 کیلئے سیاست، انسانی حقوق اور آرٹس سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کردار اداکرنیوالی بااثر خواتین کی فہرست میں میکسیکو، برازیل، ایران، یوکرین اور پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی 12 خواتین کو ” وومن آف دی ایئر ” کا خطاب دیا گیا ہے۔
اس فہرست میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی سماجی و ماحولیاتی کارکن عائشہ صدیقہ کلائمیٹ چینج پر ایک مضبوط آواز سمجھی جاتی ہیں ، عائشہ شاعری کے ذریعے اپنے احساسات کی ترجمانی بھی کرتی ہیں ۔
24 سالہ عائشہ صدیقہ نے بطور کارکن 16 سال کی عمر سے ماحولیاتی بقا کے مسئلے کو اجاگر کرنا شروع کیا، 2020 میں انہوں نے بطور شریک بانی ’Polluters Out‘ کے نام سے بین الاقوامی یوتھ کولیشن کی بنیاد بھی رکھی اور’فاسل فری یونیورسٹی‘ کے عنوان سے ٹریننگ کورس کا آغاز کیا۔
عائشہ نے پاکستان میں گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں آنیوالے سیلاب پر بھی مشاہدہ کیا، عائشہ صدیقہ نے گزشتہ سال مصر کے شہر شرم الشیخ میں اقوام متحدہ کی تحت ہونے والی کلائمیٹ کانفرنس سے بھی خطاب کیا تھا۔

امریکا سے جرمنی جانیوالے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ ، 7 افراد زخمی

برلن : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس سے جرمنی کیلئے پرواز بھرنے والے جرمن ائیرلائن کمپنی کے طیارے میں اچانک پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے باعث 7 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق لفتھانسا کے ائیر بس A330 کو 37 ہزار فٹ کی بلندی پر اچانک ائیر ٹربیولنس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہوا جس کے باعث طیارے میں سوار 7 مسافر زخمی ہوگئے۔
جرمن ائیر لائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کے اڑان بھرنے کے 90 منٹ بعداسے ائیر ٹربیولنس کا سامنا ہوا جس کے باعث جہاز کو ہنگامی بنیادوں پر بحفاظت لینڈ کروا لیا گیا تھا، مسافروں اور عملے کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، واقعے میں مسافروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم زخمی مسافروں کو طبی امداد دے دی گئی ہے۔
ٹربیولنس دراصل ہوا کے غیر مستحکم بہاؤ کو کہا جاتا ہے جس کی پیش گوئی مشکل ہوتی ہے، کئی لوگ اسے طوفان سے بھی تشبیہ دیتے ہیں تاہم سب سے خطرناک ’کلیئر ائیر ٹربیولنس‘ ہوتی ہے جس کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل ہوتا ہے اور فضا میں بھی اس کے آثار کا مشاہدہ بھی نہیں کیا جا سکتاہے ۔

عراقی حکومت نے کرکوک میں ترکمانی زبان کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا

بغداد : (ویب ڈیسک) عراقی حکومت نے ملک کے شمالی صوبے کرکوک میں ’’ ترکمانی‘‘ زبان کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کے وزیر اعظم شیعہ السوڈانی نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ترکمانی زبان کرکوک میں عربی اور کرد کے ساتھ ساتھ سرکاری خط و کتابت کے لیے استعمال ہونے والی زبانوں کا حصہ رہے۔
خیال رہے کہ عراقی شمالی صوبہ کرکوک عثمانی دور سے تعلق رکھنے والی ترکمان نسل کی بڑی آبادی والا خطہ ہے اور وہاں کے باشندے ترکمانی زبان بولتے ہیں۔
یاد رہے کہ ترکماانی ایک ترک زبان ہے جسے ترکمانستان کے تقریباً ساڑھے تین ملین افراد بولتے ہیں، اس کے علاوہ شمال مشرقی ایران میں دو ملین افراد اور شمال مغربی افغانستان میں ڈیڑھ ملین افراد کی زبان بھی ترکمن ہے۔
عراقی حکومت کے فیصلے پر کرکوک کی ترکمان برادری کی طرف سے سخت ردعمل سامنے آیا تھا اور ترکمان رہنماؤں نے اسے غیر آئینی اور ناقابل قبول قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔
ترکیہ نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ترکمانوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا جو عراق کے جزو اور بنیادی اجزاء میں سے ایک ہیں۔
ترک وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ پابندی عراقی آئین کی شقوں سے بھی واضح طور پر متصادم ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل چار میں کہا گیا ہے کہ ترکمن ان انتظامی اکائیوں میں سرکاری زبان ہو گی جن میں ترکمان آبادی مرکوز ہے۔
وزارت نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات ترکمان برادری کے حقوق اور حساسیت کو نظر انداز کرتے ہیں اور کرکوک میں پرامن بقائے باہمی کے کلچر کو قائم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ عراق کی کل ترکمان آبادی کے بارے میں کوئی سرکاری اعداد و شمار نہیں ہیں لیکن ترکمان حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی 40 ملین سے زیادہ آبادی کا تقریباً سات فیصد ہیں۔

عوام مہنگائی کا انتقام عمران خان کو ووٹ دے کر لیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آنیوالے الیکشن میں لوگ حکمرانوں سے مہنگائی کا انتقام لیں گے اور عمران خان کو ووٹ ڈالیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا کیا کارکردگی دکھائی، الیکشن کمیشن نے ابھی تک پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ فیصلے کی حکم عدولی کرے گا وہ کٹہرے میں کھڑا ہوگا، الیکشن ہو کر رہیں گے ، کوئی طاقت ان الیکشن کو نہیں روک سکتی۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں، مہنگائی کے طوفان کا انتقام عوام ووٹ سے لیں گے اور عمران خان کی حمایت کریں گے۔
اس موقع پر رہنما تحریک انصاف اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اوورسیز ووٹرز اس بات پر سخت ناراض ہیں کہ ووٹ کا حق ان سے کیوں چھینا گیا ہے، پی ٹی آئی کی جنگ یہی ہے ہم لوگوں کو حقوق دلوائیں، ہم چاہتے ہیں اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا جائے۔

وزیراعظم کا بھارہ کہو بائی پاس فلائی اوور کی تعمیر کے دوران حادثے کا نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارہ کہو بائی پاس فلائی اوور کی تعمیر کے دوران حادثے کا سخت نوٹس لے لیا۔
وزیرِ اعظم نے حادثے کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی حادثے کے ہر پہلو کا جائزہ لے گی، کمیٹی کو ہنگامی بنیادوں پر انکوائری رپورٹ مرتب کر کے وزیرِ اعظم کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میاں شہباز شریف نے کہا کہ بھارہ کہو منصوبے میں کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں، واقعے کے ذمہ داران کا تعین کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں بھارہ کہو بائی پاس پر زیر تعمیر پل کے گریڈرز گر گئے تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مارچ کو اس کا افتتاح کرنا ہے۔

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے یوٹیلیٹی سٹورز سے بھی خریداری ناممکن، متعدد اشیاء مہنگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈز نے اپنے اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر دودھ، چائے، کریم اور جوسز کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت ایک لٹر دودھ یکمشت 30 روپے تک مہنگا ہو کر پیک 217 سے بڑھ کر 237 روپے تک ہوگیا، 900 گرام چائے 250 روپے تک مہنگی ہوئی جس کے بعد 900 گرام چائے کا پیک 1490 روپے سے بڑھ کر 1740 روپے پر آ گیا۔
200 گرام کریم کی قیمت میں 20 روپے اضافہ دیکھا گیا ہے، ایک ہزار ایم ایل جوس کی قیمت بھی 10 روپے بڑھی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔